اب تک آنے والی میری جتنی بھی تالیفات ہیں ان کے حوالہ جات حقیقت‘ سببِ تالیف یہ سب قارئین تک پہنچانے کی ایک کوشش ہے میں ہر کتاب کا حوالہ دوں گا کہ کتاب کن حوالہ جات سے مل کر ایک کتاب بنی ہے۔اگر میری کسی کتاب میں غلطی ہو‘ اطلاع دیں‘ شکرگزار ہوں گا۔
کتاب نمبر44:نباتات قرآنی اورجدید سائنس: اب تک قرآن مجید پر تفاسیر اور تشریح و ترجمہ کا بہت کام ہوا ہے اور ہورہا ہے لیکن یہ ایک موضوع طور پر تشنہ تھا کہ قرآن مجید میں جن نباتات کا ذکر کیا گیا ہے ان کی جدید و قدیم تحقیق عوام الناس تک پہنچائی جائے اور اس موضوع پر تحقیق کی جائے۔ بندہ نے اپنی اس تالیف میںمحض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس کی طرف توجہ کی اور عرصہ دراز کی محنت کے بعد ایک مجموعہ تیار ہوا جو کہ ایک کتاب کی شکل میں عوام کی خدمت پیش کیا۔ عوام الناس میں بے حد مقبول ہوئی ۔ قرآن مجید میں جتنی بھی جڑی بوٹیاں یا پھلوں یعنی نباتات کا ذکر کیا گیا ہے ان کے فوائد بے شمار اور ان کی تحقیق کیلئے انسانی زندگیاں چاہئیں لیکن وہ موضوع جواب تک محققین کی نظروں سے اوجھل رہا یا اگر کسی نے نباتاتِ قرآنی پر کام کیا ہے تو بالکل مختصر‘ نہ ہونے کے برابر۔ بندہ نے اس بات کی کوشش کی ہے کہ کتاب میں انتہائی تحقیق اور ریسرچ کو خاص طورپر جگہ دی جائے بلکہ یہ کتاب دراصل تحقیق اور ریسرچ کا ہی مجموعہ ہے۔ اس کتاب کی تیاری میں جن کتب و رسائل سے مدد لی ان کے نام درج ذیل ہیں:۔ بخاری شریف۔ مسلم شریف۔ ابوداؤد۔ابن ماجہ۔ نباتاتِ قرآن۔سنت نبویؐ اور جدید سائنس۔ مستند طیاسی۔طبی تجربات و مشاہدات۔ انڈین میڈیسن۔ ہربل ریسرچ فار ہیومن۔ دیش کی بوٹیاں۔پھل اور مشاہدات۔ میڈیکل سروے آف کنگ۔ نوٹ: اگر کوئی حوالہ غلطی سے رہ جائے تو ضرور اطلاع دیں‘ میں ہر پل اصلاح کا محتاج ہوں۔(ایڈیٹر)