محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں کہ اس دور میں آپ جیسی عظیم روحانی ہستی اور تسبیح خانہ جیسی عظیم خانقاہ سے جوڑ دیا۔زندگی میں پہلے جب بھی کوئی پریشانی یا مشکل آتی تو مایوس ہوجاتا تھا‘لیکن جب سے آپ سے نسبت ہوئی ہے اعمال والی زندگی نصیب ہو گئی ہے۔
میں نے عبقری رسالہ میں لوگوں کے مشاہدات پڑھے تھے جنہوں نے شیخوپورہ قلعہ ستار پر واقع ہجویری محل میں چند دن خدمت اور اعمال کیے جس سے ان کے جادو جنات کے مسائل حل ہوئے‘ مشکلات ختم ہو گئیں۔کچھ عرصہ سے میں بھی کچھ ایسے ہی مسائل میں مبتلا تھا۔جسم بھاری بھاری سا محسوس ہوتا اور رات بستر پر لیٹتے وقت عجیب سا خوف محسوس ہوتا۔اس کے علاوہ زندگی کے دیگر معاملات میں بھی کافی دشواریاں پیش آرہی تھی۔تعلیمی میدان میں کافی رکاوٹیں تھیں۔ایک مضمون میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔کوشش تھی کہ جلد از جلد دوبارہ امتحان دوں مگر حالات کچھ ایسے ہوگئے تھے کہ فیس جمع کروانے کے لئے رقم موجود نہ تھی ۔اس کے علاوہ ہاسٹل کا کرایہ دینا تھا۔رقم کی اشد ضرورت تھی مگر کہیں سے بھی بندوبست نہ ہورہا تھا ۔اس کے علاوہ روحانی طور پر جو مسائل ہو رہے تھے ان سے بھی کافی پریشان تھا۔ہر طرف سے پریشانی کی وجہ سے عجیب سی گھٹن محسوس ہو نے لگی تھی۔اعمال پر بھی توجہ نہ کر پا رہا تھا۔
اچانک میرے دل میں خیال آیا کہ میں بھی چند دن ہجویری محل میں جا کر خدمت اور وہاں موجود آستانہ منت مراد کے طاقتور روحانی اعمال کروں۔چنانچہ میں نےتسبیح خانہ لاہور میں شب جمعہ روحانی محفل میں حاضری دی اور پھر ہجویری محل چلا گیا۔وہاں جا کر جو خدمت ملی اس پر توجہ کی ۔اس کے علاوہ آستانہ منت مراد میں موجود روحانی اعمال بھی کرتا رہا۔چند دن خدمت کرنے کے بعد واپس آگیا۔میرا جسم ہلکا پھلکا ہو چکا تھا۔جو شیطانی اثرات محسوس ہوتے تھے الحمدللہ وہ ختم ہو گئے۔ابھی کچھ دن ہی گزرے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے غیبی اسباب بنا دئیے۔رکاوٹیں ختم ہونا شروع ہو گئیں۔جو مطلوبہ رقم تھی اس کا بندوبست ہو گیااور ہاسٹل کا کرایہ ادا کر دیا۔باقی جو اخراجات رہ گئے ان کے بھی اسباب بن رہے ہیں‘ان شاءاللہ امید ہے جو باقی مسائل رہ گئے ہیں وہ بھی جلدحل ہو جائیں گے۔
مزید ایک آزمودہ عمل کا تجربہ بتانا چاہوں گا۔میں نے ایک عزیز کو سورۃ الفیل 70 بار صبح اور 70 بار شام کو پڑھنے کا کہا اور انہوں نے خوب یقین کی کیفیت میں پڑھا ۔انہوں نے کہا مجھے بہت فائدہ ہوا۔ میں نےایک پلاٹ خریدا تھا مگر جن سے لیا تھا وہ میرے نام پر منتقل نہیں کر رہے تھے‘ چند دن یہ عمل پڑھا توانہوں نے خود بخود پلاٹ میرے نام کر دیا۔جسم پر بوجھ سا محسوس ہوتا تھا الحمدللہ وہ ختم ہو گیا۔