تلاش

عبقری کی رسالہ کی بدولت ہمیں بہت خیریں اور برکات ملی ہیں۔ میرا بیٹا جس کی عمر دس سال ہے اس کی دائیں پسلیوں میں اچانک شدید درد ہوا جس سے ہم سخت پریشان ہو گئے۔ اُلٹی اور قے کا مسئلہ بھی شروع ہو گیا‘ دوا لی مگر آرام نہ آیا اور کئی دن گزر گئے آخرکار میڈیکل رپورٹ کروائی تومعلوم ہوا کہ پھیپھڑوں میں پانی ہے۔ہماری پریشانی مزید بڑھ گئی۔ ہم نے عبقری رسالہ میں پڑھا تھا کہ اچانک پریشانی کے وقت ’’حٰمٓ لَایَنْصَرُوْن‘‘ کا وظیفہ پڑھیں۔ ہم نے پریشان ہو کر مضطرب دل کی کیفیت سے یہ وظیفہ شروع کر دیا۔ ادھر بیٹا دو دن آئی سی یو میں رہا اور ڈاکٹر کہنے لگے کہ اس کے پھیپھڑوں میںپانی ہےجسے سرنج کے ذریعے نکالیں گے مگر ہمارا دل اس بات پر آمادہ نہ ہوا اور ہم بچے کو گھر لے آئے ۔ جب دوبارہ درد اُٹھا تو ہم پھر ہسپتال لے گئے پھر رپورٹ کروائی تو ڈاکٹروں نےبتایا پھیپھڑوں میں پانی ہے جس وجہ سے بچہ اس تکلیف کا سامنا کر رہا ہے۔ ہم مسلسل جس دن سے بچہ بیمار ہوا ’حٰمٓ لَایُنْصَرُوْن کا وظیفہ کرتے رہے۔ تین دفعہ ایکسرے کروائے مگر پھیپھڑوں سے پانی نہ نکل سکا۔ ڈاکٹرنے بتایا کہ مسئلہ خطرناک حد تک بڑھ گیاہےاس لئے بچے کو ٹی بی والے ہسپتال میں لے جائیں۔ ہم ہمت نہ ہاری اوراس یقین کے ساتھ وظیفہ جاری رکھا کہ ہماری پریشانی اسی سے ختم ہو گی۔ ہم نے یہ وظیفہ لاتعداد پڑھا اور اپنے بچے سے بھی کہا کہ یہی وظیفہ پڑھو۔ بیٹا بھی یہ وظیفہ پڑھتا رہا اور ہم بھی ۔ پھر جب ہم ہسپتال پہنچے تو جس اسپشلسٹ ڈاکٹر سے ملنا تھا وہ ہسپتال میں موجود ہی نہ تھے اور ہمیں گھر واپس بھیج دیا گیا۔۔ ہم بچے کو گھر لے آئے اور وظیفہ مزید توجہ کے ساتھ پڑھتے رہے۔ ہر وقت ہر جگہ جہاں جاتے وہاں وظیفہ پڑھتے ، رو رو کر اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہے کہ ہمارے بچے کو صحت اور تندرستی عطا فرما۔صبح ہم دوسرے ہسپتال گئے اور وہاں جب ٹیسٹ ہوئے تو انہوں نے کہا کہ اس کے پھیپھڑوں میں اب پانی نہیں ہے ‘ صرف معمولی انفیکشن ہے ‘ تین دن میں بیٹا صحت یاب ہو کر گھر آ گیا اور اب ماشاء اللہ بالکل تندرست ہے۔ وظیفہ کی بدولت اللہ تعالیٰ نے ہماری دعائیں قبول فرما لیں۔