تندرستی اللہ کی عطا کردہ ایک نعمت ہے بچے ہوں یا بڑے زندگی کے میدان میں کامیابی انہی کو ملتی ہے جو صحت مند ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس وہ بچے اکثر اعتماد کی کمی کا شکار نظر آتے ہیں جو کسی جسمانی کمزوری میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اکثر بچے بہت دُبلے ہوتے ہیں اور اپنے ہم عمر بچوں کے ساتھ مذاق کا نشانہ بھی بنتے ہیں۔ ایسا طرز عمل انہیں احساس کمتری میں مبتلا کر دیتا ہے۔ بعض بچے ان رویوں کا بچپن سے شکار رہتے ہیں۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے ’’والدین کو بچے کی صحت اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے‘‘ ضرورت اس امر کی ہے بچوں کی پرورش میں لاپرواہی نہ برتی جائے ماں کا بچے کی زندگی میں بہت اہم کردار ہوتا ہے۔ مائوں کو چاہئے کہ نوعمری سے ہی بچے کی غذا اور صحت پر مکمل توجہ دیں۔ بچہ ایک سال کا ہو یا دس برس کا ڈاکٹر سے طبی معائنہ کرواتے رہنا چاہئے بچے کے وزن اور قد کے متعلق ڈاکٹر سے مشورہ کرنا اور بچے کے غذائی چارٹ کو مرتب کروانا بہت اہمیت رکھتا ہے۔اکثر بچے کھانے پینے میں مائوں کو ستاتے ہیں۔ روٹی چاول کے ساتھ ایسے غذائی اجزاء بھی کمزور دبلے بچوں کی غذا کا حصہ بنانا چاہئے جو ان کی صحت کو بہتر اور تندرست رکھیں۔ یہاں چند غذائی افادیت بیان کی جارہی ہے جو نہ صرف دبلے بچے استعمال کرسکتے ہیں بلکہ بڑے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔ ان کو استعمال کرنے کے منفی اثرات بالکل بھی نہیں۔ جسم کو تندرست رکھنے کے لیے ان غذائوں کے استعمال کے ساتھ روزانہ ورزش کرنا بے حد ضروری ہے۔ یہ آپ کے جسم کو توانا اور چاک و چوبند رکھتی ہے۔ افسوس بچوں کو ورزش کروانے کا اہتمام نہیں کیا جاتا۔ صبح سکول جانے والے بچوں کے لیے ضروری ہے شام کو آدھا گھنٹہ ضرور ورزش کریں یہ جسمانی ورزش رگوں میں موجود خون کی روانی کو ان نسوں تک بھی لےجاتی ہے جہاں خون کی روانی نہیں ہو پاتی۔
کیلا:یہ ایک سستا اور پورے سال دستیاب رہنے والا پھل ہے۔ بچے شوق سے کھاتے ہیں۔ قد اور وزن بڑھانے کے لیے بچوں کو روزانہ کیلا کھلائیے بہتر نتائج کے لیے ایک ماہ پابندی کے ساتھ کیلا استعمال کریں۔ آپ اس کو شیک کے طور پربھی استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ زیادہ مفید ہے، کسٹرڈ، ٹرائفل وغیرہ میں کیلا شامل کرکے بچے کو دیں۔کھجور:جسم کو توانا کرنے میں کھجور بہترین غذا ہے جو بازار میں آسانی سے مل جاتی ہے۔ دو کھجوریں نہار منہ کھانی چاہیے۔ کمزور بچوں کو اس کا شیک دودھ میں بناکر پلانا چاہئے۔ چاہے تو چند بادام شامل کرکے اس کے غذائی اجزاء میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ کھجور کا شیک بناتے وقت چینی کا استعمال نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔ اس میں شکر کی مقدار قدرتی طور پر موجود ہوتی ہے اس کے بجائے ایک چمچ شہد ڈال دینا مفید ہے۔
منقیٰ:منقیٰ کمزو رجسم کو قوی کرتا ہے۔ چند ہی دنوں میں منقیٰ کا استعمال بہتر نتائج کی صورت میں نظر آنے لگتا ہے۔ اگر بچے کو اسے نہار منہ بیج نکال کر کھلایا جائے اور اوپر سے دودھ کا ایک گلاس پلادیا جائے تو کمزور بچے کی صحت اچھی ہونے لگتی ہے۔
پستہ:پستہ کھانے سے بھی جسم فربہ ہو جاتا ہے۔ اس کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہئے چند دانے کھا لینا کافی ہے۔ مختلف میٹھے کے پکوان میں شامل کرکے بچوں کو کھلایا جاسکتا ہے جیسے کھیر، فالودہ وغیرہ اگر بچہ کھانے میں تنگ کرے اور منہ سے باہر نکال دے تو اسے پائوڈر کی شکل میں شامل کرکے بچوں کوکھلایا جائے تو مفید ہے۔ پستہ کھانے سے دل و دماغ کو طاقت ملتی ہے اور سردیوں میں کھانسی میں بھی مفید ہے