تلاش

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میرے بہت سے روحانی تجربا ت ہیں جو میں نے عبقری سے ہی حاصل کئے ہیں۔میں اپنے تجربات وقتاً فوقتاً عبقری رسالہ کے لئے لکھ کر بھیجتی رہتی ہوں تاکہ جو خیریں اور برکات میں نے سمیٹیں ہیں باقی لوگ بھی میری طرح اس سے مستفید ہوں۔آج بھی میرے چند مشاہدات عبقری رسالہ کے لئے حاضر ہیں۔
عید کا دن قریب اور بچےٍ نئے کپڑوں سے محروم
عید کے دن قریب تھے اور گھر میں بچوں کے لئے نئے کپڑوں وغیرہ کا کوئی انتظام نہ تھا۔کسی بھی ماں کیلئے یہ بات ناقابل قبول ہوتی ہے کہ ان پر مسرت خوشی کے دن کے موقع پر اس کے بچے نئے کپڑوں سے محروم ہوں۔مجھے سارا دن یہ فکر کھائے جا رہی تھی کہ عید کے پر مسرت موقع پرجب تمام بچے نئے کپڑے اور جوتے پہنے ہوں گے تومیرے بچوں کا ان کو دیکھ کر دل للچائے گا۔عید بہت قریب تھی اور میں اندر سے اپنے بچوں کی اس محرومی پر ٹوٹ چکی تھی ۔میںاللہ سے فریاد کر رہی تھی کہ یا اللہ کوئی ایسا سبب عطا فرما کہ میرے بچوں کے لئے بھی غیب سے یہ سارا انتظام ہو جائے ۔میرے بچے بھی دوسرے بچوں کی طرح نئے کپڑوں کے جوڑے پہنیں اور دوسرے بچوں کی طرح وہ بھی عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوں نا کہ دوسرے بچوں کو دیکھ کر احساس کمتری کا شکار ہوں۔مگر مجھے کہیں سے بھی کوئی ظاہری اسباب نظر نہیں آرہے تھے۔مجھے دن رات یہی فکر لگی تھی کہ اچانک مجھے ایک عمل یاد آیا‘ میں نے عبقری رسالہ میں پڑھا تھا کہ جب بھی کوئی حاجت ہو تو70منٹ تک مسلسل استغفراللہ العظیم پڑھیں اور پھر اللہ سے اپنی حاجت مانگیں۔میں نے پورے یقین کے ساتھ یہ عمل کیا اور اللہ پاک نے دو دن میں ہی غیب سے ایسے اسباب عطا فرمائے کہ میرے سارے بچوں کی عید کی شاپنگ ہو گئی جو کہ مجھے نا ممکن نظر آرہی تھی۔میرے بچے بھی خوش ہو گئے اور میرا دل بھی ٹھنڈا ہو گیا ۔یہ سب استغفار والے عمل کی برکت سے ہوا جو مجھے اس سے پہلے نا ممکن نظر آرہا تھا۔
کمزور معاشی حالات اور خوشیوں کا پروانہ
اس کے علاوہ ایک بار گھر کے معاشی حالات بہت نازک تھے۔میرے پاس کوئی روزگار کا ذریعہ بھی موجود نہ تھا۔میں نے بہت سی جگہوںپر نوکری کے لئے درخواست دے رکھی تھی مگر کہیں سے کوئی بھی مثبت جواب نہ آیا اور نہ ہی کہیں نوکری کی بات پکی ہو سکی۔اگر مزید دن تک کوئی روزگار کا ذریعہ میسر نہ آتا تو بات فاقوں تک پہنچ جاتی۔میں نے ان مشکل حالات کا تصور کرتے ہوئے حٰمٓ لاَیُنْصَرُوْن لاتعداد پڑھنا شروع کر دیا اور یہی ذکر کرتے ہوئے دل ہی دل میں اللہ سے دعا کرنا شروع کر دی۔مجھے پورا یقین تھا کہ اللہ پاک اپنے اس با برکت کلام کی وجہ سے میری فریاد ضرور سنے گا اور میری یہ مشکل ضروع حل ہو گی۔میں سارا دن یقین کی کیفیات اور توجہ کے ساتھ حٰمٓ لَایُنْصَرُوْنَ پڑھ  رہی تھی ۔مجھے ابھی حٰمٓ لَایُنْصَرُوْنَ پڑھتے ہوئے تھوڑا ہی وقت ہوا تھا کہ مجھے ایک جگہ سے نوکری کیلئے کال آگئی اور میرا مسئلہ حل ہو گیا۔اس عمل کے میںنے اور بھی بہت سے کمالات دیکھے ہیں۔جب بھی کبھی مشکل میں پریشانی کی صورت میں اس وظیفہ کو پڑھا ہے اللہ پاک نے اس مشکل اور مصیبت کو ٹال دیا ہے۔اللہ کا یہ خاص کرم ہے کہ اس دور میں بھی آپ جیسے لوگ موجود ہیں جو قرآنی اور مسنون اعمال سے ہمارے مسائل کا حل دے رہے ہیں۔(کرن ربانی‘ گوجرانوالہ)