محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! ماہنامہ عبقری کچھ عرصہ سے پڑھ رہا ہوں‘ ہر لحاظ سے بہت اچھا رسالہ ہے‘ عبقری رسالہ میں موجود مضمون ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ بہت شوق سے پڑھتا ہوں‘ علامہ لاہوتی پراسراری صاحب کے بتائے وظائف خود بھی کرتا ہوں اور دوسروں کو بھی بتاتا ہوں‘ علامہ صاحب کا بتایا ایک وظیفہ یاقہار میں نے بھی پڑھنا شروع کیا۔ میری بیوی کی ڈیلیوری تھی‘ راولپنڈی کے دو بڑے اور مشہور ہسپتال والوں نے کہا کہ آپریشن کے بغیر ڈیلیوری ممکن نہیں‘ بچے کو بھی نرسری میں رکھنا پڑے گا۔ میں بہت زیادہ پریشان ہوگیاکیونکہ ایک تو آپریشن کا خرچ بہت زیادہ بتایا جارہا تھا اور دوسرا بچے کو ایک دن نرسری میں رکھنے کے ہزاروں روپے بتائے جنہیں سن کرمیں چکرا سا گیا تھا کہ میں اتنا کہاں سے لاؤں گا۔ گھر والے بھی سخت پریشان تھے کہ اب کیا ہوگا؟ مگر میں نے اللہ کی طرف رجوع کیا اور
لاتعداد یاقہار پڑھنا شروع کردیا‘جیسے جیسے پڑھتا حالات بدلتے گئے۔ اس اسم الٰہی کی برکت کی وجہ سے آپریش بھی نہیں ہوا‘ نارمل ڈیلیوری ہوئی‘ بچہ بھی ٹھیک ٹھاک ہے‘ اللہ کا شکر ہے کہ علامہ لاہوتی صاحب کا بتایا ہوا وظیفہ میرے کام آگیا۔اگر یہ وظیفہ نہ ہوتا تو آج میں قرض میں ڈوبا ہوا کسی کونے میں پریشان بیٹھا ہوتا۔ مگر اب میں اپنے بچے کو گود میں اٹھائے خوش و خرم ہوں۔ (عبدالواحد‘ گوجرخان)