چہرے کو ترو تازہ، چمکدار اور صحت مند رکھنے کے لیے سب سے بہترین اور فائدہ مند عمل ’’اسکن آئسنگ‘‘ کہلاتا ہے یہ ایک ایسی چیز ہے جس پر کوئی خرچہ نہیں لیکن اس کے فوائد بے شمار ہیں۔ جو خواتین اپنے چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے نت نئی اور مہنگی سے مہنگی لوشن اور کریمز استعمال کرتی ہیں اور اکثر اوقات چہرے کی جلد کی مناسبت سے وہ ان کا صحیح طور پر سے انتخاب بھی نہیں کر پاتیں۔ ان کے لیے اسکن آئسنگ ایک بہترین عمل ہے۔ اسکن آئسنگ یعنی چہرے پر کیوبز کی شکل میں برف سے مساج کرنا یا برف ملنا کہلاتا ہے۔ اس طریقہ کار سے چہرہ تروتازہ ہوتا ہے، جھریوں اور لائنوں کو نہ صرف ختم کرتا ہے بلکہ مزید بڑھنے سے بچاتا ہے۔ اس کے علاوہ چہرے پر ہو جانے والے داغ دھبوں اور دانوں کو بھی ختم کرتا ہے اور اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کے مسلسل استعمال سے نہ صرف چہرے پر بلڈ سرکولیشن کی رفتار تیز ہوتی ہے اس عمل سے چہرہ نہ صرف نکھرتا ہے بلکہ رنگ بھی صاف ہو جاتا ہے۔ اسکن آئسنگ دن میں کسی بھی وقت کی جاسکتی ہے۔ گرمیوں کے ساتھ ساتھ یہ سردیوں کے موسم میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ اسکن آئسنگ چہرے کے لیے اور کس طرح مفید ہوسکتی ہے۔
ہموار جلدکے لیے
چہرے کے لیے آئسنگ جلد کو ہموار بنواتی ہے کیونکہ اس کے مساج سے نہ صرف اسکن ٹائٹ ہوتی ہے بلکہ یہ چہرے کے کھلے ہوئے مسام کو بھی تنگ یا سکڑنے میں مدد دیتی ہے یہ چکنی جلد پر زیادہ پائے جاتے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ جس قسم کی اسکن پر Sebum (آئل یا چکنائی کا اخراج کرنے والے گلینڈ کا نام) زیادہ ہوں وہاں مسام کھل جاتے ہیں اور ان پر میک اپ کرنا ازحد مشکل عمل ہو جاتا ہے۔ مسلسل اسکن آئسنگ سے نہ صرف اسکن کی ٹون بہتر ہوتی ہے بلکہ اس میں ہمواریت بھی آجاتی ہے جس سے میک اپ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
کھلےمساموں کے لیے
چہرے پر اسکن آئسنگ کرنا ایک بہترین عمل ہے کھلے ہوئے مساموں کے لیے یہ بہترین ٹونر کا کام کرتا ہے اور جب آپ میک اپ کرنے سے پہلے چہرے پر اسکن آئسنگ کرلیں تو یہ آپ کے چہرے کے لیے سود مند ہوگا اس سے مسام چھوٹے اور تنگ ہو جائیں گے جس میں نہ صرف میک اپ اچھا لگتا ہے بلکہ ایسی جلد جس پر میک اپ سے پہلے آئسنگ کی گئی ہو اس پر فائونڈیشن ہموار محسوس ہوگا جس سے اسکن ہمواریت ہوگی اور آپ کا چہرہ اتنا فریش اور تروتازہ ہو جائے گا کہ آپ خود بھی حیران رہ جائیں گی اس لیے جب کبھی آپ میک اپ کریں تو اس سے پہلے چہرے پر آئسنگ ضرور کرلیں۔
چہرے پر نکھار لانے کے لیے
جب چہرے پر آئسنگ کی جاتی ہے اور مساج کی طرح برف کے کیوبز کو چہرے پر ملا جاتا ہے تب دائیں سے بائیں اور اوپر سے نیچے مساج کرنے سے خون کی گردش بڑھنے لگتی ہے۔ خون کی یہ گردش چہرے کے لیے انتہائی مفید ہوتی ہے اس سے نہ صرف چہرے پر نکھار آتا ہے بلکہ رنگ بھی صاف ہوتا ہے اس کے علاوہ آنکھوں کے گرد یا پپوٹوں پر ہونے والی سوجن جو اکثر بے خوابی یا نیند کی کمی کے باعث ہونے لگتی ہے اس کے خاتمے کے لیے اسکن آئسنگ بہترین عمل ہے۔
