تلاش

بعض مسائل ایسے ہوتے ہیں جو انسان کو اندر سے کمزور اور  احساسِ کمتری کا شکار بنا دیتے ہیں۔ قد کا مسئلہ بھی انہی میں سے ایک ہے۔قد نہ صرف جسمانی ساخت کی خوبصورتی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ کئی مواقع پر یہ خود اعتمادی اور شخصیت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ زندگی کے کئی مراحل میں خاص طور پرجوانی میں قدم رکھتے ہوئے قد کی اہمیت ایک حساس موضوع بن جاتی ہے۔ چھوٹے قد کی وجہ سے انسان اکثر مذاق، تنقید کا سامنا کرتا ہے۔ میرے بھتیجےاور بھتیجیاں اس پریشانی کا شکار تھے۔ان کی وجہ سے میں بھی بہت پریشان رہتی تھی ۔ایک  دن، میں سوشل میڈیا پر مختلف موضوعات پر ویڈیوز دیکھ رہی تھی کہ اچانک میری نظر شیخ الوظائف کی ایک ویڈیو پر پڑی۔ جس میں شیخ الوظائف قد بڑھانے کے لیے ایک روحانی وظیفہ بتا رہے تھے۔ ایسا لگا جیسے میرے دل کی بات ہی ہو رہی ہے۔اس میں شیخ الوظائف نے فرمایا کہ مجھے میرے بڑے بتاتے ہیں کہ جب میں چھوٹا تھاتو کسی نے یہ وظیفہ بتایاتھااور میں اس کو کثرت سے پڑھتا تھا، گمان یہ ہے کہ میں اسی لئے دراز قد ہوں۔ یعنی شیخ الوظائف کےدراز قد ہونے کا راز بھی یہی وظیفہ ہے۔اس ویڈیو نے ایک امید کی کرن جگا دی۔یہ بات میں نے اپنے بھتیجے اور بھتیجیوں کو بتائی، انہوں نے پورے یقین اور باقاعدگی کے ساتھ صبح وشام کثرت سے’’ یَااَللّٰہُ یَامُرِیْدُ‘ ‘ وظیفے کوپڑھنا شروع کیا۔ روزانہ نہایت توجہ سے وظیفہ پڑھتے اور ساتھ ہی اپنی غذا اور ورزش کا بھی خیال رکھتے۔ پہلے مہینے کے بعد کچھ خاص فرق محسوس نہیں ہوا، لیکن وظیفہ جاری رہا۔ تقریباً تین چار ماہ بعدان بچوں کے قد میں واضح فرق نظر آنے لگا۔ ان کی قامت ماشاءاللہ اس قدر بہتر ہوئی کہ جو لوگ پہلے ان کے قد پر تبصرے کرتے تھے، اب حیرت زدہ ہو کرتعریف کرنے لگے۔قد میں اضافےسے ان کی خود اعتمادی میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا۔شیخ الوظائف کے اس عمل نے ہمیں یہ سکھایا کہ دعا اور یقین کے ساتھ کیا گیا کوئی بھی عمل ضائع نہیں جاتا۔