محترم شیخ الوظائف صاحب ا لسلام علیکم! اللہ آپ کو اور آپ کے اہل وعیال کو سدا سلامت‘ خوش اور آباد رکھے۔آمین۔
میں عبقری کو اپنی زندگی کا سرمایہ سمجھتا ہوں کیونکہ لوگوں کو مختلف بیماریوں کے لئے ایسے نسخہ جات دینا جس سے ان کی بیماریاں ختم ہو جائیں، میرے ذوق میں شامل ہے ۔ مجھے ان نسخہ جات سے بہت محبت ہے اور اس کا تمام ترسہراماہنامہ عبقری کے سر ہے۔میں نے عبقری رسالہ سے مختلف نسخہ جات آزمائے اور بیماریوں میں مبتلا لوگوں کو بتائے اور استعمال کروائے جس سے اللہ تعالیٰ نے انہیں شفا ء دی اور انہوں نے مجھےاپنی دعائوں سے نوازا۔ آج عبقری قارئین کے لئے ایک بہترین مجرب نسخہ ارسال کر رہا ہوں جس سے لوگوں کو ان شاء اللہ فائدہ ہو گا۔
جسم میں کسی قسم کا درد، موچ ہو اورپیٹ کے درد اور دانتوں کے درد کیلئے میرے پاس بہت ہی شفا ءبخش نسخہ ہے جس سے قارئین بھر فائدہ اُٹھائیں گے۔ان امراض سے نجات کے لئے درج ذیل تیل تیار کریں اور اس تیل کو دانتوں میں مسوڑھوں کے دردوں کیلئے انگلی پر دو قطرے ڈال کر مل لیجیے۔ پیٹ کے درد کیلئے ایک گلاس نیم گرم دودھ میں تین قطرے ڈال کر صبح اور شام پی لیں۔ جسم کے دردوں کیلئے مالش کریں۔ احتیاط یہ کریں کہ جسم کے جس حصہ پر تیل کی مالش کریں وہاں پٹی کریں یا نہ کریں لیکن ہوا نہ لگنے دیں۔یہ تیل استعمال کرتے وقت ایک بار بسم اللہ اور ایک مرتبہ درودِ ابراہیمی پڑھ لیں اور پھر ان بیماریوں سے شفاء اور تیل کا کمال اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔تیل بنانے کا طریقہ یہ ہے۔(۱) تیل مچھلی (۲) تیل سرسوں (۳) تیل زیتون (۴) تیل مہندی (۵) تیل دھنیا (۶) تیل مونگ پھلی (۷)لونگ کا تیل (۸)ناریل کھوپرے کا تیل (۹)آملہ کا تیل (۱۰) تارا میرا کا تیل (۱۱)کلونجی کا تیل (۱۲) بادام کا تیل۔
تمام تیل سو‘ سو گرام لے کر آپس میں مکس کر لیں اور اچھی طرح آگ پر پکائیں۔ جب تیل ٹھنڈا یعنی نارمل ہو جائے تو چھان کر رکھ لیں۔اس تیل میں ست پودینہ ایک تولہ، ست کافور ایک تولہ اور ست اجوائن ایک تولہ ڈال کر شیشے یا چینی کی بوتل میں بھرکر رکھ لیں ۔اس تیل کو سورج کی روشنی میں بوتل کا ڈھکن ڈھیلا رکھ کر تین دن تک مسلسل پڑا رہنے دیں اور پھر اس کے بعد استعمال کریں۔ان شاءاللہ جن مذکورہ بیماریوں کے لئے لگانے اور پینے کے لئے جو طریقہ بتایا ہے چند دن یا چند ہفتے استعمال کر لیں۔اس نسخہ سے شفاء ملے گی۔ان شاءاللہ