تلاش

محترم حضرت شیخ الوظائف السلام علیکم!ہم گھر والوں نے2018ء سے عبقری رسالہ پڑھنا شروع کیاجس کے بعد زندگی میں روحانی و طبی انقلاب آگیا‘ اس میگزین میںبہت ہی انمول ٹوٹکے اور تیز بہدف وظائف پڑھنے کو ملتے ہیں جو کہ دنیا کے اندھیروں میں پھنسے لوگوں کو روشن راہ دکھانے کا زریعہ ہیں۔اللہ پاک آپ اور آپ کی نسلوں کو سدا اس خیر کے کام کو پھیلانے کا زریعہ بنائےاور آپ کے اس خلوص کو قبول فرمائے۔اس کار خیر کے کام میں میرا حصہ بھی شامل ہو جائے اور اس بات کو میں اپنے لئے سعادت سمجھوں گی  اگرمیری یہ تحریر عبقری رسالہ میں شامل ہو جائے‘ اس ضمن میں میرے کچھ آزمودہ وظائف اور ٹوٹکے ہیں جن میں سے چند آپ اور عبقری قارئین کی خدمت میں پیش کرنا چاہوں گی تا کہ مخلوقِ خدا میری طرح استفادہ حاصل کر سکے۔
 اللہ نے غیب سے حفاظت فرمائی
چند سال پہلے کی بات ہےہمارے علاقے میں واردات اور چوری ڈکیتی بہت زیادہ بڑھ گئیں تھیں‘ لوگوں کے اندر بہت زیادہ خوف وہراس پھیل چکا تھا اور ان چوروں کے بارے میں مشہور تھاکہ وہ جس گھر میں داخل ہوتے ہیں وہاں مال ودولت لوٹ کر لے جاتے ہیں اوراس کے علاوہ عزت و آبرو بھی نہیں چھوڑتے۔ہر کسی نے اس حوالے سے اپنی اپنی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کردیں‘ محلے کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لائٹنگ کا انتظام بہتر کرنا شروع کر دیا اور حفاظت کے لئے چوکیدار بھی مقرر کر دئے‘ اس کے باوجود بھی لوگوں میں بے یقینی اور خوف کی کیفیت موجود تھی‘ بہت سے ناخوشگوار واقعات سننے کو مل رہے تھے اس لئے سب لوگوں میں پریشانی بڑھتی چلی جارہی تھی۔اس حوالے سے میں نے ایک عمل کے بہت سے فوائد مشاہدات سنے ہو ئے تھے چنانچہ ہم سب گھر والوںنے وہ دعا پڑھنا شروع کر دی اور بہت توجہ و دھیان کے ساتھ کثرت سےپڑھی‘ چند ہی دن گزرے کے پورے علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا اور خبر ملی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر ہمارا علاقہ چھوڑ گئے ہیں‘ اس کے بعد حالات معمول پر آگئے اور سب لوگوں نے سکھ اور چین کا  سانس لیا۔یہ سب اس مسنون دعا کا نتیجہ تھا جس سے اللہ پاک نے غیب سے حفاظت عطا فرمائی۔یقین والوں کے لئے ایک تجربہ ہی کافی ہوتا ہے اور بے یقین لوگوں کے لئے پوری کتاب بھی ہو تو فائدہ نہیں دیتی۔ وہ مسنون دعا یہ ہے۔لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الْـحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ سُبْحَانَ اللّٰہِ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ وَالْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَo
بغیر تکلیف کے ناک اور کان چھدوائیں
ہمارے ہاں خواتین کو ناک اور کان چھدواتے وقت بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہم عمر لڑکیا ں اس وجہ سے ایسا کرنے سے کتراتی نظر آتی ہیں۔بعض اوقات کچھ خواتین کو ناک اور کان چھدوانے کے بعد ان کے ناک اور کان کا حصہ بھی سوج جاتا ہے جس سے بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہےاگر بروقت اس مسئلے کا حل نہ نکالا جائے تو اس جگہ پرپھنسی یا تکلیف دہ دانہ وغیرہ نمودار ہو جاتا ہے جو کےچہرے کی خوبصورتی میں داغ میں مانند ہوتا ہے اور کسی بھی خاتون کو یہ بات بالکل نہ قابل قبول ہوتی ہے۔اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نہایتلاجواب اور حیرت انگیز  ٹوٹکہ ہے جو کہ بارہاکاآزمودہ ہے۔وہ ٹوٹکہ یہ ہے کہ جب بھی ناک یا کان چھدوائے تو سلائی مشین کا تیل وقتاًفوقتاً ایک ایک قطرہ کان یا ناک جہاں سے چھدوایا ہو اس پر لگائیں تو آپ کا ناک اور کان نہ درد کرے گا‘ نہ ہی سوجن ہوگی اور نہ ہی کوئی پھنسی وغیرہ نمودار ہوگی۔ جو بھی ناک یا کان چھدوائے وہ یہ ٹوٹکہ ضرور آزمائے ان شاءاللہ بہت فائدہ ہوگا۔