حضرت زر(بن حبیش) رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے فرمایا: قسم ہے اس ذات کی جس نے دانے کو پھاڑا(اور اس سے اناج اور نباتات اگائے) اور جس نے جانداروں کو پیدا کیا‘ حضور نبی اُمیﷺ کا مجھ سے عہد ہے کہ مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا اور صرف منافق ہی مجھ سے بغض رکھے گا۔‘‘ (مسلم‘ نسائی‘ ابن حبان)حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:’’ اللہ تعالیٰ نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں فاطمہ (رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ) کا نکاح علی (رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ) سے کردوں۔‘‘ (طبرانی) حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بیان کرتے ہیں کہ غزوہ خیبر کے روز حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے قلعہ خیبر کا دروازہ اٹھالیا یہاں تک کہ مسلمان قلعہ پر چڑھ گئے اور اسے فتح کرلیا اور یہ آزمودہ بات ہے کہ اس دروازے کو چالیس آدمی مل کر اٹھاتے تھے۔ (امام ابن ابی شیبہ) حضرت ابوطفیل رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم ﷺ تشریف لائے تو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ مٹی پر سورہے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: تو سب ناموں میں سے ابوتراب کا زیادہ حق دار ہے تو ابوتراب ہے۔(طبرانی)