تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم !اپنے چند آزمودہ تجربات تحریر کر رہا ہوں جس سے بہت نفع پایا ہے۔
نزلہ و زکام‘ کھانسی اور جوڑوں کا درد
آپ نے ایک بار روحانی محفل میںشیرازی قہوہ کے متعلق بتایا۔میں نے یہ قہوہ خود بھی بنایا اور دوسروں کو بھی بے پناہ فوائد حاصل ہوئے۔ اکثر جب موسم تبدیل ہورہا ہو تو بہت سے لوگ نزلہ، زکام، کھانسی، جوڑوں کا درد اور بغیر کوئی زیادہ کام کیے تھکاوٹ جیسے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔ان تمام مسائل سے نجات کے لئے شیرازی قہوہ بہت پُر تاثیر ہے۔ایک پیالی روزانہ یہ قہوہ استعمال کریں اور اس کے فوائد کا مشاہدہ کریں۔شیرازی قہوہ بنانے کی ترکیب درج ذیل ہے۔
اجزاء:بادیان خطائی 100گرام، الائچی خورد 50 گرام، لونگ 20گرام، دار چینی 20گرام ، الائچی کلاں (بڑی الائچی)20گرام۔ ان تمام اجزاء کو اچھی طرح کوٹ لیں۔ تین کپ پانی کو آگ پر رکھیں اور چمچ کا چوتھائی حصہ یہ سفوف ڈالیں۔ حسب ِ ذائقہ گُڑ یا شکر یا شہد یا چینی ملا لیں۔ جب دو کپ پانی باقی رہ جائے تو نیچے اُتار لیں اور چُسکی چُسکی پئیں۔
چھاتی کے مسائل کا آزمودہ حل
بلغم چھاتی پر جم جائے اور سانس لینا مشکل ہو ، یا پھرناک بند ہو تواس کے لیے بارہا کا آزمودہ کا نسخہ ہے۔20 روپے کا سہاگہ پنساری سے لے لیں اور اس کو بریاں کر لیں۔ بریاں کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ سہاگہ توے پر رکھ کر نیچے آگ جلائیں۔ جب پگھل کر توے پر خشک ہوجائے تو سہاگہ بریاں ہو جائے گا۔ اب اس کو اچھی طرح باریک پیس کر شیشی میں محفوظ کر لیں۔ دوائی تیار ہے۔
خوراک:۔  بڑوں کے لیے چھوٹا چمچ صبح وشام‘ بچوں کے لیے ایک چٹکی۔طریقہ استعمال: سہاگہ کو چائے میں مکس کرکے پی لیں ان شاء اللہ دو سے تین دن میں شفاء مل جاتی ہے