میں ایک سکول ٹیچر ہوں، تقریباً دو سال ہوئے عبقری رسالہ پڑھ رہی ہوں۔ہمارے سکول میں ایک دوسری ٹیچر یہ رسالہ شوق سے پڑھتی تھیں انہیں دیکھ کر عبقری رسالہ پڑھنے کاشوق پیدا ہوا۔ آپ کے رسالہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ جب سے رسالہ پڑھنا شروع کیافرض نمازوں کے ساتھ نوافل بھی پابندی سے ادا کر رہی ہوں۔گزشتہ شمارے میں استخارہ سے متعلق تحریر پڑھی تو اس ضمن میں اپنا ذاتی مشاہدہ لکھنے کا فیصلہ کیا۔یہ استخارہ میرا بارہا کا آزمودہ ہے۔میرے شوہر نے بیرون ملک جانے کی کوشش کی،لیکن پریشانی بھی تھی کہ یہ فیصلہ بہتر ہو گا یا نہیں۔ میں نے استخارہ کیا تومجھے اللہ نے خواب میں نئی گاڑی دِکھائی جسے میرے شوہر چلا رہے تھے۔ ہم سب ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں، بہت سرسبز و شاداب علاقہ تھا۔ میں نے اللہ سے مشورہ مانگا اللہ نے راستہ کھول دیا‘ استخارے کے مطابق شوہر نے باہر جانے کا فیصلہ کر لیا۔وہ بیرون ملک چلے گئے‘اچھی نوکری مل گئی۔ اللہ نے مجھے بالکل ویسی ہی گاڑی جلد دے دی جو خواب میںدیکھی تھی۔ اب وہی گاڑی میرے شوہر چلا رہے ہیں۔ استخارے کا طریقہ: نمازِ عشاء کے بعد دو نفل نمازِ استخارہ کے پڑھتی ہوں۔ پہلی رکعت میں الحمد کے بعد سورۃ الکافرون اور دوسری رکعت میں الحمد کے بعد سورۃ الاخلاص پڑھتی ہوں اس کے بعداوّل و آخر کوئی بھی درود پاک ایک مرتبہ‘ پھر ایک بار دعائے استخارہ(نماز اورمسنون دعائوں کی کتابوں میں مل جاتی ہے) پڑھ کر کسی سے بات کیے بغیر دائیں کروٹ سو جاتی ہوں۔ خواب میں کام کا ہونا یا نہ ہونے کا واضح اشارہ مل جاتا ہے۔نوٹ:قارئین اگر آپ کے پاس بھی استخارے کے کسی عمل کا مشاہدہ ہے تو ضرور لکھ کر بھیجیں۔