محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم تمام گھر والے عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں۔میری اس سے پہلے بھی تحریریں عبقری کے صفحات کی زینت بن چکی ہیں جس کیلئے میں ایڈیٹر عبقری کی بے حد مشکور ہوں۔ میرے پاس کچھ مستند روحانی نسخے ہیں جو میں قارئین عبقری کی نذر کررہی ہوں۔ امتحان میں کامیابی کیلئے: ہر نماز کے بعد اس عمل کو کرنے سے اللہ تعالیٰ مہربانی فرمائیں گے اور امتحان میں کامیابی یقینی ہوگی‘ مگر یاد رہے صرف اس وظیفے پر انحصار کرکے پڑھائی ترک کرنے سے وظیفہ بے اثر ہوگا۔ امتحانات کی تیاری مکمل کریں اور ساتھ ساتھ اس وظیفے کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے کامیابی کی درخواست کریں‘ عمل کرنے کا طریقہ یہ ہے ہر فرض نماز کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر سات مرتبہ یَاعَلِیْمُ یَاحَفِیْظُ یَاقَوِیُّ پڑھیں۔ اس کے بعد تین مرتبہ رَبِّ زِدْنِیْ عِلْماً پڑھیں پھر تین مرتبہ سُبْحٰنَکَ لَا عِلْمَ لَنَا اِلَّا مَا عَلَّمْتَنَا اِنَّکَ اَنْتَ الْعَلِیْمُ الْحَکِیْمُ﴿بقرہ۳۲﴾ اور سورۂ طٰہٰ کی آیت25 تا 28 رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ o وَ یَسِّرْ لِیْ اَمْرِیْ o وَاحْلُلْ عُقْدَۃً مِّنْ لِّسَانِیْ o یَفْقَہُوْا قَوْلِیْ پڑھیں۔ طلبہ اگر اس عمل کو معمول بنالیں تو اللہ رب العزت کےفضل سے کسی بھی امتحان میں ناکامی کا منہ نہیں دیکھنا پڑے گا۔ ان شاء اللہ۔
میاں بیوی کی محبت کیلئے صرف گیارہ دن کا عمل: میاں بیوی کی مثالی محبت کیلئے گیارہ دن مسلسل اول و آخر درودشریف‘ گیارہ تسبیح وَ اَلْقَیْتُ عَلَیْکَ مَحَبَّۃً مِّنِّیْ وَلِتُصْنَعَ عَلٰی عَیْنِیْ ﴿ۘطٰہٰ۳۹﴾ پڑھیں۔ لڑائی جھگڑا ہو‘ ناچاقی ہو ان شاء اللہ دور ہوگی اور مثالی محبت پیدا ہوگی۔
دوعمل پریشانی اور دشمن سے بچنے کیلئے: عشاء کی نماز کے بعد اول و آخر دس دس مرتبہ درودابراہیمی درمیان میں ایک سو مرتبہ حَسْبِیَ اللہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْلُ دس دن تک روزانہ نماز عشاء کے بعد یہ عمل کرنا ہے۔ عمل نمبر2: روزانہ بِسْمِ اللہِ مکمل پڑھیں اور نَصْرٌ مِّنَ اللہِ وَ فَتْحٌ قَرِیْبٌ ایک سو بار بعد نماز عشاء سونے سے پہلے پڑھ کر اپنے سینے پر دم کریں‘ دشمن اور حاسد کا خیال رکھ کر پڑھیں‘ بزرگ عالم دین سے منقول مستند عمل ہے۔
سبق یاد کرنے سے پہلے: اول و آخر درود شریف تین مرتبہ اَللّٰہُمَّ نَوِّرْ قَلْبِیْ بِعِلْمِکَ وَاسْتَعْمِلْ بَدَنِیْ بِطَاعَتِکَ وَ بَارِکْ وَ سَلِّمْ سات بار ہر نماز کے بعد پڑھیے‘ حافظہ قوی ہوگا اور سبق یاد کرنے سے پہلے پڑھیں تو سبق جلد یاد ہوگا اور ایک بار اَللّٰھُمَّ نَوِّرْ بِکِتَابِکَ بَصَرِیْ وَاشْرَحْ بِہٖ صَدْرِیْ وَاَطْلِقَ بِہٖ لِسَانِیْ بِحَوْلِکَ وَ قُوَّتِکَ فَاِنَّہٗ لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ پڑھیں۔ برائی کے اثرات ختم: اگر کسی کے اندر برائی کے اثرات ہوں تو روزانہ 41 مرتبہ اسم الٰہی یَاقَادِرُ یَانَافِعُ پڑھ کر اس پر دم کریں اور اسے جو بھی کھانے پینے کی چیز دیں اس پر بھی دم کرکے دیں۔ ان شاء اللہ تمام برائیاں رفع ہوجائیں گی اور نیکی طرف راغب ہوگا۔ غرض کسی بھی مقصد کیلئے پڑھیں حاجت پوری ہوگی۔ مجھے یہ عمل ایک عامل نے بتایا تھا۔ اس کے علاوہ میں نے یہ عمل ماہنامہ عبقری میں چھپنے والے علامہ لاہوتی پراسراری کے مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ میں بھی پڑھا تھا جس میں اس وظیفے کے مکمل فضائل علامہ صاحب نے تفصیل کے ساتھ لکھے تھے۔
