قارئین السلام علیکم! میراایک بہت باکمال طبی مشاہدہ ہے جو میں آپ کی خدمت میں پیش کر رہی ہوں۔ میری ٹانگوں میں بہت درد رہتا تھا۔ہر وقت بے چینی ، بے قراری اور دل چاہتا کہ کوئی دبائےاور اگر کسی سے دبانے کے لئے کہتی تو جتنی دیر دبایا جاتا اتنی دیر آرام رہتا اور جیسے ہی دبانا بند کرتے ، پھر درد شروع ہو جاتا۔والدین کے گھر گئی تومیری والدہ نے میری یہ حالت دیکھی تو کہنے لگیں کہ تم اپنے والد پر گئی ہو، ان کو بھی ساری زندگی دبوانے کی عادت رہی ہے۔
انسان نہیں اب مشین کا کام ہے!
میرا بھائی کہنے لگا میں نے تو ابو کو ایک مہنگی اور جدید مشین لا کر دی ہے جو ٹانگیں دباتی ہے ، اب ہم سکھی ہیں ورنہ ہر وقت ابو کی ٹانگیں دبانا پڑتی تھیں ۔ میںنے کہا مجھے بھی وہ مشین لے دیں۔بھائی نے لا کر دے دی۔میں مشین میںٹانگ رکھ دیتی اور وہ دباتی رہتی ، مجھے سکون مل جاتا۔ میں ٹیچنگ کرتی ہوں ، سکول جاتی ، تھوڑا سا بھی چلتی پھرتی تو ٹانگوں میں درد شروع ہو جاتا، پھر کبھی کوئی پین کلر لیتی اور چھٹی کا انتظار کرتی رہتی کہ کب چھٹی ہو اور گھر جا کر مشین سے ٹانگیں دبواؤں۔ پانچ چھ ماہ اسی طرح گزر گئے۔ ابو کہتے میں تو ٹانگیں دبواتے ساتھ ہی بستر میں لیٹ جاتا ہوں ، تین چار گھنٹے اچھی نیند آ جاتی ہے، اب ایسی مشین ڈھونڈو جسے ہم بستر میں بھی لگا سکیں خیر ہمیں وقتی فائدہ ہونے لگا، لیکن مستقل حل نہ مل سکا۔
دکھی زندگی میں ایک اہم موڑ
ایک دن ایک ٹیچر مجھے کہنے لگی کہ کیا بات ہے تمہارے چہرے پر اتنی اکتاہٹ کیوں ہے، میںنے کہا میری ٹانگوں میں درد رہتا ہے اور سکول میں مجھے مختلف کلاسوں میں جانے کے لئے بار بار سیڑھیاں چڑھنا اترنا پڑتا ہے۔وہ کہنے لگی میرے ساتھ بھی ایسے ہی تھا لیکن ایک نسخہ ہاتھ لگا جو میرے لئے شفاء اور راحت بن گیا۔یہ نسخہ میرے میاں کو ایک حکیم صاحب سے ملا تھا جو کہ بہت با کمال ہے۔وہ ٹیچر مجھے کہنے لگی تم استعمال کرو ، میں تو ٹھیک ہو گئی ہوں ۔ میںنے بھی اس ٹیچر کو بہت چاق و چوبند پایا ، وہ ہمیشہ تیز تیز چلتی اور اس کے منہ سے کبھی نہیں سنا کہ میں تھک گئی ہوں۔
خیر اس نے مجھے نسخہ بتایا۔ میں اللہ کی قسم کھا کر کہہ سکتی ہوں اس نسخے کی پہلی خوراک میں ہی جادوئی اثر ملا‘میںنے ایک ہفتہ استعمال کیا اور بھول ہی گئی کہ ٹانگوں میں درد بھی کوئی چیز ہے۔میںنے فوراً ابو کو بھی وہ نسخہ بناکر بھیجا ۔ انہوںنے بھی بتایا کہ انتہائی زبردست چیز ہے ، مجھ سے پوچھنے لگے تمہیں کہاں سے ملا ۔میںنے انہیں ٹیچر والی بات بتائی تو کہنے لگے اتنا لاجواب ہے کہ بیان سے باہر ہے۔
