قرض کی ادائیگی
حضرت فضیل بن فضالہؒ نے فرماتے ہیں کہ زندگی میں کچھ ایسے حالات پیش آئے کہ میں مقروض ہو گیا، قرض سے نجات کے لئےاللہ کے آگے گریہ و و زاری کے علاوہ یہ دعا مسلسل پڑھتا رہتا تھا ’’یَاذَاالْجَلَالِ وَالْاِکْرَامِ بِحُرْمَتَہٖ وَجْھِکَ الْکَرِیْمُ اَقْرَض عَنِّیْ دِیْنِیْ‘‘۔
’’ترجمہ :اے ذوالجلال والاکرام! اپنے وجہِ کریم کی حرمت سے میرا قرض ادا کرنے کے اسباب پیدا کر‘‘۔اللہ تعالیٰ نے ایسے اسباب عطا فرمائے کہ قرض سے نجات مل گئی۔
گھریلو الجھنوں کا حل
گھریلو پریشانیاں، بیماریاں، ملازمت کے مسائل کے لئے مجرب عمل ہے۔ کسی بھی قسم کی پریشانی ‘بیماری‘ گھریلو الجھنوں سے نجات اور قلبی سکون حاصل کرنے کیلئے نمازوں کی پابندی کریں، چلتے پھرتے، اُٹھتے بیٹھتے، وضو بے وضو ہزاروں کی تعداد میں ’’یَااَللّٰہُ یَارَحْمٰنُ یَارَحِیْمُ‘‘ پڑھتے رہیں۔ چوبیس گھنٹے میں کم از کم آدھا گھنٹہ درود شریف پڑھیں ’’صَلَی اللہُ عَلٰی مُحَمَّدٍ صَلَی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلِّمْ‘‘جو کام شروع کریں، بسم اللہ سے شروع کریں، ہر نماز کے بعد ساٹھ مرتبہ ’’بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ پڑھ لیا کریں۔ عصر کی نماز کے بعد سورۃ المجادلہ (پارہ 30) ایک مرتبہ پڑھ کر پانی پر دَم کر کے پی لیں، ان شاء اللہ! تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ مستقل مزاجی اور یقین شرط ہے۔
ہر قسم کی پیٹ کی خرابی دُور
حضور نبی کریمﷺ کا فرمانِ عالیشان ہے،’’ شہد شفا ہے‘‘۔ شہد معدہ کیلئے بہترین دوا ہے۔ ایک نسخہ حاضر ہے۔ ھوالشافی:تلسی کا رس پنساری کی دُکان سے لے کر اُس میں ایک چمچ شہد ملا لیں۔ گیارہ دن تک ہر نماز کے بعد سات مرتبہ سورۃ الفاتحہ پڑھ کراس شہد پر دَم کریں اورایک چمچ روزانہ استعمال کریں۔اس کے علاوہ پیٹ درد سے نجات کیلئے ہر نماز کے بعد سورۃ المرسلات کی آیت نمبر 43اور 44 تین بار پانی پر دَم کر کے پی لیں۔ مریض خودیا کوئی بھی فردپڑھ کر پلا دے، ان شاء اللہ جلد شفایابی نصیب ہوگی۔دونوں میں سے کوئی بھی عمل جو آسان لگے کر لیں۔
ناجائز قبضہ سے نجات
کسی نے آپ کے مکان، جائیداد، زمین پر ناجائز قبضہ کر لیا ہو تو آپ ہر نماز کے بعداِنَّا لِلٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ساٹھ مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ان شاءاللہ تعالیٰ غیبی نظام متوجہ ہو گا اور ناجائز قابضین سے خلاصی نصیب ہو گی۔لیکن یاد رہے کہ یہ عمل کرنے کے لئے نمازِ پنجگانہ کی پابندی کا ضروراہتمام کریں۔
رشتے کا مسئلہ حل
اگر کسی کی شادی میں رکاوٹ ہو اور شادی نہ ہو رہی ہو تو اسے چاہیے کہ فرض نمازوں کی پابندی کرے اور ہر نماز کے بعد اپنے مقصد کے حصول کے لئے ساٹھ مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھ کر دعا کریں‘ اس یقین کے ساتھ کہ اللہ کے نام کی برکت اور فرض نمازوں کے بعد دعائیں مانگنے سے قبول ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ رات بعد نماز عشاء ساٹھ مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھنے کے بعد چالیس مرتبہ سورۃ الاخلاص چالیس دن تک پڑھیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرے، ان شاء اللہ جلد مناسب رشتہ نصیب ہو گا اور شادی کے اسباب بن جائیں گے۔