محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!عبقری رسالہ میں ہر ماہ بہت سے طبی نسخےشائع ہوتے ہیں جس سے بے شمار لوگ استفادہ حاصل کرتے ہیں اور پھر اپنے مشاہدات بھی تحریر کرتے ہیں۔میں نے بہت سے طبی ٹوٹکے استعمال کیے جن سے مختلف بیماریوں میں شفاء پائی ہے۔آج میں اپنا ایک آزمودہ طبی نسخہ عبقری رسالہ کے لئے تحریر کر رہا ہوں۔
میں جب میڈیکل کے تعلیم حاصل کر رہا تھا تو اس وقت ہمارے کیمسٹری کے ایک پروفیسر نے کلاس میں سر درد سے نجات کے لئے ایک نسخہ بتایا تھا۔انہوں نے اس وقت یہ دعویٰ کیا تھا کہ جو شخص بھی یہ نسخہ استعمال کر لے ان شاءاللہ اسے سر درد سے نجات مل جائے گی وہ اس کی سائنسی طور پر تحقیق بھی بتاتے تھے ۔اس نسخے کی ترکیب یہ کہ ایک عدد مولی لیں‘ اسے دھو کر چھلکا اتارلیں۔اب اس مولی کے چھ سے سات ٹکڑے ایک گلاس پانی میں ڈال دیں جیسے سلاد میں کاٹ کر ڈالے جاتے ہیں۔ساری رات اس گلاس کو ایسے ہی پڑا رہنے دیں۔صبح نہار منہ اس پانی کو پی لیں۔ہمارے پروفیسر صاحب بتاتے تھے کہ اس طریقہ سے جب مولی کو پانی میں رکھا جاتا ہے تو قدرتی طور پر ایک خاص قسم کا اسپرین پیدا ہوتا ہے جوسر درد کی تکلیف ختم کرنے میں نہایت مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
میں نے اس نسخہ کو آزمایا واقعی سر درد سے نجات کے لئے بہت ہی زبردست چیز ہے۔اگر کوئی شخص سردرد کے مرض میںمبتلا ہو تو چند دن اس قدرتی طور پر تیار شدہ اسپرین کو استعمال کر لیں‘ ان شاءاللہ ادویات سے نجات مل جائے گی۔