محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم !مشکلات اور مسائل سے نجات کے لئے میں نے آپ کا بتایا ہوا ایک عمل کئی بار آزمایا اور دوسروں کو بھی بتایا جس سے بہت نفع ہوا۔اس عمل کا ایک مشاہدہ تحریر کر رہی ہوں۔
میری ایک قریبی دوست جو بہن بنی ہوئی ہیں‘ ایک دن ان کا فون آیا کہ شوہر نے ایک خطیر رقم میرے پاس امانت رکھوائی تھی جو کچھ دن بعد کسی کو دینی تھی۔میں نے اسے بحفاظت گھر دراز میں تالہ لگا کر رکھا تھا مگر چند دن بعد جب دراز کو کھولا تو اس میں وہ رقم موجود نہ پائی۔سارا گھر چھان کر دیکھ لیا ہے مگر کہیں کوئی سوراغ نہ لگ سکا۔کبھی ملازم پر شک پڑ رہا اور کبھی کسی پر جبکہ گھر میں کوئی بھی ایسا فرد موجود نہیں جو یہ حرکت کر سکے۔شوہر چند دن کے لئے دوسرے شہر گئے ہیں‘ جب واپس آئیں گے تو رقم کا پوچھیں گے‘ تب تک اگر رقم نہ ملی تو سخت ناراض ہوں گے اور جنہیں امانت واپس لوٹانی ہے وہ بھی پریشان ہوں گے۔آپ مجھے کوئی ایسا عمل بتادو کہ شوہر کے آنے سے پہلے وہ رقم مل جائے۔
میں نے اسے تسلی دی اور اس دوران آپ کا بتایا ہوا ایک عمل یاد آیا جسےآئینے پر لکھنے اور ورد کرنے کا کہا۔انہوں نے میری بات پر فوری طور پر عمل شروع کر دیا‘ ان کلمات کو آئینہ پر لکھا اور سارا دن پورے یقین کے ساتھ ورد بھی جاری رکھا۔دو دن بعد ان کی دوبارہ کال آئی‘ وہ بہت زیادہ خوش تھیں اور بتارہی تھیں کہ آپ نےواقعی جادوئی عمل بتایا ہے ۔میں نے آپ کا بتایا وظیفہ جاری رکھا اور آج جب کسی کام سے وہ دراز کھولا تو حیرت انگیز طور پر اس میں تمام رقم موجود تھی جو کہ غائب ہو چکی تھی ‘پورے گھر میں تلاش کرنے کے باوجود بھی نہ مل رہی تھی۔وہ بتا رہی تھیں کہ میں حیران ہوں یہ کیسے ممکن ہو گیا کیونکہ اس دراز کی چابی میرے علاوہ گھر میں کسی کے پاس بھی نہیں ہے مگر یہ سب اس عمل کا کمال ہے جس کی برکت سے وہ رقم واپس مل گئی۔وہ خوشی کے مارے مسلسل بات کیے جارہی تھیں‘ سانس بھی نہ لے رہی تھیں اور کہنے لگیں کہ آج میں اتنی خوش ہوں کہ جو بات کہو ضرور مانوں گی۔چنانچہ میں نےان کا تعارف عبقری سے کروایا اور تسبیح خانہ سے جوڑ دیا۔عمل درج ذیل ہے۔
جب بھی کوئی چیز نہ مل رہی ہو یا مشکل پیش آئے تو آئینہ پر یااللہ یا سلاملکھیں اور ان کلمات کا ورد مسلسل کریں‘ جلد ہی گمشدہ چیز مل جائے گی‘ مشکل آسان ہو جائے گی ‘ان شاءاللہ ۔مراد ملنے کے بعد کلمات کو آئینہ سے صاف کرلیں۔