جھریوں کے خاتمے کے لیے
جن خواتین کو خشک جلد جیسے مسائل کا سامنا رہتا ہے ان میں بڑا مسئلہ جھریاں یا لائنوں کے پڑ جانے کا بھی ہے اور ان کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں‘ خشک جلد کی حامل خواتین ایسے مسائل سے دو چار رہتی ہیں۔ ان کے لیے بھی اسکن آئسنگ بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ ہفتہ میں دو بار رات کے وقت برف کا مساج کریں تقریباً پندرہ منٹ تک لیکن وقفہ وقفہ سے۔ اس کے بعد چہرہ ٹشو پیپر سے خشک کریں اور کوئی اچھی موئسچرائزنگ کریم یا لوشن لگا لیں اس عمل سے نہ صرف پہلے موجود جھریوں اور لائنوں کا خاتمہ ہوگا بلکہ نئی لائنیں اور جھریاں بننے کا عمل بھی رک جائے گا۔
سرخ دانوں کے خاتمے کے لیے
نو عمری میں اکثر لڑکیوں کو سرخ دانے ابھرنے کی شکایت رہتی ہے یہ دانے چہرے پر بدصورت دکھائی دیتے ہیں اس کے علاوہ چہرے پر ہونے والے دوسری قسم کے دانے اور الرجی کو ختم کرنے کے لیے اسکن آئسنگ انتہائی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ یہ نہ صرف دانوں کا خاتمہ کرتی بلکہ ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سوزش اور سرخی کو بھی ختم کرتی ہے۔ چہرے پر ابھرنے والے کسی بھی ایک نئے دانے پر برف کا مساج کریں اور اس کے حیرت انگیز نتائج دیکھیں یہ مساج نہ صرف دانے کے بڑھنے کے عمل کو سست کردے گا بلکہ ان کا خاتمہ بھی کرے گا۔ کسی بھی ایک دانے پر آئس کیوب کو چند سیکنڈ کے لیے رکھیں یا پھر اس وقت لگائے رکھیں جب تک متاثر حصہ ہلکا سا سُن محسوس ہونے لگے۔ چہرے پر دانوں کے عمل خاتمے کے لیے یہ ہی عمل ہر رات کو مسلسل کریں سات یا دس دن متواتر کرنے سے دانے ختم ہو جائیں گے۔
جلن دور کرنے کے لیے
اکثر خواتین کو اس بات کی شکایت بھی رہتی ہے کہ چہرے پر بلیچ کرنے کے بعد انہیں جلن ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ جن خواتین کی اسکن بلیچ کے بعد جلتی ہے اس کا مطلب ہے ان کی جلد نہایت حساس ہے ایسی خواتین کو چاہیے کہ وہ بلیچ کرنے سے پہلے کوئی اچھا سا اسکن ٹونر لگائیں اور بلیچ صاف کرنے کے بعد برف کا مساج ہلکے ہاتھوں سے کریں اسکن جلنا ختم ہو جائے گی۔ چہرے پر سوزش اور جلن روکنے کا بہترین عمل ہے۔
جلد کی آئسنگ کے اہم نکات:
٭اسکن آئسنگ کے لیے کسی غیر معمولی مشقت کی ضرورت نہیں ہوتی آپ اسے صبح یا شام کسی بھی وقت کرسکتی ہیں۔ بس ایک وقت مقرر کرلیں۔٭آئسنگ کرنے سے پہلے اپنا چہرہ اچھی طرح دھولیں۔٭ایک یاد و آئس کیوبز کو سافٹ کپڑے میں لپیٹ لیں۔٭جب برف کپڑے کے اندر ہلکے ہلکے پگھلنا شروع ہوتو تب اسے چہرے پر لگانا شروع کریں۔٭چہرےکے مختلف حصوں پر دو سے تین منٹ تک لگائے رکھیں اور اس کی موومنٹ بالکل اسی طرح رکھیں جس طرح فیشل کراتے ہوئے رکھی جاتی ہے یعنی تھوڑی سے جبڑے تک باہر کی طرف گال سے کانوں کے باہر کی طرف، ماتھے پر اوپری طرف مساج کریں آنکھوں کے گرد ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں۔