بلی ایک دلچسپ اور منفرد پالتو جانور ہے جو صدیوں سے انسان کے ساتھ رہ رہی ہیں۔ اس کی فطرت،عادات اور جسمانی خصوصیات اسے دوسرے جانوروں سے منفرد بناتی ہیں۔ بلیاں اپنی چالاکی، صفائی پسندی اور محبت بھری فطرت کی وجہ سے دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ ان کی دیکھ بھال اور پیار کے ساتھ ان کا پالنا انسان کے لیے خوشی کا باعث بنتا ہے۔بلیاں ہزاروں سال سے انسان کی ساتھی رہی ہیں۔ اپنی خود مختاری، پھرتی اور پراسرار کشش کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ ایک جدید تحقیق کے مطابق بلیاں اپنی بات پہنچانے کے لیے چہرے کے تین سو مختلف تاثرات سے کام لیتی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ بلیاں حیران کن سماجی گہرائی کی مالک ہوتی ہیں۔ وہ راستے بھی پہچانتی ہیں اور کبھی بھی نہیں بھولتیں ۔بلیاں بہترین ساتھی ہونے کے علاوہ ہمیں زندگی کے قیمتی اسباق بھی سکھاتی ہیں۔
صفائی پسندی کا عکاس :بلیاں صفائی کے لئے بہترین عادات کے لیے مشہور ہیں۔ وہ دن کا ایک بڑا حصہ اپنے آپ کو صاف کرنے میں صرف کرتی ہیں، جو نہ صرف انہیں صاف رکھتا ہے بلکہ ان کے تناؤ کو کم کرنے اور جسم کا درجہ حرارت معتدل رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔وہ صاف جگہ دیکھ کر بیٹھتی ہیں اس کے باوجود بھی اکثر دُم کے ذریعہ یا کسی بھی طریقہ سے اس جگہ کوصاف رکھتی ہیں۔
حالات کے امر کو سمجھیں:اگر آپ بلیوں کو دیکھیں تو وہ جب تھکی ہوئی ہوں تو آرام کرتی ہیں، توانائی سے بھرپور ہوں تو کھیلتی ہیںاور بھوک لگے تو کھاتی ہیں۔ وہ ہمیں اس بات کا سبق بھی دیتی ہیں کہ حالات کےامر اور وقت مطابق عمل کرنا چاہیے یعنی کھانے ‘کھیلے اور کام کے وقت کو مختص کرنا چاہیےکہ کون سا کام کس وقت کرنا ہے۔
اعتماد کرنا سیکھیں:بلیاں فطری طور پر محتاط ہوتی ہیں۔ وہ انسانوں اور دوسرے جانوروں پر اعتماد کرنے میں وقت لیتی ہیں۔ لیکن جب یہ اعتماد قائم ہو جائے تو وہ مضبوط اور دیرپا ہوتا ہے۔ ہم اس سے سیکھتے ہیںکہ کسی پر اعتماد کرنے سے پہلے اسے پرکھ لیں اور جب کسی پر اعتماد کر لیں تو اسے یقین کے ساتھ نبھائیں۔
دل میں کینہ نہ رکھیں:اگر بلیاں ناراض ہوتی ہیں تو اپنے جذبات کا اظہار کرتی ہیں اور پھر آگے بڑھ جاتی ہیں۔ وہ دل میں کینہ نہیں رکھتیں۔ یہ ہمیں سکھاتی ہیں کہ منفی جذبات کو دل میں نہ رکھیںبلکہ انہیں اچھے انداز سے ظاہر کریں اوراپنے دل سے کینہ کو نکال دیں۔
میسر کو مؤثر بنائیں:بلیاں حال میں جیتی ہیں۔ وہ صرف ماضی یا مستقبل کی فکر نہیں کرتیں۔ان کی یہ عادت ہمیں سکھاتی ہے کہ موجودہ حالات میں جو چیز اور نعمت آپ کو میسر ہے اسے مؤثر بنائیں بجائے اس کے کہ ماضی کی تلخ یادوں میں رہیں یا مستقبل کی پریشانی میں مبتلا رہیں۔
بے لوث محبت کی قدر کریں: ہم اپنے پالتو جانور کی بے لوث محبت کا تجربہ کرتے ہیں۔ بلیاں، اپنی خود مختار فطرت کے باوجوداپنے انسانی ساتھیوں کے ساتھ گہری وابستگی بناتی ہیں۔ان کا یہ رویہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہمیںدوسروں سے ملنے والی بے لوث محبت کی قدر اور احترام کرنا چاہیے ۔