محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! امید ہے آپ خیریت سے ہوں گے۔میں حکمت کے شعبہ سے وابستہ ہوں اور عبقری رسالہ بھی پڑھتا ہوں جس سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔اپنے تجربات قارئین کی خدمت میں تحریر کر رہا ہوں۔
کھانسی کا جان لیوا مرض
سردیوں کے دن تھے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ساتھ کھانسی اور دمہ کی شدت لوگوں کو پریشان کر رہی تھی۔ انہی دنوں ایک مریض میرے پاس آیا۔اس کی کھانسی اس قدر بڑھ چکی تھی کہ دمہ کی کیفیت جان لیوا محسوس ہو رہی تھی۔ سانس اٹکتا، کھانسی کا سلسلہ جب شروع ہوتا تو رکنے کا نام ہی نہ لیتا۔ انہوں نے مختلف علاج کرواکر دیکھ لئے تھے مگر شفاء نہ مل رہی تھی۔میں نے اس مریض کو تسلی کے بول دئیے اور ایک نسخہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
ھوالشافی :انجیر 10 دانے، منقیٰ 10 دانے، سبز الائچی 10 دانے، سیاہ مرچ 10 دانے، بنفشہ 1 تولہ، گاؤزبان 1 تولہ، بہی دانہ 1 تولہ، اور حب الرشاد 1 تولہ۔
میں نے اس سے کہا کہ ان سب اجزاء کو اچھی طرح دھو کر ڈیڑھ لیٹر پانی میں ڈال دیں۔ دس منٹ ہلکی آنچ پر پکائیں اور چھان لیں۔اس جوشاندہ کے دو سے تین گھونٹ دن میں تین سے چار بار پئیں۔ اگر جلد تاثیر چاہتے ہیں تو وقفہ وقفہ سے جب بھی ایک کپ گرم پانی میں ایک چمچ شہد ملا کر اس جوشاندہ کا سفوف ایک چمچ اس میں شامل کر لیں۔
مریض نے نسخہ استعمال کرنا شروع کیا۔ چند دن ہی گزرے تھےکہ اس کی کیفیت حیران کن طور پر بدلنے لگی۔ کھانسی میں کمی، سانس کی تکلیف میں آسانی،اور دمہ کی شدت کم ہونا شروع ہو گئی ۔آہستہ آہستہ صحت بحال ہونا شروع ہو گئی ۔ چند دن بعد وہ مریض دوبارہ ملا اور کہنے لگا:
حکیم صاحب! یہ جوشاندہ تو میرے لیے شفاء کا ذریعہ بن گیا۔ راتوں کی بے چینی ختم ہو گئی۔ نیند بہتر ہو گئی۔ اب سانس اٹکتا بھی نہیں ہے۔
میں نے انہیں بتایا کہ یہ جوشاندہ اللہ کے فضل سے دمہ اور کھانسی میں اس لیے مؤثر ہے کہ اس میں کوئی نشہ آور، نیند لانے والی یا کھانسی کو دبانے والی چیز شامل نہیں۔ یہ کھانسی کو دبانے کے بجائے جڑ سے ختم کرتا ہے۔واقعی، میں نے دیکھا کہ یہ نسخہ ہر مریض کے لیے فائدہ مند ثابت ہوااور خاص طور پر سردیوں میں کھانسی اور دمہ کے مریضوں کے لیے یہ نسخہ ایک نعمت سے کم نہیں۔
دمہ سے نجات کا مکمل علاج
کچھ عرصہ پہلے ایک صاحب شدید دمہ کے مرض میں مبتلا تھے۔ دن رات کھانسی اور سانس کی تکلیف نے جینا دوبھر کر رکھا تھا۔ دوائیاں کھاتے کھاتے تنگ آچکے تھے، لیکن افاقہ نہیں مل رہا تھا۔ایک دن جب ملاقات ہوئی تو انہیں ایک سادہ سا نسخہ بتایا۔
ھوالشافی :! نہار منہ اور دن میں تین سے پانچ مرتبہ ابلتے ہوئے پانی میں ایک بڑا چمچ خالص شہد ڈال کر ایسے پئیں جیسے چائے پیتے ہیں، یعنی گرم گرم اور گھونٹ گھونٹ۔ پھر رات کو سوتے وقت ایک بڑا چمچ زیتون کا تیل پی لیا کرو۔ لیکن دھیان رکھنا یہ تیل خالص ہو۔ اس کےعلاوہ ہر کھانے کے بعد تین دانے خشک انجیر ضرور کھا ئیں۔
وہ صاحب حیران بھی ہوئے اور کچھ مطمئن بھی۔ نسخہ آسان تھا، سو عمل شروع کردیا۔ چند دن گزرے تو دمہ کی شدت کم ہونے لگی۔ سانس کھلنے لگا، کھانسی کی شدت میں واضح کمی آئی اور نیند سکون سے آنے لگی۔ وہ مجھ سےکہنے لگے: حکیم صاحب میں نے بڑی بڑی دوائیں کھائیں لیکن جو سکون اور شفا مجھے شہد، زیتون کے تیل اور انجیر کے اس نسخے سے ملا وہ کہیں اور نہیں ملا۔ یہ واقعی دمہ کے مریضوں کے لیے اللہ کی عطا کردہ قدرتی شفا ہے۔