بیتے لمحات یاد کرتا ہوں تو کانپ اٹھتا ہوں!
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! شکر کےجذبات لیے آج قلم اٹھایا ہے‘ گزشتہ بیتے صبح و شام پر نظر دوڑاتا ہوں تو کانپ جاتا ہوں۔مگر آپ کے عبقری نے مجھے جینے کا اصل ڈھنگ دیا ہے۔ عبقری سے تعارف سے پہلے میں روزانہ ایک ہالی وڈ کی فلم دیکھ کر سوتا تھا‘ جس رات کسی وجہ سے فلم نہ دیکھ پاتا ساری رات جاگ کر گزرتی‘ حتیٰ کہ ایک نیم سرکاری ادارے میں ملازم ہوں وہاں بھی صبح وقت سے پہلے جاتا اور جاتے ہی دو سے تین فلمیں ڈاؤن لوڈ کرلیتا اور سارا دن فارغ اوقات میں وہ فلمیں دیکھ لیتا۔ دو سال پہلے کرونا کی وباء پھیلی تو ہمارا دفتر تین ماہ کے لیے بند رہا‘ معاشی طور پر پہلے ہی کمزور تھا‘ تنخواہ میں بمشکل گزارا کررہا تھا‘ مزید جب فارغ ہوا تھا پریشانی میں اضافہ ہوگیا‘ ایک وقت یہ آیا کہ انٹرنیٹ کے پیکیج کے لیے پیسے بھی نہ رہے۔ پھر قرض لے کر گزارا کرنا شروع کردیا۔ اللہ سے کیسے لیتے ہیں؟ کیسے مانگتے ہیں؟ رب سے التجائیں کیسے کی جاتی ہیں؟ نہ کبھی سیکھا تھا نہ کسی نے سکھایا اور بتایا تھا اور نہ ہی کسی سکھانے والے کے پاس کبھی گئے تھے۔
خوشحالی کے راز
ایک روز ادھار پیسوں سے کیے گئے انٹرنیٹ پیکیج سے میں یوٹیوب پر کمائی کرنے کے طریقے تلاش کررہا تھا‘ کافی ویڈیوز دیکھ چکا تھا مگر کچھ سمجھ نہ آرہا تھا‘ سرچنگ کے دوران ہی اچانک میرے سامنے عبقری یوٹیوب چینل پر ڈالی گئی ایک ویڈیو ’’خوشحالی کے راز‘‘ آئی‘ جب یہ ویڈیو کھولی تو وہ تو ایک پورا سلسلہ تھا اس میں شیخ الوظائف کے جمعرات کی محافل میں خوشحالی کے راز پر سلسلہ وار درس تھے۔ بس میں نے وہ سننا شروع کردئیے۔ خوشحالی کے رازوں پر شیخ الوظائف نے جتنی محافل کی تھیں وہ تمام کی تمام میں نے چند دنوں میں سن لیں۔ یقین کیجئے پانچ سے چھ دن کے بعد میں کچھ اورتھا‘ میری طبیعت‘ میرا مزاج‘ میرا چلنا‘ بیٹھنا‘ اٹھنا‘ لوگوں سے بات کرنا‘ اپنے آپ سے بات کرنا‘ میرا لباس‘ میرے گمان‘ میری سوچیں ہر چیز بدل چکی تھی۔یاد نہیں کبھی مسجد میں جاکر عید کے علاوہ کوئی نماز پڑھی ہو‘ مگر آہستہ آہستہ قدم خودبخود مسجد کی طرف بڑھنا شروع ہوگئے‘ جمعرات کی محافل اور عبقری رسالہ کی برکات سے زندگی میں مسنون اعمال آگئے‘ تسبیح ٓآگئی‘ مصلیٰ آگیا اور سب سے بڑھ کر تسبیح خانہ آگیا۔
قرآن پڑھنا دکاندار سے سیکھا
مجھے آج بھی یاد ہے کہ شیخ الوظائف نے خوشحالی کے راز نمبر دو میں فرمایا تھا کہ قرآن پاک دعا بھی دیتا ہے اور بددعا بھی دیتا ہے۔ میرے ذہن میں یہ فکر لاحق ہوئی کہ مجھے قرآن مجید پڑھنا چاہیے‘ میں ایک روز اپنے بیٹے کے لیے پیمپر خریدنے گیا تو دکاندار قرآن پاک کی تلاوت کررہا تھا ان کی عادت تھی کہ ہر گاہک کو چائے پانی پوچھتے تھے میں نے ان سے کہا کہ آپ چائے پانی چھوڑئیے آپ یہ دعا کیجئے کہ مجھے رب کریم قرآن پاک پڑھنے کی توفیق عطا فرمادے‘ انہوں نے کہاکہ آپ وقت نکال کر قرآن پاک پڑھتے کیوں نہیں؟ میں نے جواب دیا کہ مجھے قرآن پاک پڑھنا نہیں آتا۔ انہوں نے کہا آپ مجھ سے قرآن پاک پڑھنا سیکھ لیجئے‘ میں بہت خوش ہوا میں نے کہا ٹھیک ہے کل سے میں آپ کے پاس آجایا کروں گا‘ انہوں نے کہا ضرور میری خوش نصیبی ہوگی کہ میں کسی کو کلام الٰہی پڑھنا سکھادوں گا۔
اگلے دن سے ہی میں قرآن پاک پڑھنا سیکھنے کیلئے اس دکاندار کے پاس چلا گیا۔ اس کے علاوہ میں ہر جمعرات کو تسبیح خانہ لاہور میں ہونےوالی میں لازم شریک ہوتا۔ ایک سال میں مسلسل اس دکاندار کے پاس قرآن پاک کی تلاوت کرنے کیلئے جاتا رہا اور اس دوران کبھی تسبیح خانہ کی محافل نہ چھوڑیں۔ اسی دوران رب نے مجھے توفیق دی کہ میں نے سنت رسول ﷺ کے مطابق ڈاڑھی رکھ لی۔ ایک سال میں میرا ناظرہ قرآن پاک مکمل ہوا اور 37 سال کی عمر میں، میں نے قرآن پاک کی باقاعدہ روزانہ فجر اور عشاء کے بعد تلاوت شروع کردی۔ گھر میں مسنون اعمال اور سنتوں کی بہار آگئی ہے۔ کوئی چیز گم ہوجائے تو میرا چار سال کا بیٹا یارب موسیٰ یارب کلیم بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھنا شروع ہوجاتا ہے چیز مل جاتی ہے‘ بلکہ اپنی دادی کو بھی بتاتا ہے کہ دادی اماں یہ پڑھا کریں چیز فوراً مل جاتی ہے۔ الحمدللہ!
