تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! الحمدللہ! دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکر گزار ہوں کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت عبقری بھی ہے، جو ہر ماہ میرے ہاتھوں میں آ کر دل کو روحانی سکون اورجسم کو شفا عطا کرتا ہے۔ کافی عرصے سے دل میں خواہش تھی کہ اپنی داستانِ عبقری کے قارئین کے لئے لکھوںمگر آج رب کریم نے اس نیکی کی توفیق عطا فرما ئی۔
میں گزشتہ تین ماہ سے پیٹ کی ایک نہایت تکلیف دہ اور اذیت ناک بیماری کا شکار تھا۔ زندگی کا سکون ختم ،کھانے کا مزہ چِھن گیا، ہاضمہ بگڑ ااورجسمانی کمزوری حد سے زیادہ بڑھ گئی تھی۔ چہرہ زرد، آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے، دل بوجھل، طبیعت میں جھنجھلاہٹ اور ہر وقت کمزوری کا احساس غالب رہتا تھا۔ معمولی کام بھی تھکا دیتے تھے۔ دن میں چار پانچ مرتبہ دست آتے، کھایا پیا سب بے اثر، جیسے جسم ہر شے کو مسترد کر رہا ہو۔میرے والد محترم خود طب کے شعبہ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنی دانست میں جو کچھ ممکن تھا، وہ سب کچھ آزمایا۔ دیسی نسخے، ڈاکٹری علاج اور ٹیسٹ بھی کروائے گئے، لیکن کہیں سے بھی شفا کی کوئی امیدنظر نہ آئی۔ لگتا تھا جیسے بیماری نے جڑیں پکڑ لی ہوں۔
خیال رکھنا ۔۔۔یہ راز کسی کو نہ بتانا
پھر ایک دن ایک پنساری سے ملاقات ہوئی جو ہمارا عزیز بھی ہے ۔ اس کو میں نےاپنا مسئلہ بتایا تواس نے ایک نہایت قیمتی اور مجرب نسخہ دیا ۔ یہ نسخہ اس کے پاس ایک خاندانی راز تھا ۔ اس نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ نسخہ تمہارے لیے شفا کا ذریعہ بنے گا، لیکن یاد رکھنا! یہ نسخہ اپنے تک محدود رکھنا۔ اگر چاہو تو اسے بنا کر‘ بیچ کر پیسے بھی کما سکتے ہو، لیکن اسے کسی دوسرے کو نہ دینا۔میں نے کاغذ لیا، دوا تیار کی اور نسخہ استعمال کرنا شروع کردیا‘دیکھتے ہی دیکھتے میری صحت بہتری کی جانب گامزن ہونے لگی اور بیماری کم ہوتی گئی۔مسلسل کچھ عرصہ یہ نسخہ استعمال کرنے سے آج ہاضمہ درست، جسم میں طاقت، چہرہ پر رونق اور طبیعت خوشگوار ہے۔
 عبقری کی بخل شکنی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ اسے چھپاوں گا نہیں بلکہ مخلوق خدا کے لئے عام کر دوں گا۔ یہ نسخہ پیٹ کے تمام امراض، خاص طور پر دست، معدے کی خرابی، آنتوں کی کمزوری اور ہاضمے کی بیماریوں کے لیے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔
ھوالشافی:رال سفید: 2 تولہ، قنوجہ: 4 تولہ، اسپغول: 4 تولہ، میتھی دانہ: 4 تولہ، گوندکتیرا: 2 تولہ، بہی دانہ: 2 تولہ، چھوٹی الائچی: 1 تولہ، بادیان: 2 تولہ، بائیکارب: 1 تولہ‘ان اجزاء کو پیس کر سفوف بنا لیں۔
 طریقہ استعمال: صبح و شام دو بڑے چمچ نیم گرم پانی کے ساتھ  کچھ عرصہ مسلسل استعمال کریں اور شفاء پائیں۔