جسمانی کمزوری کا مسئلہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!مجھےبہت زیادہ جسمانی کمزوری ہے اور جسم بھی بہت پیلا ہے، صرف ہڈیاں نظر آتی ہیں ۔بھوک بہت کم لگتی ہے، کھانا بھی ہضم نہیں ہوتا اور قبض بھی رہتی ہے، ناف کا بھی مسئلہ ہے۔پائوں کی ہڈیوں میں درد رہتا ہے۔ کمر، پٹھوں میں بھی درد رہتا ہے، جسم تھکا تھکا رہتا ہے۔اس کے علاوہ پیشاب کی تکلیف ہے، پیشاب کرنے کے بعد بھی پیشاب کے دو تین قطرے نکل جاتے ہیں۔ قوت باہ کی کمی کا مسئلہ ہے۔میرا جسم گرم ہو جاتا ہے۔ ہاتھ اور پائوں بھی گرم ہو جاتے ہیں، پیٹ میں بھی گرمی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے میرے معدے میں بھی درد رہتا ہے۔ کبھی تو ایسا ہوتا ہے کہ عام دنوں میں بھی جب میں صبح سو کر اُٹھتا ہوں تو میرے دماغ میں ایک آواز سی آتی ہے، جیسے کوئی ہتھوڑی مار رہا ہو۔ آپ مہربانی فرما کہ میرے ان مسائل کا کوئی حل بتا دیں۔(ک‘خ،ہری پور)
مشورہ:آپ کا اصل مسئلہ کمزوری کا ہے جس وجہ سے ان مسائل سے دوچار ہیں۔ ہر قسم کی کمزوری کے لئے ایک بہت ہی آزمودہ اور مجرب نسخہ ہے ‘ چند ہفتے استعمال کر لیں۔آملہ مربہ تین عدد‘ کھجور تین عدد‘ کشمش یعنی سوگی چالیس عدد‘ باداموں کی گریاں چالیس عدد (دیسی بادام ہوں)‘ شہد ایک چمچ یا حسب ضرورت دودھ ایک سے دوکپ یا حسب ضرورت۔ رات کو ایک کپ پانی میں آملہ کی گٹھلیاں نکال کر کھجوریں بھی گٹھلیوں کے بغیر‘ کشمش اور بادام ‘ ان تمام اجزاء کو ایک کپ پانی میں بھگودیں ۔صبح اٹھ کر ایک کپ دودھ ڈال کر اس کو خوب شیک کریں ‘ شہد ڈال کر حسب ضرورت مزید دودھ اور پانی بھی ڈال سکتے ہیں ۔اس شیک کو گھونٹ گھونٹ چسکی چسکی پئیں ‘یکایک نہ پئیں۔ نوٹ: آپ حسب طبیعت آملہ ‘کھجور‘ کشمش بادام کی مقدار کم بھی کرسکتے ہیں ۔ دودھ اور پانی کی مقدار بھی اپنی طبیعت کے مطابق بڑھا اور کم کرسکتے ہیں۔ موسم سرما میں گرم پئیں اور موسم گرما میں تازہ یا بالکل ہلکا ٹھنڈا تیز ٹھنڈا نہ ہو۔
قبض کا مرض
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! مجھے قبض کا مرض ہے، ڈاکٹر سے علاج کروایا تو انہوں نے کچھ ادویات لکھ کر دیں۔میں جب تک وہ ادویات استعمال کرتا ہوں تو ٹھیک رہتا ہوں لیکن جس دن دوا کا ناغہ ہو جائے تو دوبارہ قبض کا مسئلہ بن جاتا ہے۔بھوک کی کمی کا مسئلہ بھی ہےاور مرض کی وجہ سے نیند بھی نہیں آتی۔ میں اور بیٹی آپ کا ’’عبقری‘‘ رسالہ اکثر پڑھتے ہیں جس میں آپ لوگوں کو ان کے مسائل کا حل بتاتے ہیں۔میری اس بیماری کا بھی کوئی علاج بتا دیں۔(محمد نواز،اوکاڑہ)
