یَامُتَکَبِّرُ!عظمت اور بڑائی صرف اللہ جل شانہ کو زیب دیتی ہے کیونکہ حقیقت میں صرف وہ ہی سب سے بڑا ہے سب اس کے محتاج ہیں۔ جب اللہ تعالیٰ کے کسی صفاتی نام کا ذکر کیا جاتا ہے تو اس صفت میں جتنی بھی باتیں پائی جاتی ہیں وہ اپنے درجہ کمال پر پہنچ کر اللہ تعالیٰ کی صفت میں موجود ہوتی ہیں کوئی انسان اس صفت یا کمال کو نہیں پاسکتا مُتَکَبِّرُ کا مطلب اپنی ذات کے سامنے ہر چیز کو حقیر اور کمتر سمجھنا ہے اور اپنی ذات کے لیے کبریائی کو مخصوص کرلینا ہے اور غیر کی طرف ایسے دیکھنا جیسے بادشاہ غلاموں کی طرف دیکھتا ہے اللہ کے سوا جو کوئی بھی اپنے لیے کبریائی کا تصور بھی کرے تو نہ صرف جاہل اور گمراہ ہے بلکہ دائرہ اسلام سے بھی خارج ہے اور جو اس کی عظمت کو سرتسلیم خم کرے گا اور اس کی اس صفت سے اس کو پکارے گا تو وہ اس کو اپنا بندہ بنالے گا اور جب کوئی شخص اللہ کا بندہ بن جاتا ہے تو ساری دنیا اس کے سامنے سرنگوں ہو جاتی ہے۔ اسم پاک یَامُتَکَبِّرُ اسم جلالی ہے۔ اس کے 662 اعداد ہیں ۔
ہر کام میں برکت کے لیے
جوشخص اسم یَامُتَکَبِّرُ کو اوّل و آخر پانچ بار درد پاک 662 مرتبہ پڑھنے کا معمول بنالیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر کام میں برکت ڈال دیتے ہیں۔ دراصل اسم پاک پڑھنے سے انسان کے اندر تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں اور اس میں عاجزی و انکساری حسن خلق اور خندہ پیشانی پیدا ہوتی ہے اور وہ مخلوق کے ساتھ عاجزی اور خوش خلقی سے پیش آتا ہے اور مخلوق کی خدمت کرتا ہے جس سے اس کے ہر کام میں برکت پیدا ہوجاتی ہے۔
قرب الٰہی کا حصول
جو شخص قرب الٰہی چاہتا ہو اور کوئی صورت نظر نہ آتی ہو تو اسم پاک یَامُتَکَبِّرُ کو روزانہ فجر اورر عشاء کی نماز کے بعد اوّل آخر درود پاک سات سات مرتبہ اس اسم مبارک کو 313 مرتبہ پڑھے تو جو اس میں سے بڑی بات پیدا ہوگی وہ تقویٰ ہے۔ جب کوئی اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے تو اس کے اندر اللہ کی ہیبت اور خوف پیدا ہو جاتا ہے۔ اس کا اپنی ذات سے غرور اور تکبر ختم ہو جاتا ہے عاجزی پیدا ہوتی ہے اور جو عاجز ہوجائے اللہ تعالیٰ اسے اپنا بندہ بنا لیتا ہے۔ اسے بزرگی حاصل ہوتی ہے اور اسی کو قرب الٰہی کہتے ہیں۔
سرکش کا مطیع ہونا
اس نام کی برکت سے سرکش اور ظالم مطیع ہو جاتے ہیں اگر کسی مرشد کا مرید سرکش ہوگیا ہوتو اس کو چاہیے کہ اسم پاک یَامُتَکَبِّرُ کو سات دن تک 662 مرتبہ روزانہ پڑھے پانچ بار درود پاک اوّل و آخر اس کے بعد مرید کے اچھا ہونے کی دعا کرے وہ مطیع وفرمانبردار ہو کر واپس آجائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی شخص کے بچے اس سے باغی ہوکر چلے جائیں تو وہ بھی یہی مذکورہ عمل گیارہ دن کرے ان شاء اللہ گیارہ دن کے اندر اندر سرکش بچہ واپس آجائے گا۔ اسے اپنی غلطی کا احساس ہوگا وہ ہمیشہ کیلئے ماں باپ کا فرمانبردار ہو جائے گا۔
حاکم کے غیظ و غضب سے بچائو
کوئی اگر حاکم وقت کے غیظ و غضب کا شکار ہو اور چاہے کہ وہ حاکم کے ظلم سے بچ جائے توتین بار اوّل و آخر درودشریف اس اسم کو 662 مرتبہ اس تصور سے پڑھے کہ اے پروردگار مجھے اس ظالم متکبر حاکم کے تکبر اور ظلم سے بچا لے۔ یہ عمل سات دن حاکم تصور کرکے کرے ان شاء اللہ اس کے غیض و غضب سے ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جائے گا۔
دو گروہوں کے درمیان صلح
دو گروہوں کے درمیان لڑائی اور جانی و مالی نقصان کا اندیشہ ہو۔ ایک گروہ صلح چاہتا ہو اور دوسرا نہ مانتا ہو تو چاہیے کہ اسم پاک یَامُتَکَبِّرُ کو روزانہ 786 بار اوّل و آخر سات سات بار درود پاک گیارہ دن تک پڑھے اور گیارہویں دن صندل کا تیل لے کر اس پر دم کرے۔ روئی لے کر اس کے ساتھ فیتے بنائیں اور سات چراغ لے کر ان میں مناسب تیل ڈال کر فیتے لگا دے اور چراغ روشن کردیں بیک وقت ساتوں چراغ روشن کرنے ہیں۔ چراغوں کا رخ اس گروہ کے گھر کی جانب ہونا چاہیے۔ چراغ جلتے رہیں اور جب چراغ بجھ جائیں تو ان ساتوں چراغوں کو اکٹھا کرکے رکھ دیں اس طرح کہ چار چراغ ایک دوسرے کے اوپر اور باقی کے تین چراغ ایک دوسرے کے اوپر۔ اس طرح دو لائنیں بن جائے گی۔ چوبیس گھنٹے انتظار کرے تو دوسرے گروہ کی جانب سے پیغام مل جائے گا اور صلح ہو جائے گی۔ صلح ہونے کے بعد ان ساتوں چراغوں کے وزن کے برابر میٹھا لےکر بچوں میں تقسیم کردیں۔