محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں عبقری کی جتنی بھی تعریف کروں کم ہے۔ اس عبقری کی وجہ سے میری زندگی بدل گئی ہے۔ موتی مسجد اور تسبیح خانہ سے مجھے جو روحانی فیض ملا بیان کرتے ہوئے میں بہت جذباتی ہورہی ہوں۔ جب تک میرا عبقری سے تعلق نہیں تھا میں سر سے پائوں تک مختلف بیماریوں میں مبتلا تھی ہر بیماری کی شدت اتنی زیادہ تھی جس نے میری زندگی اورمیرے جینے کی خواہش ختم کردی تھی۔ مجھے دل کی تکلیف بہت سخت تھی ذرا سی آواز فون کی یا میسج کی ہی ٹون سے میرے دل کی دھڑکن بہت زیادہ تیز ہو جاتی تھی اور جسم تھر تھر کانپتا تھا تقریباً دو گھنٹے تک یہی کیفیت رہتی تھی۔ ذہنی ڈپریشن اس قدر سخت تھا کہ کسی سے لمبی بات نہیں کرسکتی اور اگر کوئی لمبی بات چیت کرتا تو مجھے چکر آتے اور دماغ گھومنے لگتا تھا۔ کبھی کبھی میری دماغی تھکاوٹ ایسی ہوتی تھی کہ مجھے کسی کی کوئی بات سمجھ نہیں آتی تھی اور بہت سخت دماغی تھکاوٹ رہتی تھی ڈپریشن اور دل کی کمزوری کی وجہ سے کسی سے ملتی جلتی بھی نہیں تھی کیونکہ کسی کی ذرا سی بات دل کو اتنی شدت سے لگتی تھی کہ کئی کئی راتوں تک دل میں گھبراہٹ ہوتی اور سانس رکنے لگتا تھا اٹھ اٹھ کر بھاگتی تھی۔ جسمانی کمزوری، کمردرد اور سارے بدن میں درد کی وجہ سے چلنے پھرنے سے قاصر تھی۔ بدن کے کبھی کسی حصے میں درد اور کبھی کسی حصے میں درد رہتا تھا اور بغیر کسی وجہ کے ایک عجیب سی پریشانی اور بے چینی ہر وقت دل میں رہتی تھی۔
زندگی سے بیزار تھی‘ دین کی طرف کبھی لگاؤ ہی نہیں تھا‘ پھر عبقری رسالہ ملا اور زندگی بدلنا شروع ہوگئی‘ ایک مرتبہ رسالہ میں نبی کریم ﷺ کے نام مبارک’’محمد‘‘ کے فضائل پڑھے‘
تب سے اگر جسم کے کسی حصے میں مجھے کوئی درد ہو یا ہاتھ پائوں سن ہو جائے توانگلی سے باادب ہوکر محمدﷺ لکھتی ہوں فوری آرام آجاتا ہے۔ایسی اچانک شفاء سبحان اللہ‘ واقعی مجھے میرے نبی ﷺ سے عقیدت اور محبت تو عبقری نے ہی سکھائی ہے۔ایک دفعہ میرے کان کے پیچھے ایک گلٹی نکل آئی جس کا سخت درد بھی تھا دس پندرہ دن کے بعد ایسے ہی میرے دل میں خیال آیا کہ وضو کا نورانی پانی شفا کی نیت سے لگائوں تین دن تک نورانی پانی کا تصور کرکے لگایا تو گلٹی کا نام و نشان مٹ گیا۔ عبقری سے میرا تعارف دو سال پہلے ہوا مجھے ایک حکیم کی دکان پرعبقری ملا میں نے پڑھا تو مجھے بہت پسند آیا۔ پھر میں نے حکیم صاحب سے کہا یہ رسالہ مجھے دیدیں میں نے پڑھنا ہے انہوں نے انکار کردیا تو میں ان کی منت سماجت کرنے لگی میرے ساتھ میری سہیلی بھی تھی وہ حیران ہوگئی کہ تمہیں کیا ہوگیا ہے۔ لیکن میں نے واپس کرنے کا وعدہ کرکے رسالہ لے لیا۔ اس میں لوگوں کے روحانی مسائل اور بیماریوں کا حل دیکھ کر بہت خوش ہوئی۔ پھر میں نے عبقری رسالے مختلف کتب والی دکانوں پر تلاش کرکے پڑھنا شروع کردیئے۔ 2016 کے روحانی اجتماع میں بھی شرکت کی۔ وہاں سے آنے کے بعد سکون ملنا شروع ہوگیا تکلیف کم ہوگئی۔ دوبارہ رمضان 2017ء میں دس دن تسبیح خانہ میں گزارے اور روزانہ موتی مسجد بھی جاکر نفل پڑھتی رہی۔ تسبیح خانہ اور موتی مسجد میں دعا مانگتے وقت اتنی تڑپ سے روتی تھی بلکہ نڈھال ہو جاتی تھی ایک گھنٹے تک بیٹھنے کی سکت بھی نہیں رہتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے موتی مسجد اور تسبیح خانہ کی دعائوں کو ایسا قبول کیا کے اتنے تھوڑے عرصے میں بغیر کسی دوا علاج کے عبادت اور وظائف نے میری زندگی بدل دی۔ مراقبے میں اللہ کا تصور صرف پانچ منٹ میں اتنا سکون آتا ہے کہ روحانی کیفیت میں چلی جاتی ہوں۔ ہر وقت ایک وجدان ایک عشق کے حصار میں رہتی ہوں۔ میرا خاص پیغام میرے جیسے قارئین کے لیے اگر حالات اور بیماریوں سے تنگ ہوںتو چند بار ضرور موتی مسجد اور تسبیح خانہ میں پوری تڑپ توجہ کے ساتھ عبادت اور خاص کر دعا کرے۔ موتی مسجد اور تسبیح خانہ سے میرا تعلق عشق کی حد تک ہے۔ آپ اور آپ کے ادارے کے لیے میری خصوصی دعائیں ہیں ۔ اللہ تعالیٰ عبقری کو تاقیامت آباد رکھے۔ (آمین)