تلاش

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں آپ کے پرانے درس سن رہی اور خطبات عبقری کی کتب کا بھی مطالعہ کر رہی ہوں۔ خطبات عبقری کی جلد نمبر چار میں آپ نے موسیقی اور دعا بدعا، جادو جنات کے نسلوں تک اثرات کا در س دیا ہے۔میں آپ کو چند باتیں اپنی زندگی کے سلسلے میں بتانا چاہتی ہوں۔
میرے نانا جادوگر اور کالاعلم کے ماہر تھے
میری والدہ بتاتی ہیں کہ میرے نانا کچھ منتر جانتے تھے۔ وہ اپنے ہاتھوں پر کالی دیوی اور چند دوسری غیرماورائی مخلوق کے ذریعے حالات دیکھتے تھے۔ لوگ ان کے پاس اپنے معاملات کے حوالے سے آیا کرتے تھے۔ نانا ابو کی اولاد یعنی میرے ماموں نے ان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا کہ آخر کار وہ تڑپتے، سسکتے اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ جب کہ اپنے زمانے کے وہ ماہر آدمی تھے۔
میری والدہ کی عجیب و غریب مزاج کی عورت
 اسی طرح میری والدہ بے حد عجیب و غریب مزاج کی حامل خاتون رہی ہیں۔ وہ لوگوں کی نقلیں اتارنا، مذاق اڑانا، چغل خوری، لوگوں کے گھروں میں گھومنا پھرنا، لڑائیاں کروانا، اس کے علاوہ لاہور کا کوئی تنتر منتر جاننے والا ایسا نہیں جہاں وہ نہ گئی ہوں۔ طرح طرح کے عملیات کرنا ان کا مشغلہ رہا ہے۔
اپنی شادی کے بعد وہ کچھ منتر پڑھ کر جوتی پر عمل کرتی تھیں جس کے بعد وہ جوتی گھومنے لگتی تھی اور یہ عمل انہوں نے باقاعدہ سیکھا تھا اور یہ کوئی کالاعمل تھا۔
والدہ کے مشغلے اور گھر میں نحوست
میرے والد انتہائی شریف اور بزدل آدمی ہیں۔ وہ والدہ سے بے حد ڈرتے ہیں۔ کئی بار انہوں نے والدہ کو روکا اور سمجھایا پھر ایک مولوی کے ذریعے روکا تو وہ باز آئیں۔ اس دوران ان کی حالت بعض دفعہ اتنی غیر ہوجاتی تھی کہ جیسے کسی نے مار مار کر جسم کو نیل اور سوج ڈال دی ہو۔ پھر میرے بڑے بھائی کی پیدائش پر یہ سلسلہ رکا۔ لیکن والدہ نے عاملین کے پاس جانا نہ چھوڑا۔ وہ مسلسل گھر میں تعویذات، کیل اور پتا نہیں کیا کیا لا کر استعمال کرتی رہیں ۔ والد بیرون ملک چلے گئے اور آج تک وہی ہیں۔ ہم اپنی نانی کے گھر رہے اور آج تک اپنا مکان نہیں ہے۔ والدہ کے مشغلے یہی تھے۔ گھر میں ہر طرح کی نحوست تھی‘ بڑا بھائی موسیقی کا دلدادہ تھا۔ ہر وقت گانے، ناول مسلسل موسیقی ایک بھائی بری صحبت کا شکار اور نشے کا شکار ہو گیا۔ اتنا نشہ کرنے لگا کہ اس کا دماغ الٹ گیا ہے۔ ایک بہن طلاق یافتہ اور نفسیاتی مریضہ ہے۔ 
والدہ اور کالے علم کا شوق! گھر برباد ہوگیا
میں بچپن سے یہ سب دیکھ رہی ہوں۔ گھر میں نماز نہ روزہ ہے۔ ہروقت لڑائی جھگڑے۔ پہلے ہم نانی کے ساتھ رہتے تھے تو ممانی سے جھگڑا پھر وہاں سے نکل کر خالہ کے مکان میں آگئے یہاں بھی وہ حالات رہے بلکہ اور بگڑ گئے۔ ہر وقت کی موسیقی، نحوست، یہاں آتے ہی گھر میں خون کے چھینٹے پڑے ایسے جیسے کوئی بلی کے پنجے خون سے بھرے ہوئے ہوں۔ ایک عاملہ آئیں کچھ پڑھائی کی‘ ایک بکرے کے گوشت کی دیگ لی اور چلتی بنی۔ اس دن سے گھر میں نحوستوں کا باب کھل گیا۔ ہنسنے رونے کی آوازیں آتیں کبھی آدھی رات کو بیل ہوتی‘ دروازے بجتے۔ پنکھے سے اچانک پانی گرنے لگا کبھی آواز آتی کسی گھر کے فرد کی‘ پوچھنے پر پتا چلتا اس نے بلایا ہی نہیں۔ آہستہ آہستہ پورا گھر برباد ہو گیا۔ 
والدہ کی جان اٹکی ہوئی ہے!
