تلاش

آلو بخارا ایک خوش ذائقہ حیاتین سےبھرا پھل ہے۔ قدرت نے اس پھل کی شکل ایسی دلفریب بنائی ہے کہ دیکھتے ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے۔ مالک الملک نے اسے گوشت بنانے والے روغنی اور نشاستہ دار اجزاء کے علاوہ فولاد، کیلشیم، پوٹاشیم، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ، گلوکوز اور مقطر پانی کا صحت بخش غذائی نمونہ بنا دیا ہے۔ وٹامنز اے ‘بی اورڈی بھی اس میں پائے جاتے ہیں ۔ وٹامن سی کے خزانہ سے بھر پور  ہے۔ آلو بخارا کا مزاج سرد اور تر ہے اور معدہ کی تیزابیت دُور کرنے میں یہ لاجواب پھل ہے ۔
کمزورمرد اورحاملہ خواتین کے لئے بہترین غذا
ایک پائو آلو بخارا میں دو چپاتیوں کے برابر غذائیت اور ڈیڑھ پائو دودھ کے برابر کیلشیم ہوتا ہے۔ گرم طبیعت والوں، دماغی کام کرنے والوں، بیماری سے اُٹھے ہوئےاور حاملہ عورتوں کیلئے اس سے بہتر کوئی غذا نہیں۔ یہ معدہ کی سختی، جلن اور اُپھارہ دُور کرتا، معدہ کی ہاضم رطوبات کے زیادہ خارج کرنے میں مدد دیتا اور بھوک لگاتا ہے۔ صدیوں سے حکیم صاحبان پیاس اور صفرا کا غلبہ توڑنے کیلئے اسے استعمال کراتے چلے آئے ہیں۔ آلو بخارا ایک بے ضرر، قبض کشا‘ زود ہضم پھل ہے۔ خون کے جوش کو ٹھنڈا کرنے کیلئے یہ عمدہ غذا اور دوا کا کام دیتا ہے۔ نیند کی کمی کی شکایت کرنے والوں اور دماغی کام کرنے والوں کیلئے ایک ٹھنڈی مقوی غذا ہے۔
جگر کی گرمی اور چڑ چڑا پن دور
 جگر کی گرمی، ہاتھ پائوں کی جلن اور مزاج کا چڑچڑا پن دُور کرنے کیلئے صبح و شام آدھا پائو سے آدھا کلوپکا ہوا آلو بخارا  استعمال کرنا بہت مفید ہے۔ یرقان کے مریضوں کو دن میں تین مرتبہ آلو بخارا بطورِ غذا کھانا اور اس کے ساتھ زیرہ سفید اور گوکھرو (خارخسک پنجابی بھکھڑا) کاہم وزن سفوف دو سے تین ماشے استعمال کرنے سے چند روز میں اس مرض سے چھٹکارا ہو جاتا ہے اس دوران گندم کی روٹی کا استعمال نہ کریں بلکہ ہلکی غذا مثلاً دلیا، دہی، دودھ، چاول، انار اور میٹھے وغیرہ استعمال کرنے ضروری ہیں۔اکسیر جگر میں نوشادر، قلمی شورہ، ریوند چینی اور سفید زیرہ ہم وزن شامل کر کے سفوف بنا کر استعمال کرنا چاہیے۔
پتّے کے ورم اور پتھری سے نجات
 جلدی بیماریاں دُور کرنے اور خون صاف کرنے کیلئے آلو بخارا کھا کر دن میں ایک سے دو مرتبہ شربتِ عناب پینا فائدہ مند ہے۔ آج کل پتّے کی بیماریاں عام طور پر کثرت سے ہو رہی ہیں۔ پتّے کے ورم ودرد کو ختم کرنے کے لئےاورپتّے میں پتھری سے حفاظت کے لئےاس شفا بخش پھل کا دن کے کسی حصے میں بھی متواتر کچھ عرصہ تک استعمال جاری کرنے سے غذا کے ساتھ ان بیماریوں سے شفائی فوائد بھی حاصل ہو تے ہیں۔ 
بخار اور دماغی بیماریوں کے لئے پرانے حکماء کا نسخہ
 پرانے حکماء کا تجویز کردہ ایک مشہور نسخہ بخار، درد معدہ، اپھارہ، زیادتی پیاس، بھوک کی کمی، دماغی خشکی، خارش اور جوش خون دُور کرنے کیلئے صدیوں سے کامیابی سے استعمال ہو رہا ہے۔ان امراض سے نجات کے لئے خشک آلو بخارا سات سے اکیس دانہ اور املی تین سے دس تولے تک علی الصبح دو سے تین پائو پانی میں بھگو کر دن میں تین یا چار دفعہ مل چھان کر حسب طبیعت چینی یا نمک ملا کر پینے سے معمولی بیماریاں تو پہلے روز ‘سخت اور پرانی بیماریوںچند روز کے استعمال سے اس کم قیمت دوا اور غذا کے استعمال سےختم ہو جاتی ہیں۔
مہنگے امراض کا سستا علاج
ایسے لوگ جن میں وٹامن بی (۱۲) اور وٹامن سی کی کمی ہو اور اسے پورا کرنے کے لئے انجکشن اور کیپسول کھانے پر مجبور ہوں۔ایسے افراد آلو بخارا تازہ یا خشک جو بھی میسر ہو سکےدن میں چند دانے کھا لیں‘چند ہفتے مسلسل استعمال کرنے سے مہنگی ادویات سے نجات مل جائے گی۔ سرد مزاج، بوڑھوں، نزلہ کھانسی کے مریضوں اور اعصابی درد رکھنے والے مریضوں کو آلو بخارا سے پرہیز کرنا چاہیے