محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!میں گزشتہ چند سالوں سے عبقری رسالہ پڑھ رہی ہوں اور اس میں شائع ہونے والےمختلف ٹوٹکوں سے بہت زیادہ مستفید ہو رہی ہوں۔جو ٹوٹکہ بھی آزماتی ہوں اسے اپنے جاننے والے احباب کو بھی بتاتی ہوں جس سے انہیں بھی فائدہ ہوتا ہے اور ان کی بیماریاں ختم ہوتی ہیں ‘شفاء نصیب ہو تی ہے۔ معدے کے السر کی بیماری سے متعلق اپنا آزمودہ مشاہدہ تحریر کر رہی ہوں جو مجھے ایک دوست سے ملا تھا۔
معدے کا السر ایک ایسی بیماری ہے جس میں آپ کے معدے، چھوٹی آنت یا غذائی نالی کی اندرونی تہہ پر زخم بن جاتا ہے۔اس مرض کی صورت میں اکثر پیٹ میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ درد اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ کھانے پینے کے معمولات کو بھی بری طرح متاثر کر تا ہے۔اس مرض سے پریشان لوگ مختلف ادویات کا استعمال کرتے ہیں مگر بعض لوگ اس کے باوجود بھی شفایاب نہیں ہو پاتے اور اکثر ادویات کے عادی بن جاتے ہیں۔اس مرض سے چٹکارے کے لئے آسان ٹوٹکہ پیش کر رہی ہوں جو آپ گھر میں بیٹھے خود تیار کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔اگر کسی کے معدے کا منہ کسی بھی وجہ سے بند ہو جائے، معدے کا السر ہو، بدہضمی ہو، معدہ خراب رہتا ہو تو یہ لاجواب ٹوٹکہ اور نسخہ کچھ عرصہ مسلسل استعمال کر لیں‘ ان شاءاللہ شفاء نصیب ہو گی۔نسخہ کا طریقہ یہ ہے۔ پیاز کو چھیل کر کاٹ کر دھولیں۔ جتنا پیاز لینا چاہتے ہیں اُس کے ہم وزن انار دانہ دھو کر صاف کر کے کونڈی میں دونوں اکٹھے کوٹ کر ان کی چٹنی بنالیں۔ اس چٹنی کو تھوڑے سے اُبلے ہوئے چاولوں پر ڈال کر کھالیں۔اس نسخہ کو ایک ہی بار استعمال کرنے کے ایک گھنٹے کے بعد آپ ہلکا پھلکا اورتازہ دم محسوس کریں گے۔چاولوں کےعلاوہ بھی عام حالات میں ہر کھانے کے ساتھ ایک سے آدھا چمچ حسب طبیعت استعمال کر سکتے ہیں۔ میں نے یہ نسخہ بہت لوگوں کو بتایا ‘جس نے بھی یہ نسخہ مذکورہ بیماری کے لئے استعمال کیا اسے شفاء ملی ۔