والدہ آج بستر پر پڑی ہیں۔ ڈاکٹروں نے جواب دے دیا ہے۔ جان اٹکی ہوئی ہے نہ نکل رہی ہے نہ ٹھیک ہو رہی ہے۔ بہن طلاق یافتہ نفسیاتی اور ممانی مریضہ ایک بچی کے ساتھ گھر آبیٹھی ہے۔ اب تو بچی بھی جوان ہے۔ موسیقی کا دلدادہ بھائی فالج کا مریض بن گیا ہے۔ ایک کا نشے سے دماغ الٹ گیا ہے وہ اچانک دورہ پڑنے پر پاگلوں والی حرکات شروع کردیتا ہے۔ میں اتنی عمر کے باوجود کنواری ہوں۔ بھائی بھی دونوں کنوارے ہیں ایک 40 اور ایک 45 کا ہے۔ میں سب سے چھوٹی ہوں 35 سال میری عمر ہے‘ والد بیرون ملک ہونے کے باوجود گھر نہیں بناپائے۔ وہ وہاں دل کے مریض بن چکے ہیں۔ ان ہی کی کمائی پر گھر چلتا ہے۔ المختصر حالات آپ کو بیان کر رہی ہوں اگر ایک ایک کی زندگی بیان کروں تو دکھوں کی پوری داستان بن جائے۔
ماں کا کیا سب بھگت رہے ہیں
میں 2015 میں عبقری سے جڑی اور یاقہار کا عمل کیا کئی بندشیں، رکاوٹیں نظر آئیں مگر مسلسل عمل نہیں کر پاتی ہوں میرے باپ کی نسل ختم ہوگئی ہے۔ میرے گھر بسنے کی آس ختم ہو گئی ہے ماں کا کیا ہم سب بھگت رہے ہیں۔ 
کیا کبھی میں بھی خوشیاں دیکھ سکتی ہوں!
موسیقی نے گھر اجاڑ دیا ہے۔ جادو جنات نے سب برباد کردیا ہے۔ آپ بالکل ٹھیک فرماتے ہیں عورت ہی اخلاق، ایمان، تربیت گھر لا سکتی ہے۔ کوئی کام سیدھا نہیں نہ اب ہونے کی امید ہے۔ اب تو ہم سب بھی پکی عمروں کو پہنچ چکے ہیں۔ لوگ اور رشتے دار عجیب نظروں سے دیکھتے ہیں کمائی کا ذریعہ نہیں۔ مکان نہیں ہے۔ ہدایت نہیں ہے۔ غربت، نحوست اور ظلمت کا عجب عالم ہے۔ آپ نے وضو والی دعا عنایت کی تھی وہ صرف میں پڑھتی ہوں۔ گھر میں نماز، روزہ کا کوئی رجحان نہیں ہے۔ کیا میں بھی کبھی خوشیاں دیکھ سکتی ہوں۔ اپنا گھر بسنے کی۔ اپنے بھائیوں کا گھر بسنے کی۔ ایک خوشحال زندگی کی۔ مجھے کچھ سمجھ نہیں آتی ہے۔ براہ مہربانی سب کو بتائیں کہ یہ عامل جادو ٹونے سب برباد کر دیتے ہیں۔(پوشیدہ)