ازدواجی زندگی میں ایسے مراحل آتے ہیں جس میں شادی شدہ جوڑے کو تلخ پہلوئوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔بعض لوگ اپنی ازدواجی زندگی کے ان تلخ پہلوئوں سے چھٹکارے کی وجہ سے علیحدگی اختیار کر لیتے ہیں۔آئیے ان تلخ پہلوئوں اور ان سے چھٹکارا پانے کے کچھ نکات کا جائزہ لیتے ہیں۔
اعتماد کی کمی
بعض میاں بیوی کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ایک دوسرے پر اعتماد نہیں کرتے، یہ منفی رویہ جیون ساتھی کی نظر میں کوئی خاص مقام حاصل کرنے سے قاصر ہوتا ہے۔ ویسے بھی اپنے جیون ساتھی پر اعتماد یا اعتبار نہ کرنا خود پر اعتبار نہ کرنے کے برابر ہے۔اس سلسلے میں ضروری ہے کہ جس انسان کے ساتھ آپ نے زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے اس پر بھر پور اعتماد کیا جائے اور نہ ہی کوئی ایسا موقع فراہم کیا جائے جس سے آپ کے جیون ساتھی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچے۔
میاں بیوی کی ذاتی انا اور ضد
اکثر شادی شدہ جوڑے اپنی انا کی وجہ سے اپنی شادی شدہ زندگی کو برباد کر لیتے ہیں۔اپنی ضد اور انا کی خاطر اپنے جیون ساتھی کے ساتھ سخت رویہ برتتے ہیں جس کا نتیجہ بالآخر طلاق کی حد تک پہنچ جاتا ہے، ناجائز ضد اور خودغرض انا ازدواجی زندگی کو کانٹوں سے بھر دیتی ہے۔ حاکمانہ اور جارحانہ رویہ ازدواجی زندگی کی تلخیوں کو بڑھا دیتا ہے اگر جیون ساتھی سےبہتر سلوک کریں تو آپ ایک کامیاب ازدواجی زندگی گزاریں گے۔ ذاتی انا کو ترک کردیں‘اپنے رویے میں لچک اور رواداری کا مظاہرہ کریں۔
شوق اور خواہش کا تضاد
میاں بیوی کے تعلقات میں خلل پیدا کرنے والی ایک اور اہم وجہ ایک دوسرے کے مختلف شوق اور خواہشات ہیں جن کی وجہ سے لڑائی جھگڑے جنم لیتے ہیں۔اس کے سد باب کے لئے دونوں اطراف سےصبر تحمل اور ایک دوسرے کی خواہش کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے۔اگر کسی معاملے میں اختلاف پیدا ہو تو افہام و تفہیم سے مسئلہ کو حل کر لیں۔
بہت زیادہ توقعات
ایک دوسرے سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کرنا بھی اختلافات کو جنم دیتا ہے۔ خاص طور پر اگر یہ توقعات اور اُمیدیں پوری نہ ہوں تو دِلوں میں کدورتیں پیدا ہو جاتی ہیں۔جن میاں بیوی میں ایک دوسرے کو برداشت کرنے، ایک دوسرے کا مؤقف سننے کی سکت نہ ہو وہ جوڑا کبھی کامیاب ازدواجی زندگی سے لطف اندوز نہیں ہو سکتا۔اپنے جیون ساتھی سے بے جا توقعات رکھنے سےگریز کریں‘ایک دوسرے کی بات کو صبر وتحمل اور خندہ پیشانی کے ساتھ سنیں۔
کامیاب ازدواجی زندگی کا اہم راز
یہ وہ تمام وجوہات ہیں جو کسی بھی شادی کے ٹوٹنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ شاید ہی کسی کی ازدواجی زندگی اختلافات سے خالی ہو بلکہ ہر شادی شدہ زندگی میں اچھے اور ناگوار معاملات پیش آتے رہتے ہیں کیونکہ مرد اور عورت میں قدرتی طور پر اختلاف پائے جاتے ہیں ویسے بھی ہر انسان میں اچھائی اور بُرائی موجود ہوتی ہے۔
یاد رکھیے شادی کی کامیابی کیلئے سب سے اہم چیز آپس کا رابطہ اور رواداری ہے جس کی بدولت رشتے میں خودبخود اعتماد، ہم آہنگی، دوستی اور خلوص پیدا ہو جاتا ہے۔ ایک دوسرے پر الزام لگانے کی بجائے مسائل کا حل تلاش کرنے پر زور دیں۔ سب سے بڑھ کر غیرمشروط محبت کریں۔ اپنے جیون ساتھی کو عزت و احترام دیں تاکہ گھریلو ماحول پُرسکون اور خوشگوار رہے۔ ایک قول کافی مشہور ہے کہ کوئی ماہر نفسیات کسی تجویز کیلئے آپ سے جو پیسے لے گا اس سے کہیں اچھی تجویز آپ کا جیون ساتھی آپ کو مفت دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اس لیے اپنے شریک حیات کو عزت، اعتماد اور اہمیت دیں اور اپنی ازدواجی زندگی کو خوشیوں سے بھرلیں۔