مشورہ:۔آپ اسپغول چھلکا دو چمچ‘ زیتون کا تیل ایک چمچ اور کلونجی ایک چٹکی‘ ان اجزاء کو آپس میں مکس کر کے کر صبح و شام پانی کے ہمراہ استعمال کریں‘ بے شمار امراض کا مجرب نسخہ ہے جن میں قبض اور معدے کے تمام امراض بھی شامل ہیں‘ مگرشرط یہ ہے کہ چند ہفتے مستقل یہ ٹوٹکہ استعمال کریں۔
بے اولادی کا مسئلہ
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم !میرا مسئلہ یہ ہے کہ میری شادی کو انیس سال ہو گئے ہیں پر میری اولاد نہیں ہے اور ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں تو کوئی کہتا ہے کہ میری رپورٹ خراب ہے اور کوئی کہتا ہے کہ میرے خاوند کی رپورٹ خراب ہے مگر میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے ماہواری نہیں آتی، سال ڈیڑھ سال بعد ماہواری آتی ہے ورنہ نہیں آتی۔اس کے علاوہ ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ میرےخاوند کے جراثیم کم ہیں۔ آپ ہمیں کوئی دوائی ‘ ٹوٹکہ اور کوئی وظیفہ بتاد یں تاکہ اللہ پاک ہمیں اولادِ نرینہ سے نوازدے۔ اللہ آپ کو اجرِ عظیم عطا فرمائے۔(نائلہ بی بی، ہری پور)
مشورہ :آپ ایام کی بے ترتیبی کے مسئلہ کے لئے عبقری دواخانہ کی دوا’’خاتون شفاء ‘‘ اور آپ کے شوہر عبقری کا’’بے اولادی کورس‘‘ کچھ عرصہ بروشر پر دی گئی ہدایات کے مطابق استعمال کریں۔اس کے علاوہ روزانہ عصر کی نماز کے بعد گیارہ مرتبہ سانس روک’’یَا رَحْمٰنُ‘‘ پڑھیں‘ فائدہ ہوگا۔ ان شاءاللہ
خون کی کمی
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو مزید عزت دے، میں اپنا ایک اہم مسئلہ لے کر حاضر ہوئی ہوں۔ میری عمر پچیس سال ہے لیکن کمزوری کی وجہ سے سترہ یا اٹھارہ سال کی لگتی ہوں۔ڈاکٹروں کے مطابق جسم میں خون کی کمی ہے جس وجہ سے جسمانی طور پر بہت زیادہ کمزور ہوں۔ میرا وزن بھی عمر کے لحاظ سے بہت کم ہے۔ میں اٹھارہ سال کی عمر تک تو ٹھیک تھی لیکن اس کے بعد یہ مسئلہ شروع ہوا‘ اب وزن نہیں بڑھ رہا جتنی اٹھارہ سال میں تھی اتنی ہی رہ گئی ہوں اور بھوک بہت کم لگتی ہے۔ دن با دن کمزور ہوتی جا رہی ہوں، تھوڑا سا کام کر کے تھک جاتی ہوں۔ تھوڑا سا کھانا کھاتی ہوں تو پیٹ بھر جاتا ہے۔ سکول میں ٹیچنگ کرتی ہوںاس دوران زیادہ کام کرنے کے سبب بریک ٹائم جسم ٹوٹا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ شدید دماغی تھکن کا شکار ہو جاتی ہوں اور پائوں گھسیٹ گھسیٹ کر گھر تک پہنچتی ہوں۔ میرے چہرے کا رنگ بھی بہت خراب ہوتا جا رہا ہے اور نسوانی حسن کی بھی شدید کمی ہے۔ مہربانی فرما کر مجھے دوائیوں کے ساتھ وظیفے بھی تجویز کریں۔(آصفہ بتول، گوجرخان)
مشورہ:آپ عبقری دواخانہ کی دوا ’’ خون افزاء ٹانک گولیاں اور نسوانی حسن شفاء تیل کا استعمال بروشر پر دی گئی ہدایات کے مطابق کچھ عرصہ مسلسل استعمال کریں‘ ان شاءاللہ آپ کے تمام طبی مسائل حل ہو جائیں گے۔