محترم حضرت شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!اللہ تعالیٰ آپ کو‘ آپ کے گھر والوں اور آنے والی نسلوں کو خوش و خرم عافیت اور برکت والی لمبی زندگی عطا فرمائے آمین۔میں پچھلے چندسالوں سے عبقری سے وابستہ ہوں‘مسلسل آپ کے درس سنتی ہوں‘مسنون اعمال جن کا آپ تذکرہ فرماتےہیں اس کی برکت سے اللہ نے دنیا سنوار دی ہے اور ان انشاءاللہ یقین ہے آخرت میں بھی اس کا بہترین اجر ملے گا۔میں اپنے کچھ مشاہدات آج تحریر کر رہی ہوں تا کہ جو لوگ پہلے سے اعمال کر رہے ہیں ان کی یاد دہانی ہو جائے اور جو پہلی بار پڑھیں وہ بھی مستفید ہوجائیں۔
میں جس گھرمیں کرایہ دار ہوں ان کی بیٹی کی کہیں جاب نہیںلگ رہی تھی‘میں نے ان کی والدہ کو وظیفہ بتایا تو ان کی والدہ نے عشاء کی نماز کے بعد تین مہینے تقریباًیہ وظیفہ کیا ان کی بیٹی کی گوڑنمنٹ کے اہم ادارے میں 14 سکیل میں نوکری لگ گئی جس سے وہ بہت زیادہ خوش ہوئے اور ان کا اعمال سے پلنے پر یقین پختہ ہوا۔وظیفہ یہ تھا اول آخر تین بار درود شریف 505 مرتبہ حَسْبُنَااللہُ وَنِعْمَ الْوَکِیْل اور 505 مرتبہ یَا مُسَبِّبَ الْاَسْبَاب پڑھنا ہے۔
کالے جادو کے وار کا قرآنی علاج
ایک عورت تھی جو کہ بوڑھی ہو رہی تھی انہوں نے اپنے پڑھاپے کے سہارے کے لئے دوسری شادی کی‘ ان کا شوہر بھی پہلے سے شادی شدہ تھا جس کے اپنے بچے بھی تھے اور ان بچوں کی شادی بھی ہو چکی تھی‘ مگر دوسرے شوہر نے بھی ان کو دھوکہ دیا اور اس خاتون کی ذاتی جائیداد اس شخص نے اپنے بچوں میں بانٹ دی‘ اس کے علاوہ اس عورت پر جانی حملہ بھی کیا گیا۔وہ ہر وقت روتی رہتی اور بتاتی کہ ان کی سوتیلی بہوئوں نے ان کی جائیداد ہتھیانے اور ان کو ستانے کے لئے کالا جادو کیا ہے اور بتانے لگی اس کالے جادو کے زریعے میرے شوہر کو ایساپاگل کر دیا ہے کہ وہ میری کسی بات کو سننے کے لئے تیار نہیں ہے اور مجھے نقصان پہنچانے میں درپیش ہے۔میں نے انہیں روزانہ اول آخر درود پاک کے ساتھ سورۃ بقرہ پڑھنے کے لئے بتایا۔وہ خاتون مایوس ہو چکی تھی اور کہنے لگی میں پہلے بھی بہت وظائف کر کے تھک چکی ہوں‘ میری بہوئوں نے بہت سخت کالا جادو کروایا جس کا علاج نا ممکن نظر آتا ہے۔میں نے انھیں تسلی دی اور بتایا کہ اللہ کے کلام میں بہت طاقت ہے اور سورۃ بقرہ کی افضلیت کے بارے میں احادیث کا تذکرہ بھی کیا اور آخر کا ر وہ سورۃ بقرہ کا عمل کرنے پر رضا مند ہو گئی۔اس دکھیاری خاتون نے توجہ کے ساتھ کچھ عرصہ مستقل سورۃ بقرہ کا یہ عمل کیا ۔
وہ خاتون کچھ دن بعد ملی ‘ اس بار ان کے چہرے پر اطمینان اور خوشی کے آثار تھے۔ مجھے بتانے لگی کہ میرے شوہر جنہوں نے مجھے چھوڑ دیاتھا اور بالکل پرواہ نہیں کرتے تھے اب مجھے خود کال کرتے ہیں‘ معافیاں مانگتے ہیں اور میری منتیں کر رہیں ہیں کہ مجھ سے صلح کر لو جبکہ اس سے پہلے وہ مجھ سے بات کرنا بھی گوارا نہ کرتے تھے۔میرے باقی معاملات بھی بہتر ہو رہے ہیں جو حل ہونے کے قریب ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کا یقین سورۃ بقرہ پر مزید پختہ ہو گیا ہے اور وہ مستقل مزاجی کے ساتھ اس عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
درود پاک کی برکت سے نیک خواب
آپ نے درس میں مُحَمَدٌرَّسُوْلَ اللہ اَحْمَدُرَسُوْلُ اللہ کے بہت سے فضائل بیان فرمائے تھے ۔میں نے اس درود پاک کو عشاء کی نماز کے بعد 35 بار پڑھنا شروع کیا جس سے مجھ پر یہ بات کھلی کے اس عمل سے دنیاوی مسائل بھی ختم ہوتے ہیں اس کے علاوہ مبارک خواب آتے ہیں اور اللہ کے نیک بندوں کی زیارت بھی ہوتی ہے۔