میری تنہائیاں پاک ہوگئیں
عبقری سے جڑنے کے بعد میری تنہائیاں پاک ہوگئی ہیں‘ شادی سے پہلے بھی کبھی کبھی شراب نوشی کرتا تھا‘ شادی کے بعد بیوی جب کبھی میکے جاتی تو میں پیچھے شراب نوشی کرتا‘ کبھی بیوی کو معلوم نہ ہونے دیا کہ میں شراب بھی پیتا ہوں‘ اب اللہ کے کرم اور آپ کی توجہات سے میں نے شراب نوشی چھوڑ دی ہے‘ نماز کی پابندی اور قرآن پاک کی تلاوت لازم کرتا ہوں۔جب سے یامانع پڑھنا شروع کیا ہے میری تمام بُری عادات ختم ہوگئی ہیں جس میں نسوار کھانا شامل ہے اور میں ہمیشہ الٹا لیٹتا تھا‘ گزشتہ دس سال سے جب تک میں الٹا نہ لیٹتا تھا مجھے نیند نہ آتی تھی‘ یامانع کی برکت سے الٹا لیٹنا چھوڑ دیا ہے‘ سنت طریقے سے سونے کی کوشش کرتا ہوں اور پرسکون اور بہترین نیند آتی ہے۔جمعرات کی محافل اور عبقری رسالہ میں اکثر سورۂ کوثر 129 مرتبہ پڑھنے اور اس کی برکات پڑھیں‘ تنخواہ کم اور اخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے ہرمہینے کے آخر میں ادھار لینا پڑتا تھا مگر جب سے سورۂ کوثر 129 مرتبہ صبح و شام پڑھنا شروع کیے ہیں‘ میری اسی تنخواہ میں اتنی برکت ہوجاتی ہے کہ اخراجات بھی اتنے ہی ہیں مگر مجھے مہینے کے آخر میں اب ادھار نہیں لینا پڑتا۔
ہائی بلڈپریشر کے مسائل ختم
مجھے ہائی بلڈپریشر کے مسائل تھے‘ تسبیح خانہ لاہور میں جمعرات کی محفل میں شیخ الوظائف نے ناخن کاٹنے کا عمل بتایا تھا کہ ناخن کاٹ کر سفید ٹشو میں لپیٹ کر اوپر ایک تسبیح انا للہ وانا الیہ راجعون پڑھ کر ان ناخنوں کو ٹشو سمیت دفن کردیں۔ مزید ناخن کاٹنے کے فوراً بعد ناخنوں پر سرسوں کا تیل لگائیں۔ میں نے ناخن کاٹنے کے بعد ناخنوں پر سرسوں کا تیل لگانا شروع کیا یا سر میں تیل لگا ہوتو ناخن کاٹنے کے بعد انگلیوں کو سر میں کھجاتا ہوں تو ناخنوں کو تیل لگ جاتا ہے۔ میرا بلڈپریشر اب کنٹرول میں رہتا ہے اور طبیعت پرسکون رہتی ہے۔یقین کیجئے زندگی میں اتنا بدلاؤ آیا ہے کہ مجھے دو سے تین سال پہلے ملنے والا جب کبھی اچانک ملتا ہے تو میرے مزاج‘ میرے چہرے‘ میرے حلیے اور میری باتیں سن کر حیران رہ جاتا ہے کہ کیا تم وہی ہو؟ یہ سب عبقری رسالہ‘ تسبیح خانہ کی برکات ہیں کہ انہوں نے میری زندگی بدل ڈالی ہے۔ مجھے جب کبھی عبقری رسالہ‘ تسبیح خانہ کے متعلق شک وساوس آئیں تو میں بسم اللہ ماشاء اللہ لاقوۃ الا باللہ پڑھتا ہوں جس سے شک و ساوس ‘ بدگمانی ختم ہوجاتی ہے۔
عبقری رسالہ میں ایک مرتبہ بدن پر مالش کے فوائد پڑھے‘ میں روزانہ صبح نہانے کے بعد زیتون کا ہلکا سا تیل لیکر گیلے بدن پر مالش کرتا ہوں سارا دن ہشاش بشاش رہتا ہوں۔