تلاش

جدید تحقیق کے مطابق آملہ وٹامن سی اور ڈی اس کے علاوہ دیگر ضروری غذائی اجزاء سے بھی بھرپور ہوتا ہے جو اچھی صحت کے لئے بہت مفید ہے۔آملہ کے استعمال سے بال گھنے، لمبے اور مضبوط ہوتے ہیں۔آملہ کو غذا میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے جیساکہ آملہ کا اچار ڈالا جاتا ہے، اِس کا مربہ بھی بنایا جاتا ہے اور آملہ کو خُشک کرکے بھی غذا میں شامل کیاجاتا ہے۔آملے کو مختلف بیماریوں سے نجات کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔آملہ کو ہم وزن ہلدی کے ساتھ سفوف بنا کر نو ماشہ روزانہ ہمراہ گائے کے دودھ کے ساتھ استعمال کرنے سےپیشاب کی نالی کی سوجن کیلئے ازحد مفید ہے۔ نکسیر روکنے کیلئے اس کا گاڑھا لعاب ماتھے پر لگائیںاور آنکھ کے پھولے کیلئے تازہ آملے کا رَس آنکھ میں ڈالیں۔

بال سیاہ کرنے کا مفید ٹوٹکہ
یہ نسخہ بالوںکو سیاہ کرنے کے لئے انتہائی مفید اور آسان ہے۔چار چمچ آملے کے پاؤڈر میں دو چمچ پانی اور ایک عدد لیموں کا رس شامل کر لیں اس آمیزے کو اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ بنا لیں ‘ تقریبا ایک گھنٹے کیلئے اسے پڑا رہنے دیں۔اب یہ پیسٹ بالوں پر لگانے کیلئے تیار ہے۔اس پیسٹ کو بالوں میں اچھی طرح لگا کر 20سے25منٹ تک لگا رہنے دیں اور اس کے بعدپانی سے اچھی طرح دھولیں۔ خیال رہے کہ صابن یا شیمپو استعمال نہ کریں اور کوشش کریں کہ اس نسخے کے استعمال کے دوران صابن یا شیمپو سے پرہیز کریں۔ پیسٹ کو بالوں کی جڑوں تک ضرور پہنچائیں۔بال دھوتے وقت خیال رہے کہ آنکھیں محفوظ رہیں۔ا س پیسٹ کو ہر چار دن بعد استعمال کریں کچھ مہینوں میں آپ کے بال مکمل طور پر سیاہ ہوجائیں گے۔ 
دماغی کمزور ی کا مزیدار شربت
اگر کوئی شخص دماغی کمزوری کا شکار ہو یا کسی پریشانی کی وجہ سےذہن الجھا ہوا رہتا ہو تو وہ آملہ کا یہ شربت بنائے اور استعمال کرے۔آملہ کا پانی ایک لٹر، گائے کا دودھ دو کلو‘ دونوں کو ملا کر قلعی دار برتن میں آگ پر رکھیں جب دودھ پھٹ جائے تو اُتار کر چھان لیں اور شکر سفید برابر آملہ کے پانی سے ملا کر شربت کا قوام تیار کریں۔ دو تولہ شربت، عرق سونف چھ تولہ یا خمیرہ گائو زبان عنبری تین ماشہ کے ساتھ استعمال کریں۔ دردِ سر میں مفید ہے۔ دماغ میں تازگی، فرحت اور قوت پیدا کرتا ہے۔
آنکھوں سے پانی بہنا
اگر کسی کی آنکھیں خراب ہوں اور پانی بہتا ہو تو ان کے لئے بہت مجرب نسخہ ہے۔ مغز بیج آملہ اور مغز بیج ہریڑ زرد، ہم وزن لے کر تین پہر تک پانی میں کھرل کر کے نخودی گولیاں بنا لیں۔ رات کو سوتے وقت دو گولیاں روزانہ کھائیں، ان کے استعمال سے آنکھوں سے بہتا پانی رُک جاتا ہے۔
آملہ کا لذیذ شفائی چورن
آملہ کا یہ چورن ہر قسم کے بخار کے لئے فائدہ مند ہے‘ اس کے علاوہ قبض کشا اور ہاضم ہے۔ بلغم اور بدہضمی جیسے امراض کو رفع کرتا ہے، بھوک خوب لگاتا ہے، پاخانہ صاف لاتا ہے،بخار میں یہ چورن نہایت مفید ہے۔ آملہ(گٹھلیاں نکال کر) مگھاں، چھلکا جڑ چترک، چھلکا ہریڑ زرد، نمک سیندھا،ان تمام اجزاء کو ہم وزن لیں‘ پیس کر سفوف بنا لیں‘ خوراک دو سے تین ماشہ تک ہمراہ نیم گرم پانی دن میں دو سے تین بار دیں۔
معدے کے امراض کا علاج
اگر کوئی شخص معدے کے امراض میں مبتلا ہو تو وہ یہ نسخہ چند دن تک مسلسل استعمال کرے‘یہ معدہ کو تقویت دیتاہے، دل کی تیز حرارت کو دُور کرتا ہے اور صفراوی دستوں کو ختم کرتا ہے۔نسخہ یہ ہے۔ ھوالشافی:آملہ آٹھ تولہ اورقند سفید ایک کلولیں۔آملہ کو ایک سیر گائے کے دودھ میں چوبیس گھنٹے تک تر رکھیں۔ بعدازاں آملہ کو دھو کر پانی میں جوش دے کر مل چھان کر اسی پانی میں چینی شامل کرکے قوام بنائیں۔ خوراک: چھ ماشہ صبح و چھ ماشہ شام ہمراہ عرق گائوں زبان یا پانی دیں۔ دیر ہضم اور بادی غذا سے پرہیز رکھیں۔یہ کھانسی، دمہ اور کمزوری کے لئے بھی مفید ہے۔