سائیں توکل شاہ انبالوی رحمۃ اللہ علیہ کا حسن سلوک
حضرت شاہ صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی سیرت میں بے شمار واقعات ایسے ملتے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ مخلوق خدا پر بڑی شفقت فرماتے تھے اور اس میں ہندو، مسلمان سکھ، عیسائی کی تخصیص نہ تھی۔ اس شفقت کا ایک جز ہدایت بھی تھی جو کوئی ملاقات کے لیے آتا خندہ پیشانی سے ملتے اور آپ کا تکیہ کلام تھا بندے اللہ دے۔ اس کلمے سے دوسرے کو خطاب کرتے۔
پڑوسی ہندو کا خیال:سنت رسول اللہﷺ کی پابندی کا آپ کو ایسا خیال تھا کہ ایک بار ہمسائے میں کوئی ہندو مر گیا۔ آپ نے اس وقت تک کھانا نہ کھایا جب تک اسے باہر جلانے کے واسطے نہ لے گئے فرمایا پڑوسی ہے جب ان پر غم ہے تو ان سے الگ ہو کر کھانا کھانا چاہیے چنانچہ مسجد میں تشریف لے گئے اور وہیں کھانا منگا کر تھوڑا سا تناول فرمایا۔