محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! اللہ سے اُمید ہے کہ حضرت صاحب اور ان کی پوری ٹیم اللہ کی عافیت میں ہوں گے اور دعا ہے کہ اللہ سدا اپنی عافیت اور حفاظت میں رکھے۔ آپ کے اس ادارہ عبقری کو مستقل کامیابیاں اور کامرانیاں نصیب کرے۔ اللہ آپ کی اور عبقری کے معاونین کی نسلوں کو سدا سلامت اور خوش رکھے‘آمین۔
میں اپنے باپ دادا سے حکمت کے شعبہ سے وابستہ ہوں۔میرے پاس خواتین کے پوشیدہ مرض لیکوریا سے متعلق نسخہ ہے جو مجھے اپنے والد صاحب سے ملا تھا۔اس نسخے کو گزشتہ 80 سال سے ہم استعمال کروا رہے ہیں۔یہ ہمارا مشہور خاندانی نسخہ ہے۔اگر کوئی بھی خاتون جو لیکوریا کے مرض میں مبتلا ہو‘مرض کتنا ہی پرانا اور شدید ہو‘بس ہمارا یہ نسخہ استعمال کر لے‘ان شاءاللہ لیکوریا کے مرض سے جلد ہی شفاء نصیب ہو گی۔ادویات ‘ طرح طرح کی احتیاط اور پریشانیوں سے نجات مل جائے گی۔اب تک بے شمار لوگ ہمارے اس نسخہ سے مستفید ہو چکے ہیں۔میں یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جو عورت بھی اس مرض میں مبتلا ہو وہ ہمارا یہ خاندانی نسخہ استعمال کر لے‘ ان شاءاللہ اس نامراد بیماری سے مکمل نجات مل جائے گی۔نسخہ درج ذیل ہے۔
ھوالشافی:پھٹکڑی سفید بریاں 50 گرام، مکئی کا آٹا 30 گرام، چھوٹی الائچی دانہ 10 گرام ۔ان تمام اجزاء کو آپس میں ملا کرچنے کے برابر گولی بنا لیں اور صبح و شام سات دن تک مسلسل استعمال کریں، ان شاء اللہ شفاء ہو گی۔ میرے پاس اس نسخہ کے بے شمار واقعات ہیں جو لکھنے بیٹھوں تو کتاب بن جائے مگر یہاں صرف مختصر اتنا کہنا چاہوں گا کہ یہ نسخہ ہمارے مطب کے کامیاب ہونے اور مشہور ہونے کا بنیادی راز ہے جسے آج عبقری میں افشاں کر دیا ہے۔