Search

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں۔ میرے پاس کچھ ٹوٹکے ہیں جو میں مخلوق خدا کے فائدے کیلئے قارئین عبقری کو ہدیہ کررہا ہوں۔ سردیوں کی آمد آمد ہے اور اس موسم میں ہونٹ اکثر پھٹ جاتے ہیں اور خون بہنے لگتا ہے۔ ایسی کیفیت میں ہلدی کے بیج‘ لیموں کے رس میں ملالیں‘ پھر دودھ میں حل کرکے ہونٹوں پر لگائیں۔ دن میں دو یا تین مرتبہ ایسا کرنے سے افاقہ ہوگا۔یہ ہمارا آزمودہ ٹوٹکہ ہے۔
کھٹمل دور کرنے کا طریقہ: گندھک جلا کر اس کی دھونی دینے سے کھٹمل چارپائیوں سے نکل کر بھاگ جاتے ہیں۔ سفیدی میں گندھک اور نیلا تھوتھا ملا کر پھر مکان میں سفیدی کرائیں ہر قسم کے کیڑے مکوڑوں اور کھٹملوں سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی۔ پان یا کتھے کا داغ دور کرنا: پان یاکتھے کا داغ دور کرنے کیلئے متاثرہ جگہ کو دودھ سے اچھی طرح دھولیں۔ داغ دور ہوجائیں گے۔
سلاد باسی ہوجائے تو اس کو تازہ کرنے کیلئے: سلاد باسی ہوجائے تو اس کو پھینکنے کی ضرورت نہیں بلکہ ایک پیالہ میں ٹھنڈا پانی لے کر اس میں چائے کا ایک چمچ لیموں کا رس ڈال دیں اور آدھ گھنٹے تک اس میں ڈبو کر رکھیں پھر پانی پھینک دیں بہترین تازہ سلاد آپ کے سامنے ہے کھانے کے ساتھ استعمال کریں۔ (عبداللہ‘ واہ کینٹ)