تلاش

بدنظری کے اثرات 
مشہورہے کہ ابو عمرو رحمۃ اللہ علیہ قرآن کی تعلیم دیا کرتے تھے کہ ایک نو عمر حسین لڑکا تعلیم کے لئے پہنچا اور آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اس کو بری نیت سے دیکھا جس کے نتیجے میں قرآن بھول گئے اور گھبرائے ہوئے حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوکر پورا واقعہ من و عن بیان کردیا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ نے حکم دیا کہ ایام حج قریب ہیں، پہلے حج ادا کرکے مسجد حنیف میں پہنچ جائو، وہاں تمہیں محراب مسجد میں ایک صاحب مصروف عبادت ملیں گے۔ جب وہ عبادت سے فراغت پالیں تو ان سے دعا کی درخواست کرنا۔ ابو عمرو رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جب میں مسجد میں پہنچا تو وہاں ایک کثیر مجمع تھا اور کچھ دیر بعد ایک بزرگ تشریف لائے تو سب تعظیماً کھڑے ہوگئے اور جب سب لوگوں کے جانے کے بعد وہ بزرگ تنہا رہ گئے تو میں نے اپنا پورا واقعہ بیان کیا۔ چنانچہ ان بزرگ کے تصرف سے مجھ کو دوبارہ قرآن یاد ہوگیا اور جب فرط مسرت سے میں قدم بوس ہوا تو انہوں نے دریافت فرمایا کہ میرا پتہ تمہیں کس نے دیا؟ میں نے حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کا نام لے دیا۔ یہ سن کر انہوںنے فرمایا کہ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ نے مجھے رسوا کردیا۔ میں بھی ان کا راز فاش کرکے رہوں گا۔ فرمایا جو صاحب ظہر کی نماز کے وقت یہاں تھے وہ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ تھے جو اسی طرح روزانہ یہاں آتے ہیں اورہم سب باتیں کرکے عصر کے وقت تک بصرہ پہنچ جاتے ہیں اور حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ جس کے راہنما ہوں اس کو کسی غیر کی حاجت نہیں۔ 
خرقے کی عظمت
سلطان محمود غزنوی نے جب سومنات پر حملہ کیا تو مسلسل شکست سے دو چار ہونا پڑا اور سلطان نے سترہ مرتبہ شکست کھائی۔ اٹھارویں مرتبہ جب سلطان محمود غزنوی نے سومنات پر حملہ کیا تو ہندو راجے مہا راجے بھاری فوجیں لے کر جمع ہو گئے، گھمان کی جنگ ہوئی، کفار کا لشکر بے شمار تھا اور کسی طرح مغلوب نہ ہوتا تھا۔ اس حالت میں سلطان گھوڑے سے اترا اور وہ پیراہن جو حضرت ابو الحسن ؒ سے تبرکاً ساتھ لایا تھا آگے رکھا اور سر بسجود ہو کر یہ دعا کی ــ’’ الہٰی ہم ناتواں مسافر ہیں اس خرقہ درویش کا صدقہ ہمیں فتح عطا فرما‘‘ دعا مستجاب ہوئی اور لشکر کفار بھاگ گیا اور سلطان محمود غزنوی فتح یاب ہوا۔ محمود غزنوی نے رات خواب میں حضرت ابو الحسنؒ کا شرفِ  دیدار کیا جو فرما رہے تھے ـ’’ اے محمود ذرا سے کام کے لئے میرا پیراہن پیش کر دیا۔ اے نادان! اگر تو یہ کہتا کہ الہٰی اس خرقہ کی برکت سے یہ سب کافروں کو مسلمان کر دے تو اللہ ان سب کو مسلمان بنا دیتا۔