محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ پر بے شمار رحمتیں برکتیں نازل فرمائے اور آپ کو ایسے ہی خیر بانٹنے والا بنائے رکھے‘آمین۔کچھ تجربات ہیں جو میں عبقری قارئین کے لئے اپنی تحریر میں لکھنا چاہوں گی۔
میں کچھ بچوں کو آن لائن قرآن پاک تجوید سے پڑھاتی ہوں‘ ان میں ایک بچی جو کلاس اول کی طالبہ ہے‘ ان کے گھر مہمان آئے ہوئے تھے اور گھر کے کاموں میں بہت بھاگ دوڑ کر رہی تھاور اسے دیکھ کر مہمانوں نے کہنا شروع کر دیا کہ آپ کی بیٹی تو بہت ایکٹو ہے ۔ کھانا وغیرہ کھانے کے بعد سب لوگ پارک چلے گئے اور بچے جھولے جھولنے لگ گئے‘ جب وہی بچی جھولے پر بیٹھی تو ایک بچی نے بجائے پیچھے سے جھولادینے کہ اس نے ٹانگوں کی جانب سے جھولا دیا اور بچی پیچھے اوندھے منہ جا گری اور جب اس کو سیدھا کیاتو زمین پر پڑی کسی چیز سے اس کا ہونٹ درمیان سے آدھا کٹ چکا تھا‘ چہرہ خون سے بھر گیا‘ ادھر کوئی مرد بھی موجود نہیں تھا‘ پھر سوسائٹی والوں کی گاڑی گزر رہی تھی انہوںنے دیکھا اور اس کو ہسپتال لے گئےبچی کے ہونٹوں کے اندر باہر دونوں جگہ ٹانگے لگے‘ میںنے جب سبق پڑھانے کے لئے فون کیا تو اس کی والدہ نے ساری صورتحال سے آگاہ کیا‘ میںنے ان کو بتایا کہ آپ کی بیٹی کو نظر لگ گئی ہے۔ میںنے ان کو سات بسکٹ اور سات روٹی کے ٹکڑوں کا عمل بتایا جس کے ہر ٹکڑے پر 40 مرتبہ بِسْمِ اللّٰهِ مَا شَآءَ اللّٰهُ لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِپڑ ھنا ہے‘ اور پرندوں یا جانوروںکو کھلا دینا ہے۔ یہ عمل میںنے آپ کی روحانی محفل میں سنا تھا‘ میری چھوٹی بہن بھی بہت ذہین ہے اور وہ ہمیشہ پیپرز کے دنوں میں خوب بیمار ہوجاتی تھی‘ ہم نے یہ عمل کیا اور اب ایسا نہیں ہوتا ہے۔خیر اس بچی کے گھر والوںنے میری بات مان کر اس عمل کو مسلسل کچھ دن باقاعدگی سے کیا‘ بچی تو حال بے حال تھی نہ کچھ کھایا جاتا تھا لیکن یہ عمل کرنے سے دو دن میں بہتر سے بہترین ہو گئی۔
قرآنی آیات کے موکلات کو ہدیہ کریں اور خیریں سمیٹ لیں
آپ نے رمضان میں ایک سبز کاغذ کا عمل عنایت فرمایا تھا اور اس پر 40 مرتبہ یا ناصر یا نصیر لکھ کر قرآن پاک میں رکھنا تھا‘ میں نے سبز کاغذ پر یہ اسمائے الحسنی ٰ لکھے ‘اس پر خوشبو عطر لگاتی اور قرآن کی سطروں پر بھی لگاتی تھی‘ اس کی برکت سے مجھے تلاوت کی توفیق نصیب ہوئی ‘ تب سےآج تک میں روز آدھا سپارہ پڑھتی ہوں اور ایک سال میں 6 قرآن پاک مکمل کر لیتی ہوں‘ ایک خاص عمل یہ کرتی ہوں کہ جتنا سپارہ روزانہ پڑھتی ہوں ‘ اس سپارے کے موکلات کو ہی ہدیہ دے دیتی ہوں‘ جب سے یہ عمل کر رہی ہوں میں حیران ہوتی ہوں کہ میرے کام حیرت انگیز طور خود بخود ہو جاتے ہیں‘ میں جو سوچتی ہوں وہ ہوجاتا ہے ۔ اب میں چاہتی ہوں اور اللہ سے بھی مانگ رہی ہوں کہ مجھے توفیق مل جائےاور میں روزانہ ایک سپارہ مکمل کر سکوں۔
نقشِ عتیق ؓ (نقش حضرت ابوبکر ؓ)کا آنکھوں دیکھا معجزہ
ایک عمل جس کو لکھتے ہوئے بہت خوشی محسوس کروں گی، آپ نے نقش ابوبکرؓ کے کمالات بیان فرمائے اور اس میں ایک واقعہ بتایا کہ ایک بیمار حال آدمی تھا ‘ گیارہ دن اسے اس تعویذ کے پانی کے ساتھ کلونجی اور شہد دیا گیا ‘ اس کونقش عتیقؓ سے شفاء مل گئی ۔ میںنےبھی نیت کی کہ میں ایسا کروں گی تاکہ میرے بال اترنا کم ہو جائیں ، دسمبر کی سردیوں کی چھٹیاں تھیں، میں روزانہ ایک تعویذ لکھتی اور صبح نہار منہ گرم پانی میں اس کو ڈال کر بھگو دیتی اور ایک شہدکا چمچ اور ایک چٹکی کلونجی لے کر پانی کے ساتھ استعمال کرتی ، میںنے مسلسل 11 دن یہ عمل کیا تھا ‘ حضرت جی یہ معجزہ تھا‘ کہ میرے بال ٹوٹنا بند ہو گئے۔ اب بال اترتے ہیں مگر ایک سے چار‘ اس سے زیادہ نہیں۔میں جب کنگھی کرتی تھی اور بالوں کو اتنا اترتا دیکھتی توتھی یہ دعا بھی پڑھتی تھی إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ اللّٰهُمَّ أْجُرْنِي فِي مُصِيبَتِي، وَأَخْلِفْ لِي خَيْرًا مِنْهَا ۔خواتین کی سسرال میں عزت ہو گی : جس عورت کی سسرال میں عزت نہ ہو وہ رات بستر پر بیٹھ کر سونے سے پہلے 1 تسبیح اَللّٰھُمَّ اکْفِنَا ھُمْ بِمَا شِئْتَ اور جاگنے کے بعد زمین پر پاؤں رکھنے سے پہلےاس کی ایک تسبیح پڑھیں۔ میںنے جس خاتون کو بھی یہ عمل بتایا ‘ انہوںنے بتایا کہ اس سے حالات میں بہت مثبت تبدیلی آئی ہے۔ میںنے یہی عمل صبح جلدی اٹھنے کی نیت سے کیاتاکہ اپنے اوراد وظائف کر سکوں تو اس عمل سے سردیوں میں بھی تہجد کے وقت اٹھ جاتی ‘ نفل ‘ تلاوت ُ سورہ یٰسین تین مرتبہ پڑھ کر آپ اور آپ کی نسلوں کو ہدیہ کرتی اور تمام وظائف کر کے فجر سے قبل فارغ ہو جاتی۔