Search

پل صراط پر سواری آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اے مسلمانو! قربانی کے جانوروں کو کھلا پلا کر خوب موٹا کیا کرو کیونکہ یہی جانور قیامت کے دن پل صراط پر سواری کا کام دینگے۔ عیدالاضحیٰ کے دن اللہ کے نزدیک خون کے قطرے زمین پر گرانے سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں۔ قربانی کے خون کا پہلا قطرہ جو زمین پر گرتا ہے وہ قربانی کرنیوالے کے تمام گناہوںکا کفارہ ہوتا ہے۔ رحمتوں کی بارش حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جس نے عید کے دن غسل کیا گویا اس نے دریائے رحمت میں غوطے لگائے اور گناہ سے اس طرح پاک ہوا گویا ابھی پیدا ہوا ہے۔ اللہ کے ہاں مقبول حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ یوم النحر (ذی الحجہ کی دسویں تاریخ) کا کوئی عمل اللہ کے نزدیک قربانی کا خون بہانے سے زیادہ محبوب نہیں ہے اور بیشک یہ (قربانی کا جانور) اپنے سینگوں اور اپنے کھروں اور اپنے بالوں کے ساتھ آئے گا اور بیشک یہ خون اللہ کے نزدیک زمین پر گرنے سے مقبولیت کا درجہ پالیتا ہے لہٰذا خوش دلی کے ساتھ قربانی کیا کرو۔ (ترمذی‘ ابن ماجہ) 24 ہزار برس کی عبادت کا ثواب حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس شخص نے یوم ترویہ کا روزہ رکھا اس نے گویا بارہ ہزار برس اللہ کی عبادت کی اور جس نے عرفہ کے دن روزہ رکھا اس نے گویا چوبیس ہزار برس عبادت کی اور جو عیدالاضحیٰ کے دن نماز عید تک روزہ دار رہا اس نے گویا ساٹھ ہزار برس عبادت کی اور اس کو اللہ تعالیٰ ہزار شہیدوں کا ثواب اور ہزار حاجیوںکا ثواب عطا فرمائے گا۔ اللہ کی رحمت اور شیطان کا غصہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بارہا یوم عرفہ میں ایسا تبسم فرمایا کہ دندان مبارک ظاہر ہوگئے میں نے اس کا سبب پوچھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا آج اللہ نے اپنے بندوں پر اس قدر رحمت اور مغفرت نازل فرمائی جس کے رشک سے شیطان آہ زاری کرتا ہے اور اپنے سر پر خاک ڈالتا ہے یہی دیکھ کر مجھے ہنسی آئی۔ بحوالہ: حرمین میں نیکیوں کے پہاڑ