محترم علامہ لاہوتی پر اسراری صاحب السلام علیکم! خدا آپ کو اور آپ کی نسلوں کو ہمیشہ شاد و آباد خوش و خرم اور صحت و تندرستی والی‘ بخت والی زندگی سے نوازے اور آپ کے دئیے ہوئے وظائف جس سے دنیا روشن ہو رہی ہے وہ روشنی آخرت تک آپ کے ساتھ رہے ‘ آمین!
میں نے اپنے کچھ خاندانی مسائل جن میں جادو جنات‘ بندشیں اور رکاوٹیں تھیںتفصیل کے ساتھ لکھ کرلاہوتی کوپن پُر کرکے بذریعہ خط جوابی لفافہ کے ساتھ بھیجا۔
آ پ نے جواب میں یَا حَکِیْمُ یَا عَزِیْزُ یَا لَطِیْفُ یَاوَدُوْدُبکثرت چلتے پھرتے، اُٹھتے بیٹھتے وضو بے وضو پاک و ناپاک ہر حالت میں پڑھنے کا فرمایا۔ ہم دونوں بہنیں اور امی باقاعدگی سے یقین اور دھیان کے ساتھ یہ وظیفہ پڑھ رہے ہیں ‘اس کے اثرات اللہ تعالیٰ دکھا رہا ہے۔ میں نے اس وظیفہ کو جب پہلے دن پڑھا تو مجھے رات کو خواب میں ایک جن اپنی چھت پر کھڑا صحن کی طرف دیکھتا ہوا نظر آیا ‘دوسرے دن پھر وہی جن ہماری سیڑھیوں پر بے زار و بے بس نظر آیا جیسے وہ نیچے نہیں جا سکتا ‘اس پر کوئی بندش لگ گئی ہو۔اس کا رنگ سیاہ، جسم پر لمبے لمبے بال ، قد لمبا اور شکل گولے جیسی تھی۔ یہی جن والدہ نے بھی چند سال قبل دیکھا تھا جو ان پر مسلط ہے۔ہم سب نے وظیفہ جاری رکھا اور پھر چند دن بعد خواب میں ایک جاننے والی عورت کو دیکھا جو مجھ سے معافیاں مانگ رہی تھی کہ میں نے تمہارے ساتھ غلط کیا مجھے معاف کردو۔
سوتے ہوئے اکثر اپنے اوپر وزن محسوس ہوتا اور خوف سے میری آنکھ کھل جاتی ‘ اس دوران میری کیفیت یہ تھی کہ دل چاہتا تھا کہ گھر چھوڑ کر چلی جاؤں، غصہ، بے چینی، بے بسی ہو جاتی ۔میری بہن کو بھی عمل کے دوران خواب میں سانپ نظر آئے جو مر مر کر آگ میں گر رہے ہیں اسے بھی کچھ خوف محسوس ہوا ‘ بے چینی، غصہ اور چڑ چڑا پن اسے محسوس ہوا‘ایسے لگتا جیسے کوئی اس وظیفہ سے توجہ ہٹا رہا‘والدہ کے ساتھ بھی یہی کیفیت رہتی مگر ہم نے وظیفہ بالکل نہ چھوڑا۔ مستقل مزاجی کے ساتھ علامہ لاہوتی صاحب کا عطا کیا ہوا وظیفہ پڑھنے سے ہمیں اس کے اثرات ملنا شروع ہو گئے۔جادو جنات کے وار ٹوٹنے لگے‘شیطانی چیزوں نے تنگ کرنا ختم کردیا۔اس وظیفہ کی برکت سےبھائی کو ذاتی کاروبار مل گیا۔ہماری خواہش ہے کہ لاہور منتقل ہو جائیں ‘ الحمدللہ اس کے اسباب بننا بھی شروع ہو گئے۔
اب صرف ایک بڑا مسئلہ باقی ہے جو میری شادی کا ہے۔کچھ دن پہلے والدہ نے خواب میں میرے نکاح میں حائل بندشیں دیکھیں اور پھر نکاح ہوتے ہوئے بھی دیکھا۔ہمیں پورا یقین ہے کہ ان شاءاللہ یہ مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔ جن خاندانی مسائل کو حل کرتے 30سال گزر گئے ہیں وہ بھی اب الحمدللہ تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