محترم شیخ الوظائف السلام علیکم!عبقری رسالہ اور تسبیح خانہ سے جب سے نسبت جڑی ہے اس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں بہت نوازا ہے‘بہت خیریں اور برکات زندگی کا حصہ بنی ہیں اور بن رہی ہیں۔عبقری نے ہمیں رب سے اعمال کے ذریعے لینا سکھا دیا ہے۔اب زندگی میں کوئی بھی رکاوٹ اور پریشانی آئے تو آپ کا بتایا ہوا وظیفہ پڑھ لیتے ہیں جس سے ہماری پریشانیاں اور مسائل ختم ہو جاتے ہیں۔میں اپنے چند مشاہدات عبقری قارئین کی خدمت میں پیش کر رہی ہوں تا کہ لوگ بھی ان سے استفادہ حاصل کریں۔
کمر درد اور ٹانگ کی تکلیف
جب کرونا کی وبا ء چلی تواس وقت رمضان کی محفل میں کمر درد‘ جوڑوں کے درد حتیٰ کے ناف سے نیچے تمام بیماریوں کے لئے آپ نے نماز میں رکوع سے اٹھنے کے بعد قومہ میں جب ربنا لک الحمد پڑھیں تو اس کے فورا بعد یہ کلمات ’’حَـمْداً کَثِیْرًا طَیِّبًا مُبَارَکاً فِیْہِ‘‘پڑھنے کا فرمایا۔ان دنوں میری کمر اور ٹانگوں میں شدید درد تھی اور جھکتے ہوئے بھی مسئلہ ہوتا تھا۔ڈاکٹر کے مشورہ کے مطابق میں نے بیلٹ پہننی شروع کر دی تھی مگر اس سے بھی زیادہ افاقہ نہیں ہو رہا تھا۔میں نے ہر نماز میں ان کلمات کو آپ کی بتائی گئی ترتیب کے مطابق قومہ میں ایک بار پڑھنا شروع کر دیا۔اس عمل کی بدولت کچھ ہی عرصہ بعدمیری کمر اور ٹانگوں کی تکلیف بالکل ختم ہو گئی‘یہاں تک کہ کسی دوا اور بیلٹ کی ضرورت بھی نہیں رہی۔
اڑھائی فیصد کے عمل کی برکات
آپ کا بتایا ہوا اڑھائی فیصد کا عمل یعنی میں اپنی تنخواہ سے اڑھائی فیصد پیسے نکال کر اپنے وہ رشتہ دار جو غریب ہیں مگر مجھے اچھا نہیں سمجھتے، انہیں کسی بہانے سےدیتی ہوں اور اس کے علاوہ سفید پوش غریبوںکی مددبھی اڑھائی فیصد کے حساب سے کرتی ہوں مزید جب تنخواہ ملتی ہے تو اس کو برکت والی تھیلی میں رکھ کر 129 بار سورۃ الکوثر بھی پڑھتی ہوں۔ اللہ نے مال اور تنخواہ میں بڑی برکت رکھ دی ہے۔اس عمل کی برکت سے اپنی خاص نعمتوں اور مال کی فراوانی سے نواز رہا ہے۔اب بغیر کسی لالچ اور طمع کے لوگوں کو ہدیہ دیتی ہوں۔
300 اونٹ کا صدقہ
300 باراللہ اکبر 300 اونٹ صدقہ کی نیت سے پڑھنے کا عمل آپ کی روحانی محفل میں سنا تھا۔ یہ میرا آزمودہ ہے، میرا بھتیجا پیدائش کے بعد بیمار ہونے کی وجہ سےICU میں داخل تھا۔ میں نے اس کے لیے تین سو بار ’’اللہ اکبر ‘‘پڑھ کر تین سے اونٹ صدقہ کی نیت سے یہ عمل کیا ۔ اس عمل کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اس کو صحت مند کر دیا۔
روحانی دھونی کے فوائد
ہمارے گھر میں چھپکلیاںبہت زیادہ ہوتی ہیں اب تقریباً سارے گھر میں مجھے صرف ایک یا دو چھپکلیاں نظر آتی ہیں باقی سب غائب ہو گئی ہیں۔یہ سب عبقری کی روحانی دھونی لگانےکی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ ان شاءاللہ روحانی دھونی کی وجہ سے مجھے امید ہے کہ یہ بھی جلد ہی چلی جائیں گی۔