محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو اور آپ کی نسلوں کو اور عبقری کی پوری ٹیم کو سدا اپنی پناہ میں رکھے۔اللہ کریم آپ کے اس مشن کو آپ کے لیے آپ کی نسلوں کے لیے اور پوری امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت اور عافیت کا ذریعہ بنائے ۔ آمین! میں نے آج عبقری کے لیے قلم اٹھایا سمجھ میں نہیں آرہا کہ کیا لکھوں‘ حضرت آنسوئوں کی گرتی ہوئی لڑی کے ساتھ لکھتی ہوں میں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ میں عبقری سے وابستہ ہو جائوں گی اور میری زندگی اس طرح بدلے گی۔ میرے شوہر پر کالے جادو کے برے اثرات تھے اس سلسلے میں عبقری دواخانے پہنچی‘ آپ سے ملاقات کا وقت بھی مل گیا وظیفہ بھی مل گیا۔ آپ سے ملاقات کے لیے اڑھائی ماہ ہوئے تھے کہ میرےشوہر اچانک سے فوت ہوگئے۔ لوگوں نے لاکھ کہاں کہ اب وہاں نہ جائو۔ شفاء تو ملی ہی نہیں لیکن شفاء تو میرا اللہ ہی دیتا ہے۔ باقی جو میرے بچے اور میں بہت پریشان تھے۔ گندے اثرات کی وجہ سے میں مسلسل تسبیح خانہ آتی رہی اور وظیفہ سارے گھر والوں نے خوب پڑھا اللہ کریم نے گندے اثرات سے نجات دے دی۔ آپ سے بیعت کا تعلق ملا میں اور میرے بیٹے دونوں آپ سے بیعت ہیں۔ الحمدللہ!
حضرت جی! میں نے وظائف پڑھتے ہی اپنے اللہ کریم کو اپنے قریب پایا، روحانی سکون ملا، پردہ کرنے کی توفیق ملی، تہجد ملی، اپنے اللہ کریم اپنے دکھ درد سنانے میں مزہ آیا لوگوں کی فضول محفلوں سے دل اُکتا گیا۔ بس ہر پل وظیفہ پڑھنے اور درود پاک پڑھنے کا دھیان ملا۔ زندگی کے مقصد سمجھا کہ انسان کس لیے دنیا میں آیا اللہ کریم کے ذکر کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے نور اللہ کی پکار سے بڑے بڑے بزرگان کی زبان نکلتے ہوئے اللہ کو سنا۔ سورئہ کوثر کی برکتیں اُترتی دیکھیں۔ اللہ پاک کا کامل یقین ملا جو کبھی بچپن سے سوچتی تھی وہ کامل مرشد ملا وظیفہ ملا۔ اپنے دکھوں کو جب بھی اپنے کریم اللہ کو سنایا مارے غم کے پھٹتا ہوا دل ایسے لگا جیسے کوئی ہاتھ رکھ کر حوصلہ دے رہا ہے۔ اگر کسی دکھیارے کو عبقری کا وظیفہ بتایا تو اس کا کام بنتے دیکھا۔ اب توعورتیں کہتی ہیں آپ جو وظیفہ بتاتی ہیں بہت فائدہ ہوتا ہے تو میںکہتی ہوں میرا کمال نہیں میرے مرشد کا کمال ہے۔ ان کی اجازت سے فائدہ مل رہا ہے۔ حضرت جی آپ ہر درس کے اندر جو وظیفہ بتاتے ہیں اجازت سے بتاتے ہیں تو میں بھی وظیفہ کرتی ہوں اور لوگوں کو بتا دیتی ہوں کہ ہم نے اتنے وظیفے کیے ہمارا کام نہ بنا آپ نے کیسا وظیفہ بتایا ہمارا حیرت انگیز طور پر کام ہوا اور بہت اچھا ہوا ہماری سوچ سے بڑھ کر ہوا۔
حضرت جی ایک عزیزہ کی بیٹی کی شادی کا مسئلہ تھا بہت پریشان تھے میں نے انہیں صوامت حروف(احدر ،سصطع، کلموہ)والا وظیفہ بتادیا انہوں نے کھلا پڑھا۔ تقریباً دو ماہ میں ان کو ایسا حیران کن رزلٹ ملا کہتے ہیں‘ یہ ہمارے ساتھ کیا کریمی کا معاملہ ہوا میں نے کہا جس کا نام لیا ہے اسے ترس آگیا ہے۔ رزق کی تنگی کی شکایت کرنے پر میں نے انہیں سورئہ کوثر 124 بار صبح و شام، سورئہ قریش گھر کی ساری کھانے پینے والی چیزوں پر پڑھنے کا بتادیا۔ اللہ پاک نے رزق بے بہا کردیا۔ دم والے تیل کے فوائد:میں نے دم والا تیل ناف، بھوئوں ، ناک ، کان کے اندر مسلسل لگایا الحمدللہ اللہ کی سہرت سے تہجد کی توفیق مل گئی ذکر و اذکار کی سعادت ملی۔موشن روکنے کے لیے:انار دانہ، پودینہ، سونف ہموزن لے کر ابال لیں چینی یا شکر ملا کر نوش فرمائیں سردی میں گرم اور گرمی میں ٹھنڈا۔ حضرت جی میری بہن کے بچے بیمار ہوگئے کافی ڈرپیں دوائیاں لیں لیکن آرام نہ آیا ایک ہمسائی نے بتایا انہوں نے کیا تو حیرت انگیز طور پر شفاء ملی۔