تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!جب سے عبقری سے جڑی ہوں اورتسبیح خانہ سے نسبت ہوئی ہے اللہ تعالیٰ نے زندگی کو سہل کر دیا ہے‘بہت سے مسائل حل ہوئے اور بیماریوں سے نجات ملی‘زندگی کے دکھ درد دور ہورہے ہیں۔ اپنےچند تجربات قارئین کی خدمت میں پیش کر رہی ہوں۔
دانتوں سے خون آنا بند
 ایک بار روحانی محفل میں آپ نے کھجور کی گٹھلی کے فوائد بیان فرمائے کہ اسے جلا کر راکھ بنا لیں اور بطور منجن دانتوں پر ملیں۔اس کے علاوہ اگر جسم کے کسی حصہ سے خون بہہ رہا ہو اور رکنے کا نام نہ لے رہا ہو تو کھجور کی گٹھلی کا پائوڈر ایک چٹکی پانی کے ساتھ استعمال کرنے سے یہ مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔ میں نے اسے استعمال کیا ‘ دوسروں کو بھی بتایا اور واقعی ان تمام مسائل میں مجرب پایا۔
غیبی رزق پانے کا عمل
رزق میں برکت پانے اور دولت میں اضافہ کے لئے آمدن میں سے اڑھائی فیصد نکال کر سفید پوش لوگوں کو صدقہ کرنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔رزق میں بے بہا برکت و وسعت ملتی ہے۔اس کے علاوہ اگر سورئہ قریش کو بکثرت پڑھا جائے تو اس عمل سے بھی رزق میں برکت ملتی ہے۔
حفاظت کا انوکھا حصار
میرا بیٹا چلتے چلتے گر جاتا اور اسے اکثر چوٹ لگ جاتی تھی۔میں نے اس کی پیشانی پر انگلی کے اشارے سے کہف لکھنا شروع کر دیا۔اللہ کا شکر ہے اب وہ گرتا بھی نہیں ہے‘ ضد بھی نہیں کرتا اور بلاوجہ تنگ کرنا بھی ختم کردیا ہے۔
ذاتی کاروبار اور ہر مراد ملی
زندگی میں بہت زیادہ پریشانیاں اور محرومیاں تھیں۔تسبیح خانہ کی نسبت اور یہاں رمضان کا مہینہ گزارنے‘روحانی اعمال کرنے کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے زندگی سنوار دی۔ دعا مانگنے کا سلیقہ آیا۔بھائی کو اچھی نوکری کی خواہش تھی مگر توقعات سے بڑھ کر بہترین اور بڑا ذاتی کاروبار ملا۔والدہ کے جسم میں رسولیاں تھیں‘اللہ کا شکر ہے اس جان لیوا مرض کا خاتمہ ہوا۔تسبیح خانہ کی برکت سے ہی میری شادی ہوئی اور بہترین شوہر نصیب ہوا۔پرانی علتوں سے نجات ملی اور اللہ تعالیٰ نے عزت کے تاج پہنا دیے۔میرا ایک بیٹا ہے جو اکثر بیمار رہتا اور اس کے چہرے پر بال تھے مگر تسبیح خانہ میں رمضان گزارنے کی برکت سے وہ ٹھیک ہو گیا‘ چہرہ بھی صاف اور شفاف ہو گیا‘رات بھر رونا بھی ختم ہو گیا۔
کمر درد کا مسئلہ حل
میرے شوہر کی کمر میں اکثر تکلیف رہتی تھی اور جب میرا بیٹا پیدا ہوا تو اس کے بعد مجھے بھی ٹانگوں اور کمر میں شدید تکلیف کا سامنا تھا۔گزشتہ سال سوا ارب دورد پاک چلہ میں آپ نے بے اولادی‘ پوشیدہ امراض اور مختلف مسائل کے لئے مجمع میں جو دوا مفت تقسیم کی اس کے استعمال سے زندگی میں بہاریں لوٹ آئیں‘صرف دو مرتبہ یہ دوا استعمال کرنے سےشوہر کا اور میرا ٹانگوں‘کمر درد کا مسئلہ بھی حل ہو گیا۔
نوٹ:قارئین!اِسی ماہ 21 تا 24 نومبر ہجویری محل سوا ارب درود پاک چلہ میں یہ دوا بالکل مفت تقسیم کی جائے گی‘ بے شمار بےاولاد جوڑوں کو اس دوا سے اولاد ملی‘ پوشیدہ اور پیچیدہ امراض سے نجات ملی ‘آپ بھی محروم نہ رہیں۔