محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!آپ کی دعائوں اور آپ کی دی گئی تسبیح کی وجہ سے بہت سکون اور آرام ہے۔ الحمدللہ میرے بچے جو کبھی امتحانات میں فیل ہوا کرتے تھے اب امتحانات میں پوزیشن لیتے ہیں۔جب بھی پرچہ لکھنا شروع کرتے ہیں تو سب سے پہلے بسم اللہ الرحمن الرحیم کے بعد ’’رَبِّ یَسِّرْ وَلَاتُعَسِّرْ وَتَـمِّمْ بِالْـخَیْرِ وَبِکَ نَسْتَعِیْنَ‘‘پڑھ لیتے ہیں جس سے پرچہ لکھنے میں آسانی ہوتی ہے اور سوالوں کے جواب بھی فوراً سے ذہن میں آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ پرچہ ختم کرنے کے بعد ’’یَاحَسِیْبُ‘‘ کی تسبیح کرتے ہیں۔ میرے ایک بیٹے نے میٹرک میں اے گریڈ حاصل کیا باقی تینوں نے بی گریڈ لیا۔ بڑے بیٹے نے سول انجینئر کا امتحان دیا ماشاء اللہ سے اچھے نمبرز سے پاس ہوا۔ میں چاہتی تھی کہ میری بیٹیاں بھی بیٹوں کی طرح پڑھیں تو جب ہم نے بیٹیوں کو پڑھانا شروع کیا تو خاندان والوں نے باتیں کرنا شروع کیں لیکن ہم نے کسی بات کو نوٹس میں نہیں لیا۔ جب سے آپ کے دیئے گئے اعمال کرنا شروع کیے ہیں آج وہی خاندان والے جب میری بیٹیوں کو پڑھنے پر ہمیں باتیں کیا کرتے تھے آج میری بیٹیوں کی تعریفیں کرتے ہیں۔اس کے علاوہ میرے شوہر اور بیٹوں نے گھر سے نکلتے وقت ’’یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ‘‘ کا ورد کرنا اپنے معمول کا حصہ بنا لیا ہے۔