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری شمارہ بہت شوق اور یقین سے پڑھتا ہوں‘اس میں موجود روحانی و جسمانی ٹوٹکوں سے میرے بہت سے مسائل حل ہوچکے ہیں۔ میں معدہ اور دائمی قبض کا مریض تھا۔جگہ جگہ علاج کروا کروا کر تھک چکا تھا‘ مہنگی سے مہنگی ادویات استعمال کیں مگر فائدہ صرف وقتی ہوتا۔ ماہنامہ عبقری میں درج ذیل دو ٹوٹکے آزمائے تو آج میں مطمئن اور صحت یاب ہوں۔ دائمی قبض کیلئے: ھوالشافی: ایک پاؤ گری بادام‘ ایک تولہ سقمونیا‘ ایک پاؤ گلقند‘ تمام چیزوں کو آپس میں یکجان کرلیں‘ ایک چمچ دودھ کے ساتھ سونےسے پہلے۔ معدہ کے امراض کیلئے: ایک پاؤ چینی پسی ہوئی‘ ایک چھٹانک میٹھا سوڈا‘ ایک تولہ ست پودینہ سفوف بنا کر بند شیشی میں رکھیں۔ کھانے کے بعد ایک چائے کا چمچ پانی کے ہمراہ استعمال کریں۔ معدہ کیلئے بہت ہی اچھا نسخہ ہے۔ (عبدالمنعم‘ سرگودھا)
نظام الملک وزیر شاہ پہلے بہت مفلس تھا‘ باورچی خانہ کے داروغہ کے پاس ملازم ہوا‘ وہ اسے حساب کتاب کیلئے دیوان کے پاس بھیجا کرتا تھا‘ دیوان نے جب اس کی چال ڈھال دیکھی تو اسے اپنا ملازم رکھ لیا‘ چند روز کے بعد اپنا نائب بنالیا‘ اتفاقاً دیوان بیمار ہوگیا بادشاہ کو سفر درپیش ہوا‘ فرمایا: دیوان کا نائب ہمارے ساتھ چلے‘ نظام الملک کے پاس کوئی زاد راہ نہیں تھا‘ نہایت حیران ہوا سفر کے لوازمات میسر نہ تھے‘ ایک مسجد میں جاکر اداس بیٹھ گیا‘ کافی دیر کے بعد ایک نابینا شخص لاٹھی ٹیکتے مسجد میں داخل ہوا اور پکار کر کہا مسجد میں کون ہے؟ یہ چپ رہا نابینا نے کئی مرتبہ آواز دی لیکن اس نے زبان نہ کھولی‘ جب نابینا احتیاط کرچکا اور سمجھا کہ مسجد میں کوئی اور نہیں ہے اس نے مسجد کا دروازہ بند کرلیا‘ محراب کے پاس مصلے کو الٹا کرکے وہاں سے اینٹ سرکا کر زمین سے لوٹا نکالا اس میں ہزار اشرفیاں تھیں انہیں الٹ کر انڈیل کر کچھ دیر ان سے کھیلتا رہا پھر اسی لوٹے میں ڈال کر اسی جگہ رکھ کر اوپر اینٹ رکھ دی اورمصلے سے چھپا دیا اور خود چلا گیا‘ نظام الملک نے وہ تمام زر ومال نکال کر بار برداری کے لیے اونٹ‘ گھوڑا‘ خیمہ اور دیگر سامان خریدا اور سلطان کے ساتھ روانہ ہوگیا۔ ہروقت سلطان کی خدمت میں کمربستہ رہا جب سفر سے واپسی ہوئی تو دیوان کی رحلت ہوچکی تھی اسے مستقل دیوان بنا دیا گیا۔ ترقی کرتے کرتے عہدہ وزارت کو پہنچا ایک روز شہر کے بازار میں چلا جارہا تھا اس نابینا کو بھیک مانگتے دیکھا اسے اپنے ساتھ خلوت میں لے آیا اور پوچھا تیرا مال جو جاتا رہا تھا تو نے پایا کہ نہیں‘ نابینا نے یہ سنتے ہی وزیر کا گریبان پکڑلیا اور بولا ہاں ابھی پایا ہے‘ پوچھا کیونکر وہ بولا اس لیے یہ راز میں نے کسی سے نہیں بیان کیا تھا تو نے جو ذکر کیا تومعلوم ہوا یہ کام تیرا ہی ہے تب وزیر نے وہ زرو مال دلوایا اور اپنی طرف سے ایک گاؤں اس کی ملکیت کردیا اور اس فقیر سے معافی مانگی ۔مراد یہ ہے کہ جب اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کسی کو عزت اور دولت بخشے‘ اس کا سبب بلا مشقت کردیتا ہے۔