محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو اور عبقری کی تمام ٹیم کو دنیا اور آخرت کی بھلائیاں عطا کرے۔ آپ سے شب جمعہ کی روحانی محافل میں سنا اور عبقری رسالہ میں بھی بارہا پڑھا کہ اپنے روحانی اور طبی مشاہدات ضرور لکھیں۔ میںنے خود بھی عبقری سے بہت سے ٹوٹکے اور وظائف آزمائےاور لوگوں کو بتائے ہیں‘ سب کو بہت فائدہ ہوا۔ لیکن میرا تجربہ ہے جو لوگ یقین اور توجہ سے وظائف کرتے ہیں، وہی فیض پاتے ہیں۔ایک آزمودہ روحانی وظیفہ بارہا کا آزمودہ و مجرب حاضرِ خدمت ہے۔
قارئین! اگر آپ کا کوئی عزیز ، دوست، بھائی رشتہ دار شراب نوشی کی لعنت میں مبتلا ہو چکا ہے اور اس وجہ سے اس کی اور گھر والوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔علاج اور کوشش کے باوجود بھی وہ اس علت سے نجات حاصل نہیں کر پا رہا تو اس کے لئے یہ وظیفہ تیر بہدف ہے۔ اللہ کی رحمت سے سوفیصد یقین ہے کہ شراب نوشی کی لعنت چھوٹ جائے گی اور کوشش کے باوجود بھی وہ شراب نہیں پی سکے گا۔ عمل بھی نہایت آسان ہے۔
عمل :روزانہ ایک گولڈن سیب درمیانے سائز کا لے کر اُسے اُبال لیں ۔ تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر سیب کاٹ کر اول و آخر درود پاک کے ساتھ تین مرتبہ سورئہ فاتحہ پڑھ کر سیب پر دَم کرکے شراب کے عادی کو کسی طرح کھلا دیں۔ 3ماہ تک روزانہ یہی عمل کریں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کا مشاہدہ خود کریں۔ان شاءاللہ جلد ہی آپ کو اس عمل کے نتائج ملنا شروع ہو جائیں۔ یہ وظیفہ ہر کوئی کر سکتاہے۔ خاص طور پر وہ جو شراب نوشی میںمبتلا اور اِس لعنت کو چھوڑنا چاہتے ہیں مگر نہیں چھوڑ نہیں پا رہے۔ اِس وظیفے پر عمل کرکے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اس عادتِ بد سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔جزاک اللہ! (مسز ملائکہ ندیم ، گوجرانوالہ )