تلاش

چہرے پرداغ دھبے
میں نے وٹامن اے کی بہت زیادہ گولیاں استعمال کی ہیں،اس کا نقصان یہ ہوا ہے کہ اب میرے چہرے پر ایک بڑا سا داغ پڑ گیا ہے جو بہت بُرا لگتا ہے ‘ اس کا کوئی علاج بتا دیجئے۔(انعم‘لاہور)
مشورہ :ہر چیز کی زیادتی بُری ہے۔ آپ کی جلد کے لئےسب سے بہتر گھیگوار ہے، اس کا گودا صبح شام لگانے سے داغ آہستہ آہستہ کم ہوگا‘ اسی طرح گاجر کا ماسک بھی فائدہ دیتا ہے۔ پکا ہوا پپیتا بھی چہرے کو تازگی دیتا ہے۔ ایک ٹکڑا لے کر اسے باریک پیس لیں اور چہرے پر لیپ کریں۔ بیس منٹ بعد منہ دھو لیجیے۔ جو خواتین کام کرتی ہیں، انہیں شام کی تقریبات میں جانا ہو تو ککڑی کا ماسک لگائیں۔ ایک چمچ خشک دودھ انڈے میں ملا کر دو چمچے ککڑی پیس کر ملالیں، اسے لگانے سے چہرے کی تھکن دُور ہو جاتی ہے اسی طرح کھیرے کدوکش کر کے چند قطرے لیموں کا رَس ملا کر لگانے سے بھی چہرہ ہشاش بشاش ہو جاتا ہے۔ چند روز میں چہرے کے داغ دھبے کم ہو جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ آپ دودھ، پھل، سبزیاں غذا میں شامل کریں، مرغن غذا بالکل نہ کھایئے۔ آپ کے چہرے کے حسن میں اضافہ ہوگا۔
دل کی تیز دھڑکن
میری عمر پچیس سال ہے، چند ماہ سے مجھے عجب تکلیف لاحق ہے۔ دل کی دھڑکن اچانک بڑھ جاتی ہے۔ میری شادی بھی نہیں ہوئی، پیٹ بھی اکثر خراب رہتا ہے۔ میں غذا سے علاج کرنا چاہتی ہوں اس کیلئے کچھ بتایئے۔(شاہدہ‘سوات)
آپ ثقیل غذا سے پرہیز کریں۔ پھل، دودھ، تازہ سبزیوں کی سلاد، مونگ کی دال اور لسی غذا میں شامل کریں ۔امرود کی چاٹ بنا کر لیموں نچوڑ کر کھائیں۔ سونف اور خشک دھنیا ایک ایک چھٹانک صاف کر کے پیس لیں، ڈیڑھ چھٹانک شکر ملایئے، چینی نہیں۔ صبح، شام، دوپہر چھ گرام سفوف کھائیں اس سے پیٹ بھی ٹھیک ہوگا اور دل کی دھڑکن بھی صحیح رہے گی۔ صبح ایک دو دانے آملے کا مربا کھا لیجیے، دل کو تقویت ملے گی۔ معدے کا خاص خیال رکھیں کیونکہ معدہ ٹھیک تو سب کچھ ٹھیک ہے۔
پیشاب کی جلن
گرمی شروع ہوتے ہی مجھے پیشاب میں جلن کی شکایت ہو جاتی ہے بلکہ جلن کی وجہ سے پیشاب بھی بہت کم آتا ہے، پیاس بھی بہت لگتی ہے، دوا سے وقتی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔مجھے کوئی مسقل علاج بتائیے۔(نسرین خاور‘کراچی)
مشورہ :گرمی کے موسم میں سب کو پیاس لگتی ہے۔ ککڑی ایسے میں تسکین دیتی ہے، روزانہ دو ککڑیاں کھایئے، معدے کی گرمی دُور ہو کر ٹھنڈک کا احساس ہوگا۔ یہ دیرہضم ہوتی ہے لہٰذا چبا چبا کر نمک، کالی مرچ کے ساتھ کھایا جائے تو نقصان نہیں ہوتا، چھوٹی پتلی ککڑی خریدیئے، ہاتھ پائوں جلتے ہوں تو ککڑی کے ساتھ دو تین تازہ نرم کھجوریں کھا لیجیے اس سے بھرپور غذائیت ملے گی اور تکلیف بھی دُور ہوگی۔پرانے زمانے کی بوڑھی عورتیں بچوں کے بستر میں ککڑی کے لمبے لمبے ٹکڑے رکھ دیتی تھیں۔ اس سےبخار کی گرمی ککڑیاں جذب کر لیتیں اور بچے کو سکون مل جاتا ۔
چکنی جلد
میری جلد چکنی ہے ۔میں نے ایک جاننے والی خاتون سے رابطہ کیا ‘ انہوں نے مجھے کچھ کاسمیٹکس کریمیں لگانے کیلئے دیں اب ایسا لگتا ہے کہ مسام بند ہو گئے لیکن چکنائی بدستور قائم ہےاس کے لئے کوئی ٹوٹکہ بتائیے۔ نیز چہرہ صاف رہے اور مسام بھی کھل جائیں۔ (نازیہ زمان، پشاور)
مشورہ :آپ صابن کی بجائے بیسن سے منہ دھویا کریں اس سے چہرہ کی چکنائی ختم ہوگی۔کھیرا کدوکش کر کے آدھی چمچ عرق گلاب ملا لیں اور روئی کی مدد سے آہستہ آہستہ چہرے پر لگایئے‘چند منٹ بعد پانی اور روئی سے صاف کرلیں اور برف کچل کر اس کی چھوٹی سی پوٹلی بنا کر چہرے پرآہستہ آہستہ ملیں‘فالتو چکنائی دُور ہوگی۔ ایک چمچ چنے کی دال اور تین بادام تھوڑے سے پانی میں بھگویئے پھر اس کو پیس کر آدھی چمچی لیموں کا رَس ملا کر چہرے پر اچھی طرح لگایئے۔ خشک ہونے پر ہاتھ سے مل مل کر اُتاریں، منہ دھو لیجیے اور گلاب کا عرق چہرے پر لگایئے، تازگی محسوس ہوگی اور رنگ بھی صاف ہوگا۔ خواتین اور بالخصوص نوجوان لڑکیوں کو چاہیے کہ طرح طرح کی کریمیں اور لوشن ہرگزنہ لگائیں۔