تلاش

شادی کے بندھن میں میاں بیوی کا ایک دوسرے کے لئے توازن اور اعتدال قائم رکھناایک مشکل مرحلہ ہے۔دومختلف خاندانوںاور سوچوں کے لوگوں کا ایک ساتھ جذباتی طور پر جڑنا اور زندگی کے سفر کو ایک ساتھ طے کرنا آسان کام نہیں ہے۔یہ رشتہ اس وقت اور بھی پیچیدہ ہو جاتا ہے جب ان دو افراد کے درمیان مفاہمت اور ہم آہنگی یعنی ایک دوسرے کوسمجھنے کی کمی ہو۔یہ بات سننے میں بہت سادہ لگتی ہے، لیکن اسے عملی طور پر سرانجام دینا مشکل ہو سکتا ہے۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پھر ہم دونوں فریقین کے درمیان ہم آہنگی کا رشتہ کیسے قائم کریںجس سے ان کا رشتہ مضبوط ہو جائے اور کامیاب ازدواجی زندگی کا باعث بنے۔ اس متعلق کچھ ایسے نکات بیان کیے جارہے ہیںجن پر عمل کر کے آپ اپنے رشتہ کو مضبوط کر کے کامیاب ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
ایک دوسرے کی مدد کریں
 کوئی ایسا کام کریں جس میں دونوں کو دلچسپی ہو،اپنے پسندیدہ مقام کی سیر کریںیا روزمرہ کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔اپنی پسند کا اظہار کریں ‘شریک حیات کی پسند کو بھی جانیں اوراسے ترجیح دیں جو کہ رشتہ کی مضبوطی کے لئے بہت اہم ہے۔
غصہ کے بجائےنرمی اپنائیں
بات بات پر غصہ نہ کریں بلکہ رویہ میں نرمی رکھیں اور اگر اپنی کسی غلطی کا احساس ہو جائےیا آپ کی کسی بات پراگر آپ کا ساتھی کہے کہ اسے آپ کی بات سے تکلیف پہنچی، حالانکہ آپ کا مقصد تکلیف دینا نہیں تھا تب بھی مناسب یہی ہے کہ ان سے معافی مانگ لیں۔اس سے دونوں فریقین کے درمیان بہترین ہم آہنگی اور اعتماد پیدا ہوگا۔
مثبت اندازمیں اظہار کریں
یہ سمجھیں کہ آپ اور آپ کے ساتھی کے نظریات، پسند اور حالات کو حل کرنے کے طریقے مختلف ہو سکتے ہیں۔ ان اختلافات کو قبول کریں بجائے اس کے کہ انہیں بدلنے یا نظر انداز کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ  کا ساتھی آپ کو نہیں سمجھ رہا اور آپ کی بات کا ایک الگ مطلب لے رہا ہے تو مناسب وقت میں اپنی بات کااظہار مثبت انداز میں بیان کریں‘بالخصوص الفاظ کا چنائو ایسا کریں جو شریک حیات کو گراں نہ گزرے۔
تنقید سے گریز کریں
اکثر جب ہم اختلاف کرتے ہیں تو دفاعی رویہ اختیار کر لیتے ہیں اور دوسروں کی بات پر تنقید شروع کر دیتے ہیں،ہم آہنگی کے لئے میاں بیوی کا ایک دوسرے کی بات میں دلچسپی لینا ضروری ہے۔اپنے تحفظات پر احسن انداز میں بات کریں تاکہ آپ انہیں بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ تنقید کے بجائےایک دوسرے کو سمجھنےاور قائل کرنے کی کوشش کریں۔
میٹھے الفاظ اور انداز کا استعمال
الفاظ صرف ہمارے پیغام کا ایک حصہ ہوتے ہیں۔ کبھی کبھار ہم الفاظ پر اتنا زور دیتے ہیں کہ بولنے والے کی کیفیت نظر انداز کر دیتے ہیں۔ہم آہنگی کے لئےالفاظ کے ساتھ ساتھ لہجہ، بولنے کا اندازاور جسمانی حرکات کو بھی سمجھنا شامل ہے۔ اگر آپ الفاظ کا درست استعمال کرتے ہیں  مگر آپ کا انداز اور لہجہ سخت ہوتا ہے تو میٹھے الفاظ بھی ناگوار لگیں گے۔بات کرتے وقت  حتی الامکان کوشش کریں کہ انداز اور لہجہ محبت سے بھر پور ہو۔
 قدر دانی کریں:اپنے ساتھی کی کوششوں، خیالات، اور نقطہ نظر کی قدر کریں اور ان کی چھوٹی سےچھوٹی کوشش کو بھی سراہیں۔رشتے میں کبھی کبھار سمجھوتہ ضروری ہوتا ہے۔ ایسے حل تلاش کریں جو دونوں کی ضرورتوں کو پورا کریں اور ایک درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کریں۔ ضروری نہیں کہ آپ کی ہر بات مانی جائے کچھ اپنی منوا  لیں اور کچھ اپنے ساتھی کی مان لیں۔
سمجھنے کی کوشش کریں: اکثر ہم صرف اپنی بات کو سمجھانا چاہتے ہیں۔ لیکن رشتے میں سمجھ بوجھ دونوں طرف سے ہوتی ہے۔ اس لئے پہلے اپنے ساتھی کو موقع دیں کہ وہ اچھے طریقے سے اپنی بات کر سکے۔