ٹھنڈ کے موسم میں سبزیوں کی بہار ہوتی ہے۔ ان سبزیوں کے درمیان سبز مٹر چار چاند لگا دیتی ہے۔ اتنا ہی نہیں مٹر کی موجودگی کھانے میں آپ کی دلچسپی بڑھا دیتی ہے۔مٹر میں قدرت نے بے شمار خوبیاں اور فوائد جمع کررکھے ہیں۔ سبزی ہو یا پلاؤ، پراٹھے ہو یا پوہا، ٹھنڈ کے دنوں میں بغیر مٹر کے سب ادھورا ہی ہوتا ہے۔
آپ جانتے ہیں کہ مٹر کے دانوں کے اندر کسی بھی طرح کی گٹھلی یا بیج نہیں ہوتا ہے اور یہ پوری طرح فائبر سے بھر پور آپکے پیٹ کو صاف رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ کن لوگوں کو مٹر کا استعمال ضرور کرنا چاہئے۔
سبز مٹر ایک سبزی ہے جسے چاول سے لیکر دیگر کئی طرح کی سبزی میں ملا کر کھایا جاتا ہے۔ کچھ لوگ تو اس سے پراٹھے میںبھی کھانا پسند کرتے ہیں۔ بہت سارے لوگوں کا ماننا ہے کہ مٹر صرف کھانے کو مزیدار بنانے کا کام کرتا ہے، اس میں کسی طرح کے غذائی اجزا نہیں ہوتے۔اگر آپ بھی کچھ ایسا ہی سوچ رہے ہیں تو ایسا بالکل نہیں ہے۔ مٹر بھرپور مقدار میں وٹامنز اور منرلز ہوتے ہیں۔ اسکے ساتھ ہی یہ صحت کے علاوہ جلد کو بھی نکھارنے کا کام کرتی ہے۔
جنہیں ہر وقت تھکن رہتی ہے
اگر آپ ان لوگوں میں شامل ہیں، جو ہر وقت خود کو تھکا ہوا اور اداس محسوس کرتے ہیں تو آپ کو ہر دن ایک وقت کے کھانے میں کسی شکل میں مٹر کا استعمال ضرور کرنا چاہیے کیونکہ مٹر پروٹین فراہم کرنے کا ایک قدرتی ذریعہ ہے۔ یہ پروٹین ہمارے جسم کو توانائی دینے کا کام کرتا ہے۔ مٹر کے استعمال سے تھکن دور رہتی ہے اور خودچاق وچوبند محسوس کرتے ہیں جن لوگوں کو ذیابیطس کا مسئلہ ہے ، انہیں مٹر کا استعمال ضرور کرنا چاہئے۔ ہر دن ایک بار کے کھانے میں مٹر کا استعمال آپ کو کرنا چاہئے۔ مٹر میں پایا جانے والا پروٹین آپ کے جسم میں انسولین کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ساتھ ہی یہ خون میں گلوکوز کی سطح بڑھنے نہیں دیتا ۔ اس سے شوگر کی سطح معمول بنائے رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
خون میں اضافہ
مٹر کو اپنے کھانے کا حصہ بنانے سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ مٹر کا سب سے بڑا فائدہ ان مریضوں کو ملتا ہے، جن کے جسم میں خون کی کمی ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق مٹر نیا خون بنانے میں کسی بھی دوا سے زیادہ مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ مٹر کھانے سے جسم میں نشاستہ کی کمی پوری ہوجاتی ہے۔ یہ جسم میں پروٹین اور فولاد کی کمی کو بھی پورا کرتے ہیں۔مٹر کھانے سے خون میں صرف اضافہ ہی نہیں ہوتا بلکہ صاف اور صالح خون پیدا ہوتا ہے۔ کمزور اور ناتواں جسم کے لیے یہ انتہائی فائدہ مند ہے، اسے کھانے سے جسم فربہ ہوتا ہے۔
اگر ہڈیاں کمزور ہیں
اگر آپ کی ہڈیاں کمزور ہیں تو آپ کو باقاعدگی سے مٹر کا استعمال کرنا چاہیے۔ یہاں باقاعدہ طور پر مطلب ہے کہ آپ دن میں ایک بار کسی بھی وقت کے کھانے میں مٹر کا استعمال کریں۔ سبز مٹر میں وٹامن ’کے’ پایا جاتا ہے۔ یہ وٹامن ہڈیوں کا قطر (ڈایامیٹر) صحیح بنائے رکھنے اور انہیں مضبوطی دینے کا کام کرتا ہے۔جسم میں وٹامن کے کی کمی ہوجائے تو ہڈیاں کھوکھلی ہونے لگتی ہیں اور آسٹیوپوروسس کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔
اگر آپ کو پیٹ پھولنے کا مسئلہ ہے تو آپ مٹر کا استعمال کم مقدار میں کریں۔ کیونکہ جن کا ہاضمہ ٹھیک نہیں ہوتا ہے، انہیں مٹر کا استعمال کرنے سے گیس بننے کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ قبض ہونے کی حالت میں بھی مٹر کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔
مٹرموٹاپا سے بچائے
سبز مٹر کھانے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ کولیسٹرول کی مقدار کو کم کرتا ہےاور موٹاپے کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں سے بچاتا ہے۔ یہ بلڈ کولیسٹرول کو بھی کم کرتا ہے۔ سبز مٹر کے دانے فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں۔ جو آپ کو توانائی بخش بنائے رکھتے ہیں۔سبز مٹر کو باقاعدگی سے کھانے سے آپ لمبے وقت تک جواں نظر آتے ہیں اور بڑھتی عمر کا اثر جلدی دیکھائی نہیں دیتا۔
جِلد کے امراض کی اکسیر
مٹر کھانے کے علاوہ چہرے پر لگانے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، جس کے اپنے کئی بہترین فائدے ہیں۔ مٹر کو سُکھانے کے بعد پیس کر، اس سے بنے آٹے کا اُبٹن چہرے پر لگانے سے داغ دھبے دورہوجاتے ہیں۔جلنے پر:مٹر کو پیس کر جلنے والے حصے پر لگانے سے جلن ٹھیک ہوتی ہے۔ چہرے کیلئے :مٹر کےبُھنے دانوں اور سنگترے کے چھلکوں کو دودھ میں پیس کر چہرے پر لگانے سے جِلد کی رنگت میں نکھار آتا ہے۔