تلاش

خوبصورت اور بے داغ چہرہ خواتین کی شخصیت پر بہت مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔روشن اور صاف رنگت والی خواتین میں اعتماد کی فراوانی ہوتی ہے اور یہی امر  ان کی ذات کو دلکش اور پرکشش بنا دیتا ہے۔اگر زندگی سادہ اور فطری انداز سے بسر کی جائے‘ کھانے پینے کی عادات میں توازن برتا جائے‘ چہرے کو دھوپ اور دھویں سے محفوظ رکھا جائے اور غذا میں تازہ سبزیاں اور پھل کو ترجیح دی جائے تو یہ خوبصورتی نہ صرف برقرار رہتی ہے بلکہ ان میں مزید نکھار پیدا ہوتا ہے۔لیکن اگر زندگی کے شب و روز بے ترتیب انداز سے بسر کیے جائیں ‘ خوراک اور رہن سہن میں توازن نہ ہو تو خواتین بہت سی جلدی پریشانیوں کا شکار ہو جاتی ہیں۔خصوصاً چہرے کی جلد پر مختلف قسم کے داغ دھبے‘ غیر ضروری بالوں کی کثرت‘ بے رونقی اور رنگت میں تبدیلی ایسے بیشمار مسائل سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔چہرے کے ان داغوں کو ’’چھائیاں‘‘ کہا جاتا ہے ۔یہ وہ داغ ہیں جنہیں زیادہ تر عورتوں کے چہروں پر دیکھا جاتا ہے جو کہ ان کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کرتے ہیں۔چھائیاں عموماً غذائی نقائص کی بناء پر بنتی ہیں‘ یہی وجہ ہے کہ ایسی خواتین جن کی غذا متوازن نہ ہو یا نا کافی خوراک بھی ان کا باعث بنتی ہے۔چناچہ غریب متوسط طبقے کی عورتوں اور دیہی علاقوں کی خواتین میں یہ جلدی نقص زیادہ  دیکھنےمیں آتا ہےاور زیادہ تر دوران حمل اور زچگی کے بعد بچوں کو دودھ پلانے کے دنوںمیںنمایاں ہوتا ہے۔ان دنو ں میں بھی حاملہ یا زچہ کو عام عورت کی نسبت زیادہ خوراک اور توانائی کی ضرورت ہوتی ہے اس کے علاوہ دوران حمل ایسے ہارمونز پیدا ہوتے ہیں کو چہرے کے رنگ کو جزیرےبنا کر گہرا کر سکتے ہیں‘ یہ زیادہ تر چہرے ‘ ماتھے اور گردن کو بد نما کرتے ہیں۔
چھائیوں کےاسباب 
 جگر کی خرابی اور خون کے نقائص‘ پیٹ کے کیڑے ‘ گردوں کی خرابیاں‘ جوڑوں کے دردوں کی شدید بیماریاں ۔خواتین چہرے کی تزین و آرائش کے لیے استعمال ہونے والی کاسمیٹکس جن میں تار کول مرکبات شامل ہوں۔اسی طرح چہرے پر لگائی جانے والی مختلف غیر معیاری کریمیں بھی جلد پر داغ بنانے کا باعث بنتی ہیں۔
فطری غذائوں سے چھائیوں کا علاج
خواراک سادہ اور فطری ہونی چاہیے جس میں تازہ پھل‘ سبزیاں استعمال کیجئے ۔چہرے کو مضر اثرات سےمحفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اَن چھنے ہوئے آٹے کی روٹی کا استعمال کیجئے‘ جس کےانسانی صحت پر بہت مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔روغنی اور بہت زیادہ چکنائی والی غذائوںسے پر ہیز کرنا چاہئے کیونکہ چکنائیاں نظام ہضم میں بگاڑ کا باعث بنتی ہیں۔اس کے علاوہ چہروں کو صاف وشفاف ‘ چھائیوں سے نجات کے لئے حسب ذیل ماسک لگایا جائے۔
ہیسن25گرام‘ عرق گلاب بقدر ضرورت اورایک عدد لیموں کا رس‘ ان تینوں اجزاء کو باہم ملا لیں‘ چہرے کو نیم گرم پانی سے دھو کر اس آمیزے کو چہرے پر اچھی طرح لگائیں اور داغ والی جگہ پر ہلکا ہلکا مساج کریں ‘  اسے خشک ہونے دیں اور تقریباً آدھے گھنٹے بعد منہ دھو لیں۔