ایک بار میری بھابھی اسلام آباد سے میرے گھر آئیں تو میرے بچوں کو دبوانے پر لگائے رکھا ، میںنے پوچھا بھابھی خیر ہے ، کہتی باجی کیا بتاؤں ہر وقت ٹانگوں میں، کمر ، بازوؤں میں درد رہتا ہے ، مساج کرنے والی مشین لی ہوئی ہے ، لیکن وقتی آرام ہے ، یہ درد نہیں جاتا، میںنے انہیں نسخہ بتایا اور اپنے پاس جو دوائی پڑی ہوئی تھی وہ بھی رات کو ایک کپ دودھ کے ساتھ دی تو وہ ہشاش بشاش ہوگئیں ، گھر جا کر انہوںنے خود بنا لیا اور فون پر بتانے لگیں کہ میں تو بالکل ٹھیک ہوگئی ہوں اب سیڑھیاں چڑھنے سے نہیں گھبراتی۔
ناقابل یقین فوائد
بس پھر کیا تھا میں نے بہت لوگوں کو یہ نسخہ بتایا ، بچیوں کا کلاسز میں بورڈپر لکھوا کر بتایا، کئی ٹیچرز کو بتایا کیونکہ عبقری سے سیکھا ہےکہ آسانیاں بانٹو، جس جس نے استعمال کیا اس نے تعریف کی ۔ اپنی بہنوں کو استعمال کروایا، میری دو بیٹیاں ہیں۔ ان کو استعمال کروایا اور لاجواب پایا۔ شاندار رزلٹ نکلے لیکوریا کے لئے لاجواب پایا۔ لیکوریا سے ہونے والی کمزوری کے لئے بہت مفید پایا۔ پٹھوں کے کھچاؤ،بے چینی کے لئے بہترین ہے۔ میری بیٹی کے دانت پیلے تھے جیسے کوئی چیز جمی ہو ، وہ ٹھیک ہو گئے۔
سکول کی بچیاں مجھے خوشی خوشی اس کے فوائد بتاتی ہیں تو مجھے سکون ملتا ہے۔
ہر ایک اس نسخہ کا دلدادہ ہو گیا
بھابھی نے بھی یہ نسخہ عام کیا اور جسے بھی دیا سو فیصد رزلٹ ملے، کہتی ہیں اگر یہ نسخہ بیچا جائے تو بہت بکے گا، وہ بتاتی ہیں کہ میرے مالک مکان کی بیوی جو کہ خود ایک ٹیچر ہیں، مجھے کہتی ہیں کہ سکول سے آکر اتنا تھک جاتی ہوں کہ شام کا کھانا بنا نا محال ہو جاتا ہے، بھابھی کہتی ہیں میںنے ایک شیشی سفوف کی اسے بھی دی تو استعمال کر کے بہت خوش ہوئی اور پوچھنے لگی کہ مجھے اورکہتیں جتنے پیسے چاہے لےلو ، بھابھی کہتیں میںنے تو چند سو میں یہ بنایا تھا لیکن میںنے ویسے ہی اسے کہا کہ اس پہ تین ہزار لگا ہے کہنے لگی ابھی لے لو او رمجھے بنا دو ، بھابھی کہتی ہیں میںنے انہیں فری میں ایک ڈبی دے دی اور پیسے نہیں لئے ، اگر چاہتی تو جتنا انہیں فائدہ ہوا ہے وہ پیسے دے دیتیں۔
قارئین اس نسخہ کے بے شمار فائدے ملے ہیں، اب حال یہ ہے کہ افسوس ہورہا ہے کہ یہ نسخہ پہلے کیوں نہیں ملا‘ہماری مساج والی مشینیں ویسے ہی پڑی ہیں۔ اتنے پیسے لگائے لیکن اب وہ کسی کام کی نہیں ہیں اور والد صاحب کی مشین بھی ڈبے میں بند پڑی ہے اور میری بھی۔ نسخہ درج ذیل ہے۔
ھو الشافی: اسگندھ ناگوری ، ستاور اور آملہ خشک ہر ایک 50،50 گرام لیں اور اس کو پسوا کر سفوف بنا لیں ۔ ایک چمچ سونے سے پہلے پانی کےساتھ یا دودھ کے ساتھ لے لیں ۔ اینٹھن کا مسئلہ، جسمانی تکالیف ، کھچاؤ بےچینی ختم اور پرسکون نیند سے لطف اندوز ہوں۔