تلاش

محترم حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ آپ کو دونوں جہانوں کی خوشیاں اور کامیابیاں نصیب فرمائے اور آپ کی اولاد کو آپ کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور جہنم سے ڈھال بنا دے اور آپ کی قبر کو نور سے بھر دے، آپ کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے، آپ کا حشر قیامت کے دن انبیاء، شہداء اور صلحا کے ساتھ فرمائے اور آپ کی منزلیں دنیا و آخرت دونوں جہانوں کی آسان فرمائے۔دعائیں تو بہت ہیں آپ کو دی جائیں کم ہیں کہ اس نفسا نفسی کے عالم میں جب کہ سگے رشتہ داروں کا خون بھی سفید ہو چکا ہے اس دور میں بغیر کسی معاوضہ کے اللہ کی دکھی دل مخلوق کی بھلائی کا سوچ رہے ہیں اور کافی مخلوق خدا اس سے فائدہ حاصل کر رہی ہے اس نیک کام پر اللہ آپ کو بے حساب اور بہترین اجر دے۔
ٹیچر کی ٹیبل پر 2013ء کا عبقری ملا
سب سے پہلے تو میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گی کہ میرا عبقری سے تعارف کیسے ہوا۔ دراصل مجھے میگزین، ڈائجسٹ وغیرہ پسند نہیں ہیں میں کم عمری سے ہی حقیقت پر مبنی موضوعات کو پسند کرتی ہوں۔ ایک دن میں اپنے ادارہ کی ٹیچر کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی تو ان کی ٹیبل پر عبقری کے تین پرانے رسالے جس میں سے ایک سال 2013کا تھا ایک 2017 اور ایک 2018 کا پڑا تھا‘وہ بہت سنجیدہ مزاج کی مالک ہیں تو میں نے دل میں سوچا کہ ٹیچرکے پاس یہ رسالے ایسے ہی نہیں ہیں ان میں ضرور کچھ خاصیت ہے کیونکہ میری ٹیچر وقت کی بہت پابند تھی‘ کبھی بھی اپنا وقت ضائع نہیں کرتی تھی‘ ہروقت کسی نہ کسی کام میں مشغول‘ جب ان کے پاس عبقری دیکھا تو سوچا ضرور کوئی بہت قیمتی چیز ہے‘ ورنہ میری ٹیچر کبھی بھی میگزین اور ڈائجسٹ نہ پڑھتیں۔بس یہ سوچنا تھا کہ ہمت کرکے میں نے عبقری دیکھنے کی فرمائش کردی۔ 
عبقری دیکھا تو حیران رہ گئی
 جب میں نے ان کی اجازت طلب کر کے ٹائٹل پیج دیکھے تو میں حیران رہ گئی اور میں نے سرسری صفحات پلٹے تو مجھے ان کے موضوعات دلچسپ لگے‘ خاص طور پر وظائف کا صفحہ جس میں عمل کی عام اجازت تھی اور دوسرا جنات کا پیدائشی دوست‘ میں وہ رسالے گھر لے آئی۔ ان رسائل کا ایک ایک موضوع اپنے آپ میں ایک مؤثر تاثیر رکھتا تھا گویا ہر موضوع قیمتی جواہرات و موتی کا سمندر ہو‘ مجھے بہت پسند آیا پھر میں نے کتاب ’’جنات کا پیدائشی دوست‘‘ جلد اول منگوائی ‘بہت ہی بہترین اور بے مثال کتاب ہے‘ اس کے بعد تین جلدیں بھی منگوائیں وہ بھی اپنی مثال آپ تھیں‘ پریشان لوگوں کو وظائف بتاتی ہوں ماشا اللہ اللہ کے فضل سے اور آپ کی نیک نیت کی بدولت یاقہار کا نقش بھی دیتی ہوں ‘ لوگوں کو فائدہ ہوتا ہے اورکیوں نہ ہو آپ نے اتنے اخلاص اور بھلائی کے جذبے سے عوام کے خاطر اپنے سینے کے رازوں کو افشا کیا ہے۔
کسی نے میرے ابو پر جادو کروا دیا
ہمارے گھر میں جنات کا مسئلہ تھا ابو کے اوپر کسی نے جادو کروایا تھا ابو ہمارے دشمن بن گئے تھے گھر میں سب کچھ موجود لیکن دلی اور ذہنی سکون نہیں تھا اور ابو کے سخت رویے اور بدکلامی کی وجہ سے سب پریشان رہتے تھے۔ جب ابو کے سامنے یہ کہا جاتا کہ جادو کا مسئلہ ہے تو اس بات کا انکار کر دیتے۔ بہن بھائیوں میں بڑی ہونے کی وجہ سے مجھے سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ابو مانتے نہیں تھے اور امی ایسی چیزوں سے گھبراتی ہیں تو اب مجھے اس سب کوسنبھالنا تھا۔ میں نے کمرکس لی اور پکا ارادہ کرلیا کہ اب میں اپنے گھر سے ان مشکلات ‘ پریشانیوں‘ بیماریوں کو نکال باہر کروںگی۔
بے شمار جگہ سرمایہ خرچ کیا مگر جادو نہ ٹوٹا
 پھر میں نے دو تین جگہ ابو کے علاج اور گھر کے حالات کی بہتری کے لیے کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا اور پیسے بھی خرچ ہوئے گھر کے حالات سے پریشان بہن بھائی امی کو دیکھتی اور ابو کے سخت رویے کو دیکھتے ہوئے میں نے پیسوں کی فکر نہ کی اور ان عاملوں کو منہ مانگی قیمت دی میں کسی بھی طرح گھر کے معاملات بہتر کرنا چاہتی تھی خیر اسی کشمکش میں تین سال گزر گئے اور میں کمزور سے کمزور تر ہوتی چلی گئی۔ 
جادو کروانے والے کوئی اور نہیں اپنے تھے
جادو کروانے والے کوئی اور نہیں ہمارے قریبی تھے اور وجہ اس کی یہ تھی کہ ابو میرا رشتہ وہاں کر کے آگئے تھے بات شادی تک پہنچ گئی اور یہ سارے معاملات ہمیں باہر سے پتا چلے ابو نے کچھ نہیں بتایا تھا ہمارے گھر سے کوئی راضی نہیں تھا اس رشتے کے لیے امی نے منع کیا لیکن ابو نے ہمیں ہر طریقے سے ٹارچر کیا کہ میں کسی طرح یہ شادی کر لوں وجہ یہ تھی مجھے مجبور کرنے کی کہ میں زبان دے چکا ہوں امی نے بہت سمجھایا کہ منع کر دو لیکن ابو نہ مانے کسی طرح لڑکے والوں تک یہ معاملہ پہنچا تو انہوں نے اس کی شادی کہیں اور کر دی آج وہ ایک بیٹی کا باپ ہے اس کے بعد ہمارے گھر کے حالات بدسے بدتر ہوتے چلے گئے بھائی اور ابو ایک دوسرے کے دشمن بن گئے۔
یقین کیجئے وہ بہت بُرے دن تھے
 بہت برے دن تھے تفصیل لکھنے بیٹھوں تو پورا ایک رجسٹر بھر جائے پھر تین چار مہینے پہلے میں نے اپنی ٹیچر سے عبقری کا رسالہ لیا جس کا میں پہلے ذکر کر چکی ہوں اور اس میں موجود دکھی دل لوگوں کی آپ بیتیاں پڑھی دل کو سکون ملا اور ایک امید بندھ گئی کہ مسئلہ جیسا بھی ہو اللہ اس کو زیادہ عرصہ تک نہیں رہنے دیتا رب سے ناامید نہیں ہونا چاہیے پھر کتابوں کی فہرست دیکھی کتابیں تو ساری اچھی ہیں ماشا اللہ لیکن میں نے جنات کا پیدائشی دوست منگوائی وہ پڑھی تو جستجو پیدا ہوئی پھر باقی کی جلدیں بھی منگوائیں اس میں سے علامہ صاحب کا بتایا ہوا یا قہار کا نقش لگایا اور یَا لَطِیْفُ یَاعَلِیْمُ یَاخَبِیْرُ کھلا پڑھا تین چار دن ماشا اللہ حالات ایسے بدلے کہ میں آپ کو بتا نہیں سکتی نرم مزاجی نرم لہجہ میں بات اور بھائیوں کے ساتھ سب کے ساتھ سلوک اچھا ہو گیا۔ ماشا اللہ پہلے سے بہت بہتری ہو گئی ہے رزق میں وسعت بھی ہو گئی ہے۔ گھر میں سکون آگیا ہے۔
خود کشی کا سوچنا شروع ہوگئی تھی مگر اب نہیں
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میں کسی ادارے کو خط لکھ رہی ہوں کیوں کہ میں کافی پریشان تھی لیکن گھر میں بیٹھ کر پڑھائی کرنے سے جو افادیت، خوشیاں، فضلتیں اور برکتیں حاصل ہوئیں انہوں نے مجھے خط لکھنے پر مجبور کر دیا میں بھی کبھی خودکشی کا سوچتی لیکن اللہ نے حفاظت فرمائی بہت مجبور ہو گئی تھی زندگی سے مایوس ہو گئی تھی۔( س،لاہور)