محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ہم عبقری رسالہ بہت شوق سے پڑھتے ہیں۔ آج میں سردیوں کے حوالے سے ایک ٹوٹکہ لے کر حاضر ہوا ہوں۔ بوڑھے افراد کو سردی بہت زیادہ لگتی ہے اور اب سردیوں کا موسم چل رہا ہے‘ جب تک جسم کو اندر سے گرم نہ کیا جائے سردی کی شدت کم نہیں ہوتی‘ دادا جان کو ہم لوگوں نے کوئلے کی انگیٹھی جلا کر دیتے‘ کبھی گیس ہیٹر جلادیتے‘ مگر ان کی سردی کم نہ ہوتی‘ میری خالہ جو کراچی میں رہتی ہیں (اللہ ان کو صحت اور ایمان کی سلامتی عطا کرے آمین) انہوں نے ہمیں بتایا کہ پیپسی یا کوک کی ڈیڑھ یا سوا دو لیٹر کی پلاسٹک کی خالی بوتل میں گرم پانی ڈالیں اور بوتل کو دو یا تین انچ اوپر سے خالی رکھیں مکمل نہ بھریں اور جس کو زیادہ سردی لگتی ہو اس کے بستر میں اس کی ٹانگوں اور کمر کے ساتھ رکھیں۔ اللہ کےفضل سے ساری رات سردی کا احساس بھی نہ ہوگا اور وہ پرسکون نیند سوئے گا۔