محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میں ماہنامہ عبقری کی گزشتہ آٹھ سال سے قاریہ ہوں۔عبقری کے وظائف سے مجھے دینی اور دنیاوی لحاظ سے بہت فوائد ملے ہیں۔میرے پاس تعریف کے ایسے الفاظ نہیں جو بیان کر سکوں۔اللہ تعالیٰ آپ کو آپ کی نسلوں کو برکت والی لمبی زندگی عطا کریں اور سدا سلامت اور شاد و آباد رکھیں۔آمین۔
میں پیشے کے لحاظ سے ایک لیڈی ہیلتھ ورکر ہوں اور میری بظاہر ایک معمولی سے ملازمت تھی لیکن وظائف سے لفظ برکت جو آپ بتاتے ہیں اللہ تعالیٰ نے مجھے وہ عطا کی جس سے میرے رزق میں بہت اضافہ ہوا۔میں لوگوں کو بھی ان کے نفع کے لئے وظائف بتاتی ہوں جس کی برکت سے اللہ نے مجھے اتنا نوازا اور اتنی عزت دی ہے کہ میں خود حیران ہوتی ہوں۔آپ کے بتائے مسنون اور قرآنی اعمال پر عمل کرنے اور دوسرے کو بتانے کی برکت سے مجھے میرے شعبے میں ترقی ملی جس کی بدولت میری سکیل 9 میں ترقی ہو گئی‘ تنخواہ بڑھ گئی اور اس کے علاوہ حیران کن طور پر ملازمت بھی پکی یعنی مستقل کٹیگری میں گئی۔
میرا سارا گھرانہ جادو اور بندش میں مبتلا تھا۔علامہ لاہوتی صاحب کا جو کالم عبقری میں چھپتا ہے اسے بہت شوق سے پڑھتی ہوں‘ ان کے عطا کئے وظائف سے بہت فائدے ہوئے ہیں۔لوگ مجھ سے اپنےمسائل کے حل کے لئے وظائف پوچھتے ہیں اور میں ان کو اس طرح لکھ کر دیتی ہوں جیسے ڈاکٹر کی ادویات کے لئے پرچیاں لکھی جاتی ہیں۔خصوصا یَا رَبِّ مُوْسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم‘ سورۃ کوثر 129 بار اور یا قہار والا عمل پڑھنے کے لئے بتاتی ہوں۔کیونکہ میرے اپنے بھی بہت سے مسائل ان وظائف سے حل ہوئے ہیں۔لوگ مجھ سے وضائف لینے کے لئے انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔بس یہ اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے کہ وہ مجھ سے یہ بھلائی کا کام لے رہا ہے۔یہ سب اللہ کے کرم سے عبقری کی وجہ سے ہی ممکن ہوا اورجو اعمال لوگوں کو بتا رہی ہوں اس کی برکت سے بہت سے اجڑے گھر بس گئے ہیں۔
آج پہلے مرتبہ قلم اٹھانے کا حوصلہ میرے بچوں نے دیا کہ مجھے جوفوائد ملے وہ مخلوق کی بہتری کو مد نظر رکھتے ہوئے عبقری رسالہ میں شائع کرنے کے لئےتحریر کروں۔
ہمارے گھر کے قریب ایک پڑوسی تھے وہ دریا کے قریب چارپائیاں کی کوندر کا کام کرتے تھے۔ ایک دن وہ دریا کے اندر دلدل میں پھنس کر غائب ہو گئے۔محلے میں شور بپا ہوا کہ ہماری پڑوسن کہ کے بھائی اور بہنوئی دونوں دلدل میں ڈوب گئے ہیں۔میں رات کو افسوس کے لئے ان کے گھر گئی لیکن صبح تک لاش نہ مل سکی۔مجھے یَا رَبِّ مُوْسٰی یَا رَبِّ کَلِیْم بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْموالا وظیفہ یاد آیا۔میں ان کے لواحقین کو بتایا کہ سب مل کر اس وظیفہ کا ورد کریں۔وہاں موجود تمام خواتین گھٹلیاں لے کر یہ وظیفہ پڑھنے میں مشغول ہو گئیں۔ابھی پانچ ہزار بار ہی یہ وظیفہ سب نے مل کر پڑھا ہی تھا کہ اطلاع آئی کہ ایک لاش مل گئی ہے۔وہ لاش دوسو فٹ نیچے سے نکالی گئی تھی۔وظیفہ کو جاری رکھا اور کچھ دیر بعد دوشری لاش نکلنے کی بھی اطلاع آگئی۔اتنی گہرائی سے لاش نکالنا اتنا آسان نہیں تھا مگر اللہ کے نام کی برکت سے یہ کام ہو گیا۔میری ایک لیڈی ہیلتھ ورکر پچھلے آٹھ سال سے میکہ میں بیٹھی تھی۔میں کسی اور کو وظائف بتا رہی تھی لیکن یہی وظیفہ اس عورت نے پڑھا اور مجھے بتایا کہ آج اللہ کے کرم سے میرا اجڑا گھر آباد ہو گیا اور میرے خاوند نے مجھے نیا گھر بنا کر دیا ہے اور اس گھر میں خوش و خرم زندگی بسر کر رہی ہوں۔
اس کے علاوہ اور بہت سے مشاہدات ہیں جو اگر لکھنے بیٹھوں تو پورا عبقری رسالہ میرے ان مشاہدات سے بھر جائے۔میں اپنے شہر میں عبقری رسالہ کو بہت زیادہ پھیلا رہی ہوں جس کی برکتیں مجھے بہت زیادہ مل رہی ہیں۔
رمضان المبارک کی آمد پر چاند کو دیکھ اول آخرگیارہ بار درود ابراہیمی اور سورہ انا انزلنہ پڑھنے سے بہت زیادہ رزق میں برکت ملتی ہے اور لاکھوں میں فائدہ ہوتا ہے۔ میں نے اس عمل کو بہت زیادہ آزمایا ہے۔اللہ سے دعا کرتی ہوں آپ کو اور آپ کی عبقری کو ٹیم کو سدا کامیابی وکامرانی عطا کر یں ‘ قیامت تک سدا یوں ہی امت میں خیریں باٹنے والا بنائی رکھے۔